ماہرین کے مطابق خوراک کے استعمال کا انداز بدلنے سے بلڈ شوگر کی سطح بہتر رکھی جا سکتی ہے۔ فرانسیسی بائیو کیمسٹ جسی انشوسپے کا کہنا ہے کہ کھانے کی ترتیب درست رکھنے سے بلڈ شوگر میں 70 فیصد تک کمی ممکن ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ کھانے میں سبزیاں یا فائبر پہلے کھائیں، اس کے بعد پروٹین اور چکنائی، جبکہ نشاستہ یا میٹھا آخر میں لیں۔
جسی انشوسپے کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ جسم میں شوگر جذب ہونے کا عمل سست کرتا ہے۔ اس سے شوگر کی سطح اچانک نہیں بڑھتی، اور توانائی کا توازن بہتر رہتا ہے۔ یہ ترتیب بھوک پر کنٹرول اور سوزش کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔ بعض طبی ماہرین اس دعوے کو مکمل طور پر درست نہیں مانتے۔ ان کے مطابق اس سے گلوکوز کی سطح میں 40 فیصد تک کمی آتی ہے۔
ماہرین کے مطابق کھانے کی ترتیب میں تبدیلی معاون ضرور ہے، لیکن اسے علاج کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔ متوازن غذا، ورزش اور طبی مشورہ ہی بلڈ شوگر کو مستحکم رکھنے کے مؤثر ذرائع ہیں۔