Vinkmag ad

صحت مند دل کے لئے 11 سپر فوڈز

دل کی بیماریاں ہونے یا ان کی روک تھام کا ہماری خوراک سے گہرا تعلق ہے۔ دل کی بہتر صحت کے لئے کچھ غذائیں بہت مفید ہیں جنہیں سپرفوڈز بھی کہاجاتا ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈینٹس، معدنیات، وٹامنز اور صحت بخش چکنائی سے بھرپور ہوتی ہیں۔ صحت مند دل کے لئے 11 سپر فوڈز یہ ہیں:

چقندر

صحت مند دل کے لئے 11 سپر فوڈز میں لال، پیلے اور زر درنگوں کے پھل اور سبزیاں شامل ہیں۔ ان میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس دل کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ چقندر میں پائے جانے والے مخصوص کیمیائی مادے خون کی نالیوں کو کھلا اور صحت مند رکھنے میں مفید ہیں۔ چقندر کا رس ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

کدو کے بیچ

کدو کے بیج اینٹی آکسیڈینٹس، میگنیشیم، زنک اور غیر سیر شدہ چکنائی کا اہم ذریعہ ہیں۔ ان کے اندر جسم میں نائٹرک آکسائیڈ بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔ یہ خون کی شریانوں کو کشادہ کرتا اور نتیجتاً دل کی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

اخروٹ

اخروٹ کا استعمال برے کولیسٹرول (ایل ڈی ایل) کو کم کرتا ہے۔ اس میں موجود ہ صحت بخش چکنائی، میگنیشیم، کاپر اور فائبر دل کی صحت کے لئے مفید ہیں۔

اخروٹ-صحت مند دل کے لئے 11 سپر فوڈز-شفانیوز

ایووکیڈو

اس کے اندر موجود مونو سیچوریٹڈ چکنائی  برے کولیسٹرول کی سطح اور دل کی بیماری کے خطرے کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ ہر ہفتے اس کی دو سرونگز کھانے سے دل کی بیماری کا خطرہ 16 فی صد کم ہو جاتا ہے۔ ایووکیڈو کی ایک سرونگ (150 گرام) روزانہ کے 21 فی صد پوٹاشیم کا ذریعہ بھی ہے جو بلڈ پریشر کم رکھنے کے لئے بھی بہترین ہے۔

زیتون کا تیل

زیتون کا استعمال دل کے مریضوں کے لئے بہت مفید ہے۔ اس کے تیل میں خاص قسم کی چکنائی ’’اولیٹ‘‘ پائی جاتی ہے۔ یہ ہارٹ اٹیک سے متاثرہ دل کو خون زیادہ مؤثر طریقے سے پمپ کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس میں وٹامن ای اور اینٹی آکسیڈینٹس بھی موجود ہیں جو دل کی بیماری کے خطرے کو 35 فی صد تک کم کرتے ہیں۔ روزانہ آدھا چمچ زیتون کا تیل غذا میں شامل کریں اور اس کے فوائد سے مستفید ہوں۔

بیریز

بیریز میں سٹرابیری، بلیوبیری اور بلیک بیری زیادہ نمایاں ہیں۔ یہ اپنے اندر مختلف غذائی اجزاء چھپائے ہوئے ہیں جن میں فائبر، وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈینٹس شامل ہیں۔ اینٹی آکسیڈینٹس بلڈ پریشر اور شریانوں کی سوزش کو کم کرنے میں کارآمد ہیں۔ یہ اجزاء خلیوں کو نقصان سے بچاتے ہیں۔ بیری کی ہر قسم میں مختلف غذائی اجزاء موجود ہیں۔ ان سے مکمل فائدہ اٹھانے کے لئے انہیں ملا کر کھائیں۔خشک یا فروزن بیریز کے بجائے تازہ بیری کھائیں۔

بیریز-صحت مند دل کے لئے 11 سپر فوڈز-شفانیوز

مچھلی

امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق مچھلی، بالخصوص سالمن میں اومیگاتھری فیٹی ایسڈ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ ہفتے میں دو بار مچھلی کھانا دل کی تکلیف، فالج اور دیگر بیماریوں کے خطرے کو روکنے میں مدد دیتا ہے۔ مچھلی میں وٹامن ڈی، کیلشیم، فاسفورس اور ایسے اینٹی آکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں جو ہائی بلڈ پریشر کی علامات کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

سفید چنے

یوں تو تمام دالیں فائبر، پوٹاشیم، وٹامن بی اور سیلینیم سے بھرپور ہوتی ہیں۔ تاہم سفید چنے میں سوڈیم کی کم مقدار کے ساتھ اچھی کوالٹی کا پروٹین اور حل پذیر فائبر کی وافر مقدار موجود ہے۔ یہ چیزیں  کولیسٹرول کم کرنے کے علاوہ خون میں شوگر کی مقدار کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد دیتی ہیں۔ بھُنے یا اُبلے  ہوئے چنے چاٹ، سلاد یا سالن کی شکل میں کھائے جا سکتے ہیں۔

بروکلی

اگرچہ تمام سبزیاں دل کی صحت کے لئے اچھی ہیں مگر بروکلی اور اس کے خاندان کی سبزیاں اس ضمن میں بہترین ہیں۔ بروکلی میں ایک مخصوص کیمیائی مادہ (Glucoraphanin) سوزش کم کرتا ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس برے کولیسٹرول کو گھٹانے میں بھی مفید ہیں۔ اگر بروکلی دستیاب نہ ہو تو بند گوبھی اور پھول گوبھی یا اسی خاندان کی دیگر سبزیوں کو اپنی غذا میں ضرور شامل کریں۔

بروکلی-صحت مند دل کے لئے 11 سپر فوڈز-شفانیوز

چیا سیڈز

چیا سیڈز میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، کیلشیم، اینٹی آکسیڈینٹس، معدنیات اور وٹامنز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ اومیگا تھری شریانوں میں خون کے لوتھڑے جمنے سے روکتا اور سوزش اور کولیسٹرول کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

لہسن کا جوا

لہسن میں قدرتی طور پر ایک کیمیائی مادہ (Allicin) پایا جاتا ہے۔ یہ بلڈ پریشر کو کم کرنے اور خون کو پتلا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

فولک ایسڈ نئے خلیے بنانے میں مدد دیتا ہے۔ روزانہ مطلوبہ مقدار میں فولک ایسڈ استعمال کرنے سے امراض قلب سے بچاؤ ممکن ہے۔یہ کلیجی ،ساگ، بروکلی اور پھلیوں میں پایا جاتا ہے۔ ان خصوصی چیزوں کے علاوہ دل کی صحت برقرار رکھنے کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ ہم سادہ اور متوازن غذا کھائیں اور ورزش کی عادت اپنائیں۔

 healthy foods for heart, 11 super foods for heart, which foods are good for heart health, healthy heart diet, dil ki achi sehat k liye kon say khanay achay hain, dil ko sehat k liye kya khayein

Vinkmag ad

Read Previous

چکر کیوں آتے ہیں

Read Next

Extreme and deviant behaviors in teenagers

Leave a Reply

Most Popular