Vinkmag ad

سن برن سے بچاؤ کے لیے ہدایات

سن برن سے بچاؤ کے لیے ہدایات-شفانیوز

سورج نہ صرف روشنی فراہم کرتا ہے بلکہ یہ صحت و تندرستی کے لیے بھی بہت اہم ہے۔ مثلاً اس کی روشنی جسم میں وٹامن ڈی پیدا کرنے اور ہڈیاں مضبوط کرنے میں مدد دیتی ہے۔ تاہم امریکن کینسر ایسوسی ایشن کے مطابق حفاظتی تدابیر اختیار کیے بغیر تیز دھوپ میں نکلنا جلد کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ اس کی شعاعیں سن برن یعنی جلد کے جھلسنے کا باعث بن جاتی ہیں۔

سن برن کے باعث جلد پر سوزش، سوجن، خارش اور بعض اوقات آبلے بن جاتے ہیں۔ پھر کچھ دنوں میں جلد چھلکوں کی صورت میں اترنے لگتی ہے۔ یہ مسئلہ شدید ہو تو متاثرہ فرد کو بخار، سر درد، متلی، قے اور ٹھنڈ لگنے کی شکایر ہو سکتی ہے۔ سن برن جلد پر جھریوں، چھائیوں، بھورے رنگ کے نقطوں اور جلد کے کینسر کے امکانات کو بڑھاتا ہے۔

بچاؤ کی تدابیر

٭ جلد کی حفاظت کا سب سے مؤثر طریقہ دھوپ میں جانے سے 20 سے 30 منٹ قبل سن سکرین لگانا ہے۔ اس کے لیے پہلے جلد کو مکمل طور پر خشک کر لیں۔ پھر پورے جسم خصوصاً کانوں، پاؤں اور گردن پر زیادہ مقدار میں سن سکرین لگائیں۔ استعمال کے دو گھنٹے بعد بالعموم اور پسینہ آنے یا پانی سے رابطے کی صورت میں بالخصوص سن سکرین کی ایک اور تہہ لگائیں۔

٭ کوشش کریں کہ زیادہ دیر دھوپ میں نہ رہیں۔ ممکن ہو تو باہر کی سرگرمیوں کے دوران بیٹھنے یا کھڑے ہونے کے لیے سایہ دار جگہ کا انتخاب کریں۔

٭ باہر جانے سے قبل ایسے کپڑے پہنیں جن میں جسم مکمل طور پر یا زیادہ سے زیادہ ڈھکا ہو۔

٭ سر پر چوڑے کناروں والی ٹوپی پہنیں۔

٭ آنکھوں کی حفاظت کے لیے چشمے پہنیں۔

٭ تیز دھوپ کے اوقات میں بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔

٭ ہونٹوں کے لیے ایسی بام کا انتخاب کریں جس کا ایس پی ایف 30 سے زائد ہو۔

برفانی اور ریگستانی علاقوں کے علاوہ پانی کی سطح مثلاً سمندر، جھیل وغیرہ سے سورج کی شعاعیں زیادہ منعکس ہوتی ہیں۔ اس لیے ان جگہوں پر خاص طور پر احتیاط کریں۔

فوری امداد

اگر یہ مسئل ہو جائے تو ان باتوں پر عمل کریں:

٭ جلد پر گرمی اور سوزش محسوس ہونے لگے تو گھر کے اندر چلے جائیں۔ جب تک بہتر محسوس نہ کریں، دھوپ میں مت نکلیں۔

٭ گیلے کپڑے یا تولیے سے جلد کو ٹھنڈا کریں یا ٹھنڈے پانی سے نہا لیں۔

٭ جسم کو خشک کریں اور لوشن یا کریم (after sun cream) لگائیں تاکہ جلد کی کھوئی ہوئی نمی واپس آ سکے۔

٭ پانی زیادہ پیئیں تاکہ جسم میں اس کی کمی نہ ہو سکے۔

٭ انفیکشن سے بچاؤ کے لیے چھالوں کو چھونے یا پھوڑنے سے گریز کریں۔

٭ جلد کو کھرچنے یا چھلکوں کو کھینچ کر اتارنے سے اجتناب کریں۔

٭ جب تک جلد مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہو جاتی تب تک کھلے کپڑے پہنیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

ادھیڑ عمری میں باپ بننا بچے کی صحت کے لیے نقصان دہ

Read Next

راولپنڈی کے بنیادی مراکز صحت سہولیات سے محروم

Leave a Reply

Most Popular