Vinkmag ad

پسینہ اور جسم کی بدبو

A man experiencing excessive underarm sweating and body odo

ورزش، جسم کا زیادہ گرم ہونا، ہارمونز میں تبدیلی اور ذہنی دباؤ پسینہ اور جسم کی بدبو (Sweating and body odor) کی عام وجوہات ہیں۔ زیادہ تر لوگوں کے جسم سے قدرتی طور پر ہلکی بدبو آتی ہے، چاہے انہیں زیادہ پسینہ نہ آتا ہو۔ بدبو کے معمول میں اچانک تبدیلی یا معمول سے زیادہ پسینہ آنا کسی طبی مسئلے کی علامت ہو سکتا ہے۔

علامات

پسینہ آنا اور جسم کی بدبو زیادہ تر بغلوں، رانوں کے جوڑ، ہتھیلیوں، پاؤں کے تلووں، سر، چہرے اور کھوپڑی کو متاثر کرتے ہیں۔ بعض افراد کو دوسروں کی نسبت زیادہ یا کم پسینہ آتا ہے جو نارمل ہے۔ جسم کی بدبو بھی ہر شخص میں مختلف ہو سکتی ہے۔ اس کی بو کھٹی، پیاز جیسی، ترش یا کسی اور تیز نوعیت کی ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

اگر درج ذیل میں سے کوئی علامت ظاہر ہو تو ڈاکٹر یا کسی دوسرے طبی ماہر سے رجوع کریں:

٭ اچانک معمول سے زیادہ پسینہ آنا

٭ پسینہ آنا روزمرہ زندگی میں رکاوٹ بننے لگے

٭ بغیر کسی واضح وجہ کے رات کو پسینہ آئے

٭ بغیر کسی واضح وجہ کے جسم کی بدبو تبدیل ہو جائے

٭ فیملی میں ہائپر ہائیڈروسس کی ہسٹری موجود ہو

وجوہات

پسینہ بنانے والے غدود کی دو بنیادی اقسام ایکرین غدود اور ایپوکرین غدود ہیں۔ ایکرین غدود جسم کے بیشتر حصوں میں موجود ہوتے ہیں اور براہ راست جلد کی سطح پر کھلتے ہیں۔ جب جسم کا درجہ حرارت بڑھتا ہے تو یہ غدود پانی نما رطوبت خارج کرتے ہیں، جو بخارات بن کر جسم کو ٹھنڈا کرتی ہے۔

ایپوکرین غدود جسم کے ان حصوں میں ہوتے ہیں جہاں بال موجود ہوتے ہیں، جیسے بغلیں اور رانوں کے جوڑ۔ یہ غدود ذہنی دباؤ کے دوران دودھ جیسی رطوبت خارج کرتے ہیں۔ یہ رطوبت خود بے بو ہوتی ہے، لیکن جلد پر موجود بیکٹیریا کے ساتھ مل کر جسم کی بدبو پیدا کرتی ہے۔

خطرے کے عوامل

پسینہ آنے اور جسم کی بدبو کے خطرے کو بڑھانے والے عوامل میں شامل ہیں:

٭ جسم پر زیادہ بال ہونا

٭ ہارمونز میں تبدیلی

٭ بخار

٭ ذہنی دباؤ

٭ زیادہ گرمی کا سامنا

٭ زیادہ وزن ہونا

٭ بعض ادویات کا استعمال

٭ ضرورت سے زیادہ الکحل کا استعمال

تشخیص

٭ ڈرماٹالوجسٹ پہلے آپ کی میڈیکل ہسٹری معلوم کرے گا اور جسمانی معائنہ کرے گا۔

٭  ضرورت پڑنے پر خون یا پیشاب کے ٹیسٹ بھی تجویز کیے جا سکتے ہیں۔ ان ٹیسٹوں سے معلوم کیا جاتا ہے کہ علامات کسی بیماری، مثلاً انفیکشن، کی وجہ سے تو نہیں ہیں۔

٭ ذیابیطس اور تھائی رائیڈ غدود کا ضرورت سے زیادہ فعال ہونا بھی اس کی ممکنہ وجوہات میں شامل ہیں۔

علاج

بغلوں میں پسینہ آنا اور جسم کی بدبو کا علاج اکثر ایسے اینٹی پرسپیرنٹس یا ڈیوڈرنٹس سے کیا جا سکتا ہے، جو بغیر نسخے کے دستیاب ہوتے ہیں۔

٭ اینٹی پرسپیرنٹس پسینے کے سوراخوں کو عارضی طور پر بند کر دیتے ہیں۔ اس سے جلد تک پہنچنے والے پسینے کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔ یہ مصنوعات خشک جلد پر روزانہ استعمال کرنے سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔ بہت سے اینٹی پرسپیرنٹس میں ڈیوڈرنٹ بھی شامل ہوتا ہے

٭ ڈیوڈرنٹس جسم کی بدبو کم کرتے ہیں، لیکن پسینہ نہیں روکتے۔ یہ عموماً الکحل پر مبنی ہوتے ہیں اور جلد کو نسبتاً تیزابی بنا دیتے ہیں، جس سے بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کی افزائش کم ہو جاتی ہے۔ ان میں خوشبو بھی شامل کی جاتی ہے۔ اگر علامات بہتر نہ ہوں تو معالج زیادہ طاقتور دوا تجویز کر سکتا ہے۔

٭ اگر ان مصنوعات سے بھی فائدہ نہ ہو تو شدید پسینہ آنے اور جسم کی بدبو کے لیے دیگر علاج دستیاب ہیں۔ ان میں لیزر کے ذریعے بال ہٹانا اور بوٹولینم ٹاکسن اے کے انجیکشن شامل ہیں۔

سیلف کیئر

درج ذیل عادتیں پسینہ آنے اور جسم کی بدبو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں:

٭ باقاعدگی سے نہائیں

٭ ہلکے سوتی، اونی یا ریشمی جیسے قدرتی کپڑے منتخب کریں تاکہ جلد کو ہوا ملتی رہے۔ زیادہ جسمانی مشقت کے دوران ایسے مصنوعی کپڑے بہتر رہتے ہیں جو پسینہ جلد سے دور منتقل کرتے ہیں

٭ ذہنی دباؤ کم کریں۔ اس کے لیے یوگا، میڈی ٹیشن یا ایسی دیگرسرگرمیاں مفید ہوتی ہیں۔

٭ اگر گرمی کی وجہ سے پسینہ آتا ہو تو سایہ دار جگہ پر جائیں، ٹھنڈے مشروبات پئیں، جلد پر ٹھنڈا کپڑا رکھیں یا ٹھنڈے پانی سے نہائیں

٭ مصالحے دار یا تیز خوشبو والی غذائیں زیادہ پسینہ آنے اور جسم کی بدبو میں تبدیلی کا باعث بن سکتی ہیں۔ ان کا استعمال کم کریں

٭ بال بیکٹیریا اور بدبو کو اپنے اندر روک سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے شیو کرنا، ہیئر ریمول مصنوعات استعمال کرنا مفید ہو سکتا ہے

٭ اگر آپ کا وزن زیادہ ہے تو وزن میں کمی سے پسینہ آنے کی شدت کم ہو سکتی ہے

Frequently Asked Questions (FAQs)

کیا جسم کی بدبو ہمیشہ کسی بیماری کی علامت ہوتی ہے؟

نہیں، زیادہ تر صورتوں میں جسم کی بدبو ایک قدرتی عمل ہے۔ تاہم اگر بدبو اچانک تبدیل ہو جائے یا بہت شدید ہو جائے تو طبی معائنہ ضروری ہو سکتا ہے۔

کیا ذہنی دباؤ بھی زیادہ پسینہ آنے کا سبب بن سکتا ہے؟

جی ہاں، ذہنی دباؤ اعصابی نظام کو متحرک کرتا ہے، جس کے نتیجے میں بعض افراد کو معمول سے زیادہ پسینہ آ سکتا ہے۔

کیا روزانہ نہانے سے جسم کی بدبو کم ہو سکتی ہے؟

جی ہاں، روزانہ نہانے اور جلد کو صاف رکھنے سے بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کم ہوتے ہیں، جس سے جسم کی بدبو میں کمی آ سکتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=dermatologist

Vinkmag ad

Read Previous

سر کی جوئیں

Read Next

بائل ریفلکس: بائل کی غذائی نالی میں واپسی

Leave a Reply

Most Popular