Vinkmag ad

پیڈیاٹرک میڈیسن: کون سا ڈاکٹر‘کون سا شعبہ

پیڈیاٹرک میڈیسن
کون سا ڈاکٹر‘کون سا شعبہ

یوں تو بچہ بھی کم عمر کا ایک انسان ہی ہے لہٰذاجنرل میڈیکل سپیشلسٹ دیگر لوگوں کی طرح اس کا بھی علاج کر سکتا ہے۔ تاہم بچوں سے متعلق کچھ اموراوربیماریاں ایسی ہیں جن کی تشخیص اورعلاج کے لئے مخصوص مہارتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ بچہ جب تک رحم ِمادر میں رہتا ہے‘ تب تک اس سے متعلق اکثرمعاملات ماہرینِ امورِزچہ وبچہ دیکھتے ہیں۔ جب وہ اس دنیا میں قدم رکھ دیتا ہے تو اس کے امراض کا علاج شعبہ اموربچگان میں کیا جاتا ہے ۔

پِیڈزمیڈیسن کی وہ شاخ ہے جس میں پیدائش سے لے کر16سال کی عمرتک کے بچوں کا علاج کیاجاتا ہے۔اس شعبے کوالگ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ بچوں کی بعض بیماریاں‘ ا ن کی تشخیص کے طریقے اورعلاج بڑوں سے مختلف ہوتے ہیں۔ دوسرا پہلو یہ ہے کہ نومولود یا ذرا بڑے بچے اپنے فیصلے خود نہیں کر سکتے۔ علاج کے ضمن میں فیصلہ کرنے کا حق یا فرض ان کے والدین یا بڑوں کے پاس ہوتا ہے۔ پِیڈز کے شعبے میں اس پہلو کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔

ذیلی شاخیں

بچوں کے ڈاکٹرکو پیڈیاٹریشن یا ماہرِامراضِ بچگان کہا جاتا ہے۔ اس کی ذیلی شاخیں یہ ہیں

٭پیڈیاٹرک کارڈیالوجی یعنی بچوں کے امراض قلب کاشعبہ۔

٭پیڈیاٹرک یورالوجی یعنی پیشاب سے متعلق بیماریوں کا شعبہ۔

٭پیڈیاٹرک نیفرالوجی یعنی بچوں میں امراضِ گردہ کا شعبہ۔

٭پیڈیاٹرک گیسٹرواینٹرالوجی یعنی بچوں میں معدے وجگر کے مسائل کا شعبہ۔

٭پیڈیاٹرک ہیماٹالوجی/اونکالوجی یعنی بچوں میں خون اورکینسرکے مسائل کا شعبہ۔

٭پیڈزپلمونالوجی یعنی بچوں میں پھیپھڑوں کے مسائل کا شعبہ۔

نیونیٹالوجی

پِیڈزمیں نومولود بچوں سے متعلق ایک بہت اہم شعبہ ہے جسے نیونیٹالوجی اوراس کے ماہرکونیونیٹالوجسٹ کہا جاتا ہے۔ اس میں ایک ماہ کے بچوں کی بیماریوں کے علاوہ قبل ازوقت پیدا ہونے والے،کم وزن کے حامل اورجسمانی کمزوری کے شکار بچوں کا بھی علاج کیا جاتا ہے ۔اگربچے کو پیدائش سے قبل کوئی بیماری ہوتو اس کی تشخیص اورعلاج ضروری ہوتا ہے۔ اس کے لئے معیاری ہسپتالوں میں نوزائیدہ بچوں کی انتہائی نگہداشت کا یونٹ یعنی این آئی سی یوبنایا جاتا ہے۔اس شعبے میں نومولود کے تمام ضروری ٹیسٹ کئے جاتے ہیں تاکہ مسئلے کی صورت میں پہلے دن سے تشخیص کرکےعلاج کیا جاسکے۔

بچے کی زندگی کے پہلے 5 سے 15 منٹ اہم ترین ہوتے ہیں۔ اگر اس دوران بچے کی ٹھیک طرح سے دیکھ بھال نہ کی جائے تو اسے ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اگردوران حمل بچے میں کچھ پیچیدگیاں سامنے آئیں تو ڈیلوری لازماً ایسے ہسپتال میں کروائیں جہاں یہ شعبہ موجود ہوتاکہ ہنگامی صورت حال میں اس کی مناسب دیکھ بھال کی جاسکے۔ اس شعبے میں نہ صرف نومولود اورقبل ازوقت پیدا ہونے والے بچوں کی دیکھ بھال بہتر ہوتی ہے بلکہ بیماریوں سے بچاؤ کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔

Neonatal Intensive Care Unit, underweight, neonatology, premature, pediatrician, pediatric medicine

Vinkmag ad

Read Previous

ناشتے میں کیلوریز

Read Next

دماغ کا فالج: معذوری کو کمزوری نہیں، طاقت بنائیں

Leave a Reply

Most Popular