Vinkmag ad

ہربل چائے کی مشہور اقسام

چائے کا کوئی خاص موسم نہیں بلکہ یہ ہر موسم میں بھاتی ہے۔ اس کے باوجود موسم سرما اور چائے کا آپس میں ایک خاص تعلق ہے۔اس کی وجہ اس مشروب کی بدولت جسم میں پیدا ہونے والی حرارت ہے۔ یہ سردیوں کی منجمد کر دینے والی ہواؤں میں بھی ہمیں گرم اور متحرک رکھتی ہے۔

چائے میں موجود اجزاء سرد موسم کی شدت سے لڑنے کی قوت فراہم کرتے اور ذہنی صلاحیتوں میں اضافے کا موجب بھی بنتے ہیں۔ہربل چائے یا قہوہ زیادہ فائدہ مند ہے جو جڑی بوٹیوں، پھلوں کی کلیوں، پھولوں یا مسالہ جات سے تیار کیا جاتا ہے۔ اسے سبز چائے یا قہوہ کا نام بھی دیا جاتا ہے۔

ہربل چائے کے فوائد

ہربل چائے کے فوائد کا دارومدار ان اجزاء پر ہے جو اس کی تیاری میں استعمال ہوتے ہیں۔ عمومی طور پر ہربل چائے میں پولی فینول (Polyphenol)، اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامنز کی اچھی مقدار شامل ہوتی ہے۔ ہربل چائے نظام انہضام ‘وزن گھٹانے‘ شوگر‘ ہائی بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں میں فائدہ مند ہے۔

ہربل چائے کی مشہور اقسام

بابونہ کی چائے

بابونہ کی چائے بے خوابی اور ذہنی تھکان دور کرنے کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ اس میں پایا جانے والا ایک بے رنگ امینو ایسڈ ٹرائپوفان دماغ کو سکون پہنچاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ چائے جراثیم کش خصوصیات کی حامل ہے۔ یہ مخصوص ایام کی بہت سی تکالیف سے نجات دیتی ہے۔

 بابونہ کی چائے-شفانیوز

پودینے کی چائے

گرمیوں میں بہت سے لوگوں کو معدہ خراب ہونے کی شکایت ہوتی ہے۔ اسی طرح افطاری کے بعد کچھ لوگوں کو پیٹ میں اپھارہ محسوس ہوتا ہے۔ اگر وہ پودینے کی چائے کو معمول میں شامل کر لیں تو انہیں بہت فائدہ ہوگا۔ ہاضمے کے مسائل دور کرنے کے علاوہ یہ وائرس اور بیکٹیریا کے حملوں سے بھی بچاتی ہے۔

ادرک کی چائے

ادرک کی چائے یا قہوہ متلی دور کرنے کے لئے بہترین ہے۔ حاملہ خواتین اور کینسر کے مریضوں کو اس کی شکایت زیادہ ہوتی ہے۔ انہیں چاہئے کہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔ مزید برآں یہ چائے بدہضمی‘ پیٹ کی تکالیف، ایام کے دوران ہونے والے درد اور قبض کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔

گل خیرو کی چائے

گلِ خیرو نامی پودے کے پھولوں سے بنی چائے اینٹی وائرل خصوصیات رکھتی ہے۔ یہ ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو بھی کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ پیشاب آور ادویات لینے والے افراد یہ چائے پینے سے گریز کریں۔ اگر آپ نے کسی وجہ سے اسپرین لی ہو تو اسے کھانے کے تین سے چارگھنٹے بعد یہ چائے پینی چاہئے۔

گل خیرو کی چائے-شفانیوز

دارچینی کی چائے

دارچینی بدہضمی اور اسہال میں مفید ہونے کے علاوہ خون میں گلوکوز کی مقدار کو برابر رکھتی ہے۔ اس کی چائے جسمانی درد اور چھاتی میں جکڑن کو دور کرنے کے علاوہ ذہنی صلاحیت کو بھی بہتر کرتی ہے۔

سونف کی چائے

زمانہ قدیم سے سونف کا استعمال مختلف کھانوں کی تیاری میں چلا آرہا ہے۔ سونف کی چائے دودھ پلانے والی ماؤں کے لئے بہت مفید ہے۔ اگر کسی کے جگر، پتے یا تلی میں پتھری ہو تو سونف کی چائے کا استعمال نہایت مفید ہے۔ روایتی طب کے مطابق یہ پتھری کے اخراج میں مدد دیتی ہے۔

سونف میں قدرتی طور پر پیشاب آور اجزاء پائے جاتے ہیں جو گردوں کی صفائی میں معاون ہیں۔ اس میں ایسٹروجن کی موجودگی مخصوص ایام کے عمل کو درست رکھتی ہے۔

جنسنگ چائے

جنسینگ پودے کی جڑوں سے بننے والی یہ چائے سب سے پہلے کوریا میں تیار ہوئی۔ یہ بلڈ شوگرکو اعتدال میں رکھنے، تھکان ختم کرنے اور مردانہ کمزوری دور کرنے کے لئے مفید ہے۔

لیمن گراس چائے

یہ چونکہ نظام انہضام کو درست رکھتی ہے لہٰذا قدیم زمانے سے اس سے کھانے کے بعد پیش کیاجا رہا ہے۔ یہ جسم سے فاسد مادوں کو خارج کرنے‘ بلڈ پریشر کنٹرول کرنے اور وزن گھٹانے میں مددگار پائی گئی ہے۔

سبز چائے

سبز چائے‘چائے کی اُن پتیوں سے بنتی ہے جنہیں آکسیڈیشن کے مرحلے سے نہیں گزارا گیا ہوتا۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس نظام انہضام کو درست رکھتے ہیں۔

گلاب کی پتیوں کی چائے

تازہ گلاب کے ڈوڈے میں وافر مقدار میں وٹامن سی پایا جاتا ہے۔ اس کے فوائد میں جسمانی سوزش کم کرنا، دل کی بیماریوں سے محفوظ رکھنا اور جسم کے مدافعتی نظام کو تقویت بخشنا شامل ہے۔

مذکورہ بالا چائے گھر میں باآسانی تیار کی جا سکتی ہے۔ رسم دنیا بھی ہے‘ موقع بھی اور دستور بھی لہٰذا ہربل ٹی بنائیے اورخود کو اور اپنے پیاروں کو موسم سرما کے مضر اثرات سے محفوظ رکھ کر اس موسم سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوں۔

chamomile tea, Hibiscus tea, Ginseng tea, types of herbal tea, herbal tea benefits, rose tea, green tea, lemon grass tea, herbal chaye k faiday, shifanews, health

Vinkmag ad

Read Previous

بینگن کا رائتہ

Read Next

بچے کی پہلی ٹھوس غذا کیا ہونی چاہئے

Leave a Reply

Most Popular