پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے ملک میں صحت کی صورت حال کو تشویشناک قرار دیا ہے۔ تنظیم نے یہ بات ‘ہیلتھ آف دی نیشن 2026’ کے عنوان سے اپنی رپورٹ میں کہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں روزانہ 675 نوزائیدہ بچے اور 27 مائیں فوت ہوتی ہیں۔ ان میں سے اکثر کا سبب ایسی بیماریاں یا کیفیات ہیں، جن سے بچا جا سکتا ہے۔ غیر محفوظ پانی ملک میں ہونے والی اموات کا تقریباً 40 فیصد ذمہ دار ہے۔ پانی کی آلودگی ہیپاٹائٹس سی، دل کی بیماریاں اور بریسٹ کینسر بھی بڑے مسائل ہیں۔
رپورٹ میں ایکس-ڈی آر ٹائیفائڈ اور ایچ آئی وی کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح کی نشاندہی بھی کی گئی۔ زندگی بچانے والی ادویات کی کمی اور دواؤں کی بڑھتی قیمتیں سنگین مسئلہ ہیں۔ فضائی آلودگی اب صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ صحت کا اہم معاملہ بن گئی ہے۔ پی ایم اے نے صحت کے بجٹ میں اضافے، اور صاف پانی کی فراہمی کو ترجیح دینے کا مطالبہ کیا۔