لیاری جنرل ہسپتال میں پاکستان کی پہلی بین الاقوامی ٹیلی روبوٹک سرجری کامیابی سے انجام پا گئی۔ اس میں کویتی سرجنز نے کراچی کے ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق کویتی ڈاکٹروں نے تقریباً 1,600 کلومیٹر دور سے یہ سرجری کی۔ انٹرنیٹ کے ذریعے میسجز اور رسپانس میں صرف 30 مائیکرو سیکنڈ کا فرق ریکارڈ ہوا۔
کنسلٹنٹ ڈاکٹر انجم رحمان کے مطابق روبوٹک سرجری میں پیٹ پر بڑا چیرا نہیں لگتا۔ ایک سرجری کی اوسط لاگت 150,000 جبکہ پیچیدہ آپریشن کی 400,000 روپے تک ہو سکتی ہے۔ روبوٹک سرجری میں خون کے ضیاع اور انفیکشن کا خطرہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
ٹیلی روبوٹک سرجری پاکستان کے میڈیکل شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ توقع ہے کہ فائیو جی کی آمد کے بعد یہ مزید مؤثر اور تیز ہو جائے گی۔ ڈاکٹر انجم رحمان کے مطابق اس سے پاکستانی ڈاکٹروں کیلئے بیرون ملک مریضوں کا علاج بھی ممکن ہوگا۔