Vinkmag ad

بچوں کو رنگوں اور چیزوں کی پہچان کیسے کروائیں

بعض اوقات بچے کسی ایک گروپ کی سب چیزوں کو ایک ہی نام سے بلاتے ہیں۔ مثلاً وہ تمام کھلونوں کو بھالو کہہ دیں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بچے کا ذہن چیزوں کے ناموں اور شکل کو ملا نہیں پاتا یا ان میں فرق نہیں کر پاتا۔ اسی طرح بعض بچوں کے ذہن میں کسی پھل یا کھلونے کا نام تو آتا ہے لیکن وہ اسے بول نہیں پاتا۔ ایسے میں والدین پریشان ہوتے ہیں اور اس کشمش میں مبتلا نظر آتے ہیں کہ بچوں کو رنگوں اور چیزوں کی پہچان کیسے کروائیں۔

ان مسائل سے نپٹنے کے لیے کچھ سرگرمیاں کروائی جاتی ہیں۔ ان کی مدد سے بچوں کے ذہن میں چیزوں کا تصور پختہ ہوتا ہے۔ پھر وہ آسانی سے ان کو سمجھ اور بول سکتے ہیں۔

رنگوں اور چیزوں کی پہچان کروانے کے لیے سرگرمیاں

اگر ہماری آنکھوں پر پٹی باندھ کر ہاتھ میں ایک پھل تھما دیا جائے تو ہم اپنی حسوں کی مدد سے اسے پہچان سکتے ہیں۔ سمجھنے اور بولنے کے مسائل کے شکار بچے بھی حسوں کے ذریعے چیزوں کی پہچان کر لیتے ہیں۔ اس لیے ان کے لیے ایسی سرگرمیاں ترتیب دی جاتی ہیں جن میں کئی حسیات شامل ہوں۔ ان سے سیکھنے کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔ اس سلسلے میں کچھ سرگرمیاں یہ ہیں۔

پہلی سرگرمی

رنگوں میں فرق سکھانے کے لیے مختلف تصاویر کے خاکوں اور ہاتھوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کاغذ پر مختلف قسم کی چیزیں بنا کر بچوں سے ان میں رنگ بھروائیں۔ ہاتھ پر رنگ لگا کر اسے کاغذ پر پرنٹ کروائیں۔ اس سے بچہ اس کام میں دلچسپی لے گا اور رنگوں کی پہچان کر سکے گا۔

دوسری سرگرمی

پھلوں اور سبزیوں میں فرق سکھانے کے لیے اصلی پھل اور پھر ان کی تصاویر متعارف کروائیں۔ سیب کو سامنے رکھیں اور کاغذ پر اس کی شکل بنائیں۔ اس کے ساتھ ہی آپ بچے کو اس میں رنگ کرنے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف پھل کی شکل بچے کے ذہن میں رہتی ہے بلکہ وہ اس کو رنگ کی مدد سے بھی پہچان سکتا ہے۔

تیسری سرگرمی

رنگوں میں فرق سکھانے کے لیے ایک پیالے میں مختلف رنگ کے کاغذ کے ٹکڑے ڈالیں۔ اب سرخ رنگ کا فلیش کارڈ یا کوئی چیز بچے کے سامنے رکھ دیں۔ پھر اس سے کہیں کہ لال رنگ کا ٹکڑا پیالے سے نکال کر اس کارڈ یا چیز پر رکھے۔

اس طرح کی اور بھی بہت سی سرگرمیاں ہیں۔ ان کی مدد سے والدین کی یہ پریشانی کہ وہ بچوں کو رنگوں اور چیزوں کی پہچان کیسے کروائیں دور ہو جاتی ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

Skin & cosmetic treatments

Read Next

ڈاؤن سینڈروم

Leave a Reply

Most Popular