Vinkmag ad

آنکھوں میں ککرے

آنکھوں میں ککرے-شفانیوز

آنکھوں کی صفائی اور دیکھ بھال نہ کی جائے تو آنکھوں میں ککرے پڑنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ ایک متعدی مرض ہے جو ایک بیکٹیریم (Chlamydia trachomatis) کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ بیکٹیریا آنکھ کے حساس حصے کورنیا اور آنکھ کے سفید پردے (conjunctiva) کو نشانہ بناتا ہے۔ اس سے پپوٹے میں چھوٹے چھوٹے دانے بن جاتے ہیں۔

مرض کی وجوہات

٭ ایسے علاقوں میں رہائش پذیر ہونا جہاں گندگی زیادہ ہو یا باتھ روم کی سہولت موجود نہ ہو۔

٭ اس مرض سے متاثرہ شخص کا تولیہ، رومال یا کپڑے استعمال کرنا۔ اس کے ہاتھوں، آنکھوں یا تھوک کو چھونا یا اس کے استعمال شدہ برتن میں کھانا کھانا۔

٭ اردگرد کے ماحول میں مکھیاں ہونا۔

٭ مویشیوں کے ساتھ ایک جگہ پر رہنا۔

بیماری کے مراحل

پہلے مرحلے میں اس مرض کا باعث بننے والا جرثومہ آنکھ میں جا کر اس کے حساس حصوں میں انفیکشن کا سبب بنتا ہے۔ اس کی وجہ سے پپوٹوں کی اندرونی سطح کھردری اور ناہموار ہو جاتی ہے۔ نتیجتاً آنکھ میں شدید درد ہوتا ہے، وہ سرخ ہو جاتی ہے، پلکیں آنکھوں کی طرف مڑ کر تکلیف دیتی ہیں اور بعض اوقات آنکھ کے نرم حصے پھٹ بھی جاتے ہیں۔ تیز روشنی سے حساسیت، دھڑکن میں تیزی اور آنکھوں سے مواد خارج ہونے کی علامات بھی سامنے آتی ہیں۔

دوسرے مرحلے میں زخم بھرتے ہیں اور اپنی جگہ پر سخت ہو کر بینائی کھونے کا باعث بنتے ہیں۔

تشخیصی ٹیسٹ اور علاج

مرض کی علامات کو دیکھتے ہوئے ماہر امراض چشم کچھ ٹیسٹ کرتے ہیں۔ اس کے لیے کورنیا کے ٹشو کا خوردبینی معائنہ کیا جاتا ہے تاکہ اس بیماری سے آنکھ کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگایا جا سکے۔ اس کا علاج ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات کا استعمال ہے۔ بعض صورتوں میں آپریشن بھی کیا جاتا ہے۔

بچاؤ کی تدابیر 

ان احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے اس بیماری سے محفوظ رہا جا سکتا ہے:

٭ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔

٭ باتھ روم کی صفائی کو ہرگز نظرانداز نہ کریں۔

٭ بچوں کے چہرے، ہاتھ اور کھیلنے کی جگہ کو گندگی سے پاک رکھیں۔

٭ مرض کے شکار فرد سے باقی افراد، خصوصاً بچوں کو براہ راست نہ ملنے دیں۔ ان سے ہاتھ ملایا ہو تو صابن سے ہاتھ دھوئیں۔

٭ پلکوں کے نیچے تیل بنانے والے غدود ہوتے ہیں اور اضافی تیل انفیکشن کا باعث بنتا ہے۔ اس سے بچاؤ کے لیے ہفتہ بھر میں ایک بار کسی برتن میں پانچ حصے پانی اور ایک حصہ بے بی سوپ یا شیمپو ملائیں۔ پھر اس محلول سے اپنی پلکوں اور پپوٹوں کو نرمی سے دھوئیں۔ اس کے لیے اپنی آنکھیں بند کر لیں اور انگلیوں کے پوروں کی مدد سے پلکوں کو اچھی طرح ملیں۔

٭ سونے سے پہلے آنکھوں کو دھوئیں۔ ایسا نہ کیا جائے تو دن بھر کی دھول مٹی رات بھر آنکھوں میں رہتی ہے جو ان میں جلن اور سرخی کا باعث بن سکتی ہے۔

٭ گندا پانی آنکھوں میں جراثیم لے جانے کا باعث بن سکتا ہے۔ اس لیے آنکھوں کو ابلے اور ٹھنڈے کیے ہوئے یا فلٹر شدہ پانی سے دھوئیں۔rachoma, eye disease, symptoms, stages, treatment

Vinkmag ad

Read Previous

Yoga for belly fat | Weight loss | Yoga with Naheed | Shifa News

Read Next

گرمی کی شدید لہر، سندھ کے ہسپتال ہائی الرٹ

Leave a Reply

Most Popular