ماہرین کے مطابق، دوران حمل ڈپریشن بچوں میں آٹزم کے امکانات بڑھا سکتا ہے۔ یہ بات جاپان انوائرونمنٹ اینڈ چلڈرنز سٹڈی گروپ کی ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ تحقیق کی سربراہی ہائیڈیکازو نیشیگوری اور توشیے نیشیگوری نے کی۔
”سائنٹیفک رپورٹس” میں شائع ہونے والی اس سٹڈی میں 23 ہزار سے زائد ماؤں اور بچوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج کے مطابق، لڑکوں میں آٹزم کی علامات مجموعی طور پر زیادہ دیکھی گئیں۔ دوسری طرف لڑکیوں میں کم وزن پیدا ہونے کا رجحان زیادہ تھا۔ ان میں ماں کے ساتھ جذباتی تعلق بھی نسبتاً کمزور پایا گیا۔
ماہرین کے مطابق، ذہنی دباؤ آکسیٹوسن ہارمون کی سطح متاثر کرتا ہے۔ اس کی سطح میں کمی بیشی سماجی رویے اور جذباتی تعلق کو متاثر کر سکتی ہے۔ محققین کے مطابو اینٹی ڈپریسنٹ ادویات کے استعمال سے بچوں میں آٹزم کا خطرہ تقریباً دوگنا پایا گیا۔
تحقیق کو مضبوط بنانے کے لیے چوہوں پر حیاتیاتی تجربات بھی کیے گئے۔ ان تجربات نے نشوونما میں آٹزم سے جڑی تبدیلیوں کی تصدیق کی۔ ماہرین کے مطابق، حاملہ خواتین کی ذہنی صحت بچوں کی نشوونما کے لیے انتہائی ضروری ہے۔