خون کے سفید خلیے مدافعتی نظام کا اہم جزو ہیں۔ ان کی مختلف شکلیں اور قسمیں ہیں جن میں سے ہر ایک کا اپنا کام ہے اور یہ سب مل کر بیماری کے خلاف لڑتے ہیں۔ ان کی ایک شکل ہماری حلق میں بھی پائی جاتی ہے جنہیں ٹانسلز، گلے کی گلٹیاں یا غدود کہتے ہیں۔ بچوں میں گلے کی بیماریوں میں سے ایک ٹانسلز کی سوزش بھی ہے۔ آغاز میں احتیاط اور باقاعدہ علاج سے یہ بیماری ابتدائی سطح پر ہی ختم ہو جاتی ہے۔ دوسری صورت میں ٹانسلز کا آپریشن کیا جاتا ہے۔
ٹانسلز کی سرجری کے لیے کچھ باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ مثلاً مریض ہر لحاظ سے ٹھیک ہو، اسے کوئی بیماری نہ ہو یا پچھلے دو سے تین ہفتوں میں کوئی پیچیدہ انفیکشن نہ ہوا ہو۔ اس کو غدود میں سوجن، نزلہ زکام، گلا خراب اور بخار وغیرہ ہو تو آپریشن نہیں کیا جاتا۔ گلے کی گلٹیوں میں سوجن ہو تو ادویات دی جاتی ہیں اور جب سوجن ختم ہو جائے تو آپریشن کیا جاتا ہے۔
آپریشن کب کیا جاتا ہے
٭اینٹی بائیوٹکس سے مسئلہ حل نہ ہو۔
٭گزشتہ سال میں کم از کم سات مرتبہ، گزشتہ دو سالوں میں ہر سال میں کم از کم پانچ مرتبہ یا گزشتہ تین سالوں میں ہر سال میں کم از کم تین مرتبہ یہ مسئلہ ہوا ہو۔
٭یہ سوزش سلیپ اپنیا، سانس لینے میں دشواری اور بالخصوص گوشت یا ایسے کھانے (chunky food) نگلنے میں دشواری کا باعث بن رہی ہو۔
٭ٹانسلز میں پیپ پڑ جائے جو اینٹی بائیوٹکس سے خارج نہ ہو رہی ہو۔
٭ٹانسلز سے خون آ رہا ہو۔
٭انفیکشن پھیل کر دیگر اعضاء کو متاثر کر رہا ہو۔
ٹانسلز کی سرجری میں احتیاطیں
آپریشن سے چھ گھنٹے پہلے مریض کا کھانا پینا بند کروا دیا جاتا ہے۔ اس کے چھ گھنٹے بعد اسے کھانے کے لیے نرم اور ٹھنڈی چیزیں دی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی خوراک کے سلسلے میں بہت احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہیں چاہیے کہ کولا مشروبات استعمال نہ کریں۔
ٹانسلز کی بیماری کے دوران یا آپریشن کے بعد کچھ بڑے یا بچے کھانا نہیں کھا پاتےکیونکہ انہیں گلے میں درد ہوتا ہے۔ اگر وہ کھانا نہیں کھاتے تو گلے میں درد ختم نہیں ہوگا لہٰذا آہستہ آہستہ کھائیں بھی اور اسے نگلیں بھی۔ اس سے زخم بہتر ہوگا اور منہ اور گلے کے پٹھوں کی ورزش بھی ہو جائے گی۔
گلے میں ہونے والا درد لازماً ٹانسلز کی وجہ سے نہیں ہوتا۔ یہ حلق کی سوزش (pharyngitis) کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔ ان مریضوں میں ٹانسلز کا آپریشن فائدہ مند نہیں۔ اس میں سوزش کی وجوہات کو دور کرنا اور اس کا علاج کروانا ضروری ہے جس کے لیے حسب ضرورت ادویات تجویز کی جاتی ہیں۔ لہٰذا ضروری ہے کہ آپریشن کا فیصلہ صرف مستند ڈاکٹر ہی کرے۔
One Comment
Nice