Vinkmag ad

سائیکل چلائیں،تندرست رہیں

    صحت کو بحال رکھنے کا ایک سنہرا اصول یہ ہے کہ متوازن غذا کے ساتھ ساتھ جسمانی سرگرمیوں اور ورزش کو بھی زندگی کا حصہ بنایا جائے‘تاہم اکثرافراد کسی نہ کسی وجہ سے اس پر عمل نہیں کر پاتے۔لوگوں کی بڑی تعداد سب سے بڑا مسئلہ ایسی سادہ اور آسان سی سرگرمی ڈھونڈنا ہے جو روزانہ کے معمول میں باآسانی اپنائی جا سکے۔ سائیکل چلاناایسی ہی ایک سرگرمی ہے جوہر عمر اور جنس کے فرد کے لیے یکساںمفید ہے۔

سائیکل چلانے کے فوائد
٭سائیکل نہ صرف چلانے میں آسان اور لطف دینے والی ورزش ہے بلکہ اس کے لیے روزانہ کی مصروفیات کے باوجود وقت نکالنا آسان ہوتا ہے۔سائیکل پر سکول یا ٹیوشن جانا،گھر کے چھوٹے بڑے کام کرنایا شام کومحلے میں ایک ،دوچکر لگانا وغیرہ کچھ زیادہ مشکل نہیں۔
٭دوسری ورزشوں کی نسبت یہ ایک محفوظ ورزش بھی ہے کیونکہ اس میں چوٹ لگنے کا امکان نسبتاًکم ہوتا ہے۔
٭پیڈل چلانے سے جسم کے تمام اہم پٹھے حرکت میں آتے ہیں جس سے ان کی اچھی ورزش ہوتی ہے۔
٭یہ قوتِ برداشت بڑھانے کے لیے بھی مفید ہے۔
٭باقاعدگی سے سائیکل چلانے سے ہم نہ صرف اپنے آپ کو فِٹ رکھ سکتے ہیںبلکہ بہت سی خطرناک بیماریوں مثلاًفالج،ہارٹ اٹیک ،کئی اقسام کے کینسرز،ڈپریشن،ذیابیطس، اور جوڑوں کی بیماریوں کے امکانات کوکم کیا جا سکتا ہے۔
٭یہ ورزش ذہنی سکون بھی فراہم کرتی ہے۔

کتنی دیر چلائیں
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سائیکل کتنی چلائی جائے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ اس کے لئے کوئی خاص وقت متعین نہیں ۔آپ اپنی سہولت اور برداشت کے مطابق اس کے لئے وقت مختص کر سکتے ہیں۔تاہم اس کے لئے ہفتے میں اوسطاً دو سے چار گھنٹے یعنی ایک دن میں 17سے34منٹ کافی ہیں ۔

سائیکل کیسی ہو
سائیکلوں کی بہت سی اقسام ہیں۔مثلاً ریس لگانے ،مہم جوئی یا عام استعمال کے لیے الگ الگ قسم کی سائیکلیں ہوتی ہےں۔اس لیے مقصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے معیاری اور آرام دہ سائیکل خریدنی چاہئے۔مزیدبرآں سائیکل کا فریم ہمیشہ اپنے سائز کے مطابق ہونا چاہئے ‘ اس لئے کہ اپنے سائز سے بڑایا چھوٹا فریم بہت سے مسائل کو جنم دے سکتا ہے۔نیز سائیکل پر بیٹھنے کی جگہ کو بھی چلانے والے کے قد کے مطابق رکھنا ضروری ہے۔سائیکل کے دونوں ٹائر سڑک کے برابر بیٹھے ہونے چاہئیں۔اگر ایسا نہ ہوتوپہیے جلد گھس جائیں گے اور سائیکل کی سواری بھی آرام دہ نہیں رہے گی۔

بیٹھنے کا درست طریقہ
سائیکل چلاتے وقت درست پوزیشن میں بیٹھنا بھی اہم ہے‘ اس لیے کہ بیٹھنے کی غلط پوزیشن جسم میں درد کے علاوہ ہڈی وجوڑوغیرہ کے مسائل کا باعث بن جاتی ہے۔سائیکل پر بیٹھتے ہوئے اپنے وزن کو متوازن رکھیں۔ آپ کا وزن نہ تو بہت پیچھے اور نہ بہت آگے کی جانب جھکا ہونا چاہئے ۔ آپ ایسی پوزیشن میں بیٹھیں جس میںآپ کو ہوا کی کم سے کم رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑے۔ اس طریقے میں بیٹھنے سے آپ کے لئے سائیکل چلانا آسان ہوگا۔ کوشش کریں کہ آپ کا وزن سائیکل کے تمام حصوں پر برابر تقسیم ہوا ہو۔تجربے کے ساتھ ساتھ یہ توازن قدرتی طور پرحاصل ہونے لگتا ہے۔سائیکل چلانے کے لیے ڈھیلے مگر فٹ کپڑے پہننا بہتر ہے۔ایسے کپڑے ہرگز استعمال نہ کریں جو سائیکل چلانے میں رکاوٹ پیدا کرنے کا سبب بنیں۔

جسمانی کھیلوں کا کوچ ہونے کی حیثیت سے میں قارئین سے گزارش کروں گا کہ اپنے بچوں میں جسمانی کھیلوں کا شوق پیدا کریں۔ہماری نوجوان نسل بہت زیادہ آرام پسند ہوتی جا رہی ہے جس میں بڑا قصور ہماری تربیت کا بھی ہے۔ نوجوان ہماری قوم کا سرمایہ ہیں۔ ان کی قوتوں اور صلاحیتوں کو مثبت انداز میں استعمال کرنے کے لئے جسمانی کھیلوں کے مواقع،گھر،سکول اورکالج سے لے کر قومی و بین الاقوامی سطح تک ہر جگہ فراہم کی جانی چاہئیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

رحم کا سرطان سکریننگ, ویکسینیشن سے بچاو ممکن

Read Next

عینک کب, کون سی, کتنی دیر لگائیں

Most Popular