Vinkmag ad

نیورالوجی سے متعلق سوالات

نیورالوجی سے متعلق سوالات

صحت سے متعلق کچھ مسائل اور صورتیں ایسی ہیں جو اکثر لوگوں کو پیش آتی رہتی ہیں ۔ ایسے میں ان کے ذہن میں بہت سے سوالات ہوتے ہیں لیکن ان کی رسائی متعلقہ فرد تک نہیں ہوتی جو ان کے جوابات دے سکے۔ شفا انٹرنیشنل ہسپتال،جی10 کے ماہرِدماغی واعصابی امراض ڈاکٹر قمر زمان (نیورالوجسٹ) اس شعبے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہے ہیں

نیورالوجسٹ اورسائیکائرسٹ میں فرق بتائیے؟ نیز نیورولوجسٹ کون سی بیماریوں کا علاج کرتا ہے؟(طلعت اطہر،راولپنڈی)

ماہرِ امراضِ دماغ و اعصابی امراض کو نیورولوجسٹ اور نفسیاتی امراض کے معالج کو سائیکاٹرسٹ کہا جاتا ہے۔ اگرچہ دونوں شعبوں کا تعلق دماغ سے ہے لیکن ان دونوں کا دائرہ کار مختلف ہے۔ ہم اس معاملے کو کمپیوٹرکی مثال سے اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں جس کے دو اہم حصے ہارڈوئیراور سافٹ وئیرہیں۔ ہارڈوئیرکا تعلق کمپیوٹر کی مشینری سے ہے جبکہ سافٹ وئیر کمپیوٹر کے اندرموجود پروگرام ہیں جو مختلف طرح کے کام سرانجام دیتے ہیں۔اس مثال کی روشنی میں دماغ ہارڈوئیر جبکہ ذہن سافت وئیر ہے ۔ نیورولوجسٹ کا کام دماغ اور حرام مغز، ان کے پٹھوں اوراس کی نسوں سے متعلق بیماریوں کاعلاج کرنا ہے۔ مثلاً سردرد، سٹروک، مرگی اور ریڑھ کی ہڈی کی بیماریاں اس شعبے سے متعلق ہیں۔ اس کے برعکس وہ بیماریاں جن کا کوئی مادی وجود نہیں ہوتا مثلاً خوف، پریشانی،ڈپریشن، توہمات وغیرہ‘ ان کا علاج نفسیاتی معالج کرتا ہے ۔

اگرکسی کوکوئی اعصابی بیماری ہوجا ئے تو اسے کیسے جانچا جا سکتا ہے؟ (سلیمان رشید،ایبٹ آباد)

اعصابی مسئلے کو اس کی علامات مثلاً مسلسل سردرد رہنا،اعصابی کمزوری، سر میں دردیا پھردورے پڑنا وغیرہ سے جانچا جاسکتا ہے۔ نیزپائوں جلنا،ان میں سوئیاں سی چبھتی محسوس ہونا یا جسم کا توازن قائم نہ رکھ سکنا بھی کسی اعصابی مسئلے کی جانب اشارہ ہوسکتا ہے۔ایسے میں ماہر نیورولوجسٹ سے مکمل چیک اَپ کروانے سے ہی اصل بیماری کا پتا لگایا جا سکتا ہے۔

سٹروک یا فالج اصل میں کیا ہے ؟(عابد فاروقی،لاہور)

سٹروک کاتعلق خون کے بہائو سے ہے۔ اگریہ زیادہ ہو جائے تودماغ میں خون کی نالی پھٹ جاتی ہے۔ اس طرح ہونے وا لے فالج کو ہیمرجک سٹروک کہا جاتا ہے۔ اس کے برعکس اگر دماغ میں کسی جگہ خون کی نالی کے سکڑنے کی وجہ سے اس میں خو ن کا بہائو رک جائے تویہ اسکیمِک سٹروک کہلاتا ہے۔

سٹروک کی کیا علامات ہیں؟(عطیہ ناصر،تلہ گنگ)

 سٹروک کی صورت میں جسم کے ایک طرف کا حصہ حرکت کرنا چھوڑ دیتا ہے یا سن ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہوجاتی ہے، سر میں شدید درد اور بولنے یاسمجھنے کی صلاحیت بھی ماند پڑجاتی ہے۔ ضروری نہیں کہ کسی مریض میں یہ ساری علامات بیک وقت پائی جائیں۔ اسکیمِک سٹروک میں مریض عموماً بے ہوش نہیں ہوتا لیکن پورے دماغ کو خون نہ پہنچے تو ایسا ہو بھی سکتا ہے۔

کیا مرگی کا علاج موجود ہے؟(طاہر خان،پشاور)

جی ہاں،مرگی 100فی صد قابلِ علاج مرض ہے۔ بالعموم ایک یا دو سال کے علاج سے ہی اکثر مریضوں کی صحت بہتر ہونے لگتی ہے تاہم کچھ علاج میں اس سے زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے۔ نیزمرگی کا علاج بذریعہ آپریشن بھی ممکن ہے۔

میرے سسرگزشتہ ایک سال سے فالج کے مرض میں مبتلا ہیں۔ان کی تیمارداری سے متعلق کچھ اہم کااحتیاطیں بتا دیجئے؟(روزینہ ،خان پور)

مریض کو اٹھاتے وقت اس کے کندھے کا خاص خیال رکھیں‘ اس لئے کہ اس کے پٹھوں میں طاقت نہ ہونے کی وجہ سے کندھا اترنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ ہسپتال میں مریض کو بستر پرلٹانے اوراٹھانے کے لئے لِفٹر استعمال کیا جاتا ہے۔ گھروں میں چونکہ یہ موجود نہیں ہوتا لہٰذابسترکے اوپر چادر بچھائیں اوراس کے کونے پکڑ کر مریض کو اٹھائیں تاکہ اس کے جسم پر دبائونہ پڑے۔

فالج کے مریض کو بستر پر اس طرح لٹائیں کہ اس کے جسم کا تندرست حصہ نیچے اورفالج زدہ حصہ اوپر کی طرف ہو ۔ کروٹ بدلنے کے لئے پہلے مریض کے متاثرہ بازو کوآگے لائیں اورپھراسی طرف کی ٹانگ کو موڑکر کروٹ بدلیں۔ ہردوگھنٹوں کے بعد مریض کے لیٹنے کی پوزیشن ضرور بدلیں‘ورنہ ایک ہی طرف لیٹے رہنے کی وجہ سے مریض کے جسم پر زخم  بن جائیں گے۔ مریض کے کمرے میں پلنگ بچھاتے وقت خیال رکھیں کہ اس کے جسم کا فالج زدہ حصہ دروازے کی طرف ہو۔

عیادت کے لئے آنے والے لوگوں کی نشستوں کا اہتمام بھی مریض کے متاثرہ حصے کی طرف ہی کرنا چاہئے۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ مریض جب دروازے یا عیادت کرنے والوں کی طرف متوجہ ہوگا تو اس کی نظر اپنے فالج زدہ حصے کی طرف جائے گی۔ اس کے دماغ کے اس حصے کو پیغام ملے گا جو متاثرہ حصے کو کنٹرول کرتا تھا۔یوں اس بات کا امکان ہے کہ دماغ اسے متحرک کرنے کی کوشش کرے۔

مریض کو ہر وقت بستر پر لٹائے رکھنا صحت مند عمل نہیں ۔ بہتر ہے کہ ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جتنا ہوسکے‘ اسے اٹھائیں اوربٹھائیں۔ اگر ڈاکٹر کی اجازت ہو یا مریض خود ہمت دکھائے تو دو افراد کی مدد سے اسے چلانے کی بھی کوشش کرنی چاہئے۔

کمر میں شدید درد کی وجہ سے میں نہ تو نماز پڑھ سکتا ہوں اورنہ ہی جھک سکتا ہوں۔ اس سلسلے میں راہنمائی کریں۔(خلیل مرزا، بنوں)

کمر دردکی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں اٹھنے‘ بیٹھنے ‘ کھڑا ہونے اورچلنے کے غلط ا نداز،ریڑھ کی ہڈی سے متعلق مسائل، ڈسک کا اپنی جگہ سے ہل جانا، آسٹیورپوروسس اورکینسروغیرہ شامل ہیں۔ معدےاور گردے کی بیماری یا نفسیاتی مسائل بھی اس کی وجہ بن سکتے ہیں۔ آپ سے درخواست ہے کہ اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے کسی اچھے معالج سے رابطہ کریں۔

عرق النساء کیا ہے اوریہ کیوں ہوتا ہے؟(مومنہ صابر،سیالکوٹ)

عرق النساء یا شیاٹیکااس درد کو کہتے ہیں جو کہ پیڑو کے سِروں سے شروع ہوتا ہے جہاں ایک بڑا عصب موجود ہوتا ہے ۔ یہ درد ٹانگ کے پچھلے حصے سے ہوتا ہوا بیرونی ٹخنے تک محسوس ہوتا ہے۔ درحقیقت یہ ایک عصبی مرض ہے۔ عرق النساء کا درد آہستہ آہستہ شروع ہو کر شدید ہوتا چلا جاتا ہے۔ کبھی کبھی یہ اچانک بھی شروع ہو جاتا ہے۔ اس میں بعض اوقات متاثرہ ٹانگ بھاری ہو جاتی ہے اور مریض کے لئے اس پر وزن ڈالنا کافی مشکل ہوجاتا ہے۔ ایسے میں مریض پاؤں کے اگلے حصے پر بوجھ ڈال کر ایڑی کو اونچا رکھتا ہے تاکہ شیا ٹیکا نرو پرکسی قسم کا کھچائو نہ پڑے۔

اس مرض کی صورت میں مریض ٹانگ کو ڈھیلا رکھتا ہے اور پاؤں کو گھسیٹ کر چلتا ہے۔ متاثرہ ٹانگ میں اکثر بل پڑ جاتے ہیں اور نسیں کھچ جاتی ہیں۔ مریض کرسی پر ٹانگ لٹکا کر بیٹھا ہواور اس کے گھٹنے کو دبایا جائے تو مریض کو سخت درد محسوس ہوتا ہے۔عرق النساء کا مرض عموماً قبض ‘زیادہ دیر تک پانی میں بھیگنے، نمدار جگہ پربیٹھنے یا سونے، زیادہ وزن اٹھانے، شدید جھٹکا لگنے، ریڑھ کی ہڈی کے مہرے ہل جانے، اعصابی تناؤ، پریشانی ، مسلسل ایک ہی کروٹ لیٹنے، کئی گھنٹوں تک مسلسل بیٹھے رہنے اورحادثے وغیرہ کے باعث ہوتا ہے۔ ان تمام صورتوں میں شیا ٹیکا نرو میں کھچائو پیدا ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ مرطوب مقا مات پر رہنے والوں میں بھی یہ مرض عام ہے۔

کیا موٹاپے کا ریڑھ کی ہڈی کے مسائل سے کوئی تعلق ہے؟ ان سے بچنے کے لیے کیا کرنا چاہئے؟(طیبہ زمان قاضی،کراچی)

موٹاپا ریڑھ کی ہڈی کے بہت سے مسائل کو جنم دے سکتاہے جن میں سے کمر درد اور سلپ ڈسک سرِفہرست ہیں۔ان سے بچنے کے لیے جہاں متوازن غذا، ورزش اورچلنے پھرنے،بیٹھنے اٹھنے کےدرست طریقے اپنانا اہم ہے‘ وہاں وزن قابو میں رکھنا بھی بہت ضروری ہے۔

Hemorrhagic stroke, Ischemic stroke, bedsore, sciatica, Osteoporosis, slipped disc, pelvis

Vinkmag ad

Read Previous

کیلے بھرے سیب

Read Next

ہڈیوں کی بیماریاں

Leave a Reply

Most Popular