Vinkmag ad

معدے کی تیزابیت سے بچاؤ کے لیے ہدایات

معدے کی تیزابیت سے بچاؤ کے لیے ہدایات-شفانیوز

ہمارا جسم قدرتی طور پر معدے میں ہائیڈروکلورک ایسڈ تیزاب پیدا کرتا ہے۔ یہ تیزاب معدے میں ایک خاص مقدار میں پایا جاتا ہے اور کھانے کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کی مقدار زیادہ ہو جائے تو یہ معدے سے خوراک کی نالی میں جانا شروع ہو جاتا ہے۔ خوراک کی نالی کی ساخت اس تیزاب کو برداشت نہیں کر پاتی۔ اس لیے جب وہ اس نالی میں آتا ہے تو سینے میں جلن ہوتی ہے۔ اس کو معدے کی تیزابیت یا ایسڈ ریفلَکس کہتے ہیں۔ تیزابیت سے بچاؤ کے لیے کچھ ہدایات پر عمل کیا جا سکتا ہے۔

بچاؤ کی تدابیر

تیزابیت سے بچاؤ کے لیے سب سے پہلے صحت مند طرز زندگی اپنائیں۔ اس سلسلے میں یہ امور اہم ہیں:

٭ واک کو معمول بنائیں۔

٭ ضرورت سے زیادہ نہ کھائیں کیونکہ معدہ کھانے کی ایک مخصوص مقدار کو ہی ہضم کر سکتا ہے۔ اگر کھا لیں تو پھر جسمانی سرگرمی کریں۔

٭ سگریٹ نوشی کی عادت ہو تو اسے ترک کر دیں۔

٭ چکنائی والے کھانوں کو ہضم کرنے کے لیے معدے میں زیادہ تیزاب پیدا ہوتا ہے۔ انہیں کم استعمال کریں۔

٭ جو پھل تیزابیت کا باعث بن سکتے ہیں انہیں کم استعمال کریں۔

٭ لہسن، پیاز اور تیز خوشبو والی غذائیں بھی بعض اوقات تیزابیت بڑھا دیتی ہیں۔ جن افراد کو یہ مسئلہ ہو، وہ ان سے پرہیز کریں۔

٭ تیزابیت کم کرنے والی سبزیاں استعمال کریں۔ مثلاً پھلیاں، بروکلی، پھول گوبھی، آلو، سبز پتوں والی سبزیاں اور کھیرے وغیرہ۔

٭ ادرک تیزابیت سمیت معدے کے کئی مسائل کا قدرتی علاج ہے۔ اسے کدوکش کر کے یا سلائس کی شکل میں کھانوں اور سمودی میں شامل کریں۔

٭ ذہنی دباؤ سے بچنے کی کوشش کریں۔ اس کے نتیجے میں ایسے ہارمون پیدا ہوتے ہیں جو تیزابیت بڑھاتے ہیں۔

٭ تیزابیت کے شکار افراد کیفین کے زیادہ استعمال سے پرہیز کریں۔

عموماً موٹاپے کے شکار افراد کو یہ مسئلہ زیادہ ہوتا ہے۔ انہیں چاہیے کہ وزن پر قابو پانے کی کوشش کریں۔ اس کے علاوہ بتائی گئی احتیاطوں پر عمل کر کے اس مسئلے کو قابو کیا جا سکتا ہے۔ مسئلہ سنگین ہو تو ڈاکٹر کو دکھائیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

Migraine | Adhay sar ka dard | Causes, symptoms & treatment of migraine | Shifa News

Read Next

آٹھ سالہ بچی کے پیٹ سے بالوں کا گچھا برآمد

Leave a Reply

Most Popular