Vinkmag ad

سینے میں جلن

سینے میں جلن

چکنائی سےبھرپوراورمسالہ دارکھانے دعوتوں، اکثرتہواروں اورشادی بیاہ کی تقریبات میں دسترخوانوں کی زینت ہوتے ہیں۔ ان کے بغیر دعوتیں ادھوری محسوس ہوتی ہیں۔ بعض لوگوں کوانہیں کھانے کے بعد یا کبھی کبھاران کے بغیربھی سینے میں جلن محسوس ہوتی ہے۔ اگریہ شکایت مسلسل ہونے لگے تو اس کا تعلق معدے اورخوراک کی نالی میں تیزابیت سے ہوتا ہے۔ مگر تیزاب اورمعدے کا کیا تعلق ہے اور یہ معدے میں کہاںسے آتا ہے؟ آئیے جانتے ہیں

ہمارا جسم قدرتی طورپرمعدے میں ہائیڈروکلورک ایسڈ نامی تیزاب پیدا کرتا ہے جو کھانے کوہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ تیزاب خاص مقدارمیں پایا جاتا ہے۔ اگریہ بڑھ جائے تو معدے سے خوراک کی نالی میں جانا شروع ہوجاتا ہے۔ خوراک کی نالی غذا کو منہ سے معدے تک پہنچاتی ہے ۔ اس کی ساخت ایسی ہے کہ یہ کھانے پینے کی چیزوں کو تو سہار لیتی ہے لیکن تیزاب کو برداشت نہیں کرپاتی ۔ اس لیے جب وہ اس نالی میں آتا ہے تو سینے میں جلن محسوس ہوتی ہے ۔اس کو عام فہم زبان میں تیزابیت اورطبی زبان میں ایسڈ ریفلَکس کہتے ہیں۔

بچاؤ کی تدابیر

اس مسئلے سے بچاؤ کے لیے سب سے پہلا کام پرہیزیعنی اپنے طرززندگی کو صحت مندانہ بنانا ہے۔ اس سلسلے میں ان امورپرتوجہ دیں

٭واک کو معمول بنائیں۔

٭معدہ کھانےکی مناسب مقدارہی ہضم کرسکتا ہے لہٰذا ضرورت سے زیادہ نہ کھائیں۔ اگرکھا لیں توپھرجسمانی سرگرمی کریں۔

٭سگریٹ نوشی کی عادت ہوتواسے ترک کردیں۔

٭چکنائی والے کھانوں کو ہضم کرنے کے لئے معدے میں تیزاب کی زیادہ مقدارپیدا ہونے لگتی ہے۔ لہٰذاچپس، ڈیری مصنوعات یعنی مکھن، بالائی والا دودھ، عام پنیراورکریم کا استعمال کم سے کم کریں۔ سلاد پرکریم کی ڈریسنگ سے بھی گریزکریں۔

٭پھل اگرچہ صحت بخش غذا کا اہم جزو ہیں تاہم ان میں سے جوتیزابیت کا باعث بن سکتے ہیں ان کااستعمال کم کریں۔

٭لہسن،پیازاورتیزخوشبووالی غذائیں بھی کچھ لوگوں کی تیزابیت بڑھا دیتی ہیں۔ جن افراد کو یہ مسئلہ ہو، وہ ان سے پرہیزکریں۔

٭بعض سبزیاں تیزابیت کم کرنے میں مفید ثابت ہوسکتی ہیں لہٰذا ان کا استعمال کریں۔ پھلیاں، بروکلی، پھول گوبھی ، آلو،سبز پتوں والی سبزیاں اورکھیرے ان کی کچھ مثالیں ہیں۔

٭ادرک میں قدرتی طورپردافع سوزش خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ یہ تیزابیت سمیت معدے کے کئی مسائل کا قدرتی علاج ہے۔ اسے کدوکش کر کے یا سلائس کی شکل میں کھانوں کی تراکیب اورسمودی میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

٭ذہنی دباؤ سے بچنے کی کوشش کریں۔ اس کے نتیجے میں ایسے ہارمون پیدا ہوتے ہیں جوتیزابیت بڑھاتے ہیں۔

٭تیزابیت کے شکارافراد کو صبح کافی پینے کے بعد یہ تکلیف زیادہ شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ اس کا سبب اس میں موجود کیفین ہے لہٰذا اس کے زیادہ استعمال سے پرہیزکریں۔

٭عموماًموٹاپے کے شکارافراد کو یہ مسئلہ زیادہ ہوتا ہے۔انہیں چاہئے کہ وزن پر قابو پانے کی کوشش کریں۔

ان ا حتیاطوں پرعمل کر کے اس مسئلے پرقابوپایا جاسکتا ہے۔ مسئلہ سنگین ہوتومعالج سے رجوع اورعلاج میں غیرضروری تاخیرنہ کریں، اس لئے کہ یہ زیادہ بڑے مسائل کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

Tips to prevent acidity, remedies for acidity

Vinkmag ad

Read Previous

بخارسے متعلق غلط تصورات

Read Next

چھوٹا قد، چار مفروضے

Leave a Reply

Most Popular