کیا آپ نے کبھی سوچا کہ آپ کا دل بنا کسی شعوری کوشش کے کیسے 24 گھنٹے کام کرتا رہتا ہے۔ دراصل دل ایک پٹھہ ہے اور ان پٹھوں میں سے ایک ہے جن کی حرکت آپ کے اختیار میں نہیں ہوتی۔ وہ براہ راست اعصابی نظام کے تحت اپنا کام کر رہے ہوتے ہیں اور سموتھ مسلز کہلاتے ہیں۔ اس کے برعکس جن پٹھوں کی حرکت ارادے کے تحت ہوتی ہے انہیں سکیلیٹل مسلز یا پنجر والے عضلات کہتے ہیں۔ ان کی قوت کم ہو جائے تو اسے پٹھوں کی کمزوری کہتے ہیں۔ یہ اعصابی اور میٹابولزم سے متعلق بیماریوں کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔
ہم جو غذا کھاتے ہیں، وہ جسم میں جا کر چھوٹے چھوٹے اجزاء میں تقسیم ہو کر جزو بدن بنتی ہے۔ اس عمل کے دوران توانائی پیدا ہوتی ہے جسے ہمارا جسم مختلف کاموں کے لیے استعمال کرتا ہے۔ یہ عمل میٹابولزم کہلاتا ہے۔
پٹھوں کی کمزوری کی اقسام
مستقل کمزوری
بعض اوقات پٹھے میں قوت کم ہوتی ہے یعنی وہ اتنی طاقت نہیں لگا سکتا جتنی کہ اسے عام حالات میں لگانی چاہیے۔ اسے اعصابی عضلات (neuromuscular) کی کمزوری کہتے ہیں۔ دوسرے لفظوں میں اسے پٹھوں کی مستقل کمزوری بھی کہتے ہیں۔
عارضی کمزوری
اس قسم میں پٹھے کمزور نہیں ہوتے۔ تاہم ان سے کام لینے کے لیے متاثرہ شخص کو زیادہ طاقت لگانا پڑتی ہے۔ اسے غیر اعصابی عضلات (non-neuromuscular) کی کمزوری کہا جاتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں اسے پٹھوں کی عارضی کمزوری بھی کہا جا سکتا ہے۔
مرض کی وجوہات
پٹھوں کی کمزوری کی عام وجوہات یہ ہیں:
٭ خون کی کمی اور ذیابیطس کا شکار ہونا
٭ پٹھوں کی بیماریاں، جسمانی بیماریاں اور اعصابی کمزوری ہونا
٭میٹابولک نظام میں خرابی
٭ پوٹاشیم اور سوڈیم کی کمی ہونا
٭ ہائپر تھائی رائیڈازم یعنی تھائی رائیڈ ہارمون کا بڑھ جانا
٭ ایڈرینل غدود کے ہارمون کی کمی ہونا
مرض کی علامات
اس صورت میں پٹھوں میں جلن، درد یا کھچاؤ یا اکڑن محسوس ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ علامات ظاہر ہو سکتی ہیں:
٭ مریض کی نظر دھندلا سکتی ہے
٭ حافظہ کمزور ہو سکتا ہے
٭ تھکن کے ساتھ بخار، سر درد اور بعض اوقات معدے کے مسائل بھی سامنے آ سکتے ہیں
٭ بازوؤں اور ٹانگوں میں کھچاؤ محسوس ہوتا ہے
٭ وزن بغیر کسی ظاہری وجہ کے کم ہونے لگتا ہے
ڈاکٹر سے کب رابطہ کریں
کچھ صورتوں میں پٹھوں کی کمزوری خطرناک ثابت ہو سکتی ہے بالخصوص جب یہ اچانک اور جسم کے ایک طرف ہو۔ ان علامات کے ظاہر ہونے کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کریں:
٭ فالج کا حملہ یا جسم کا کوئی حصہ حرکت کرنے سے معذور ہو جائے
٭ پیٹ یا سر میں شدید درد ہو
علاج
پٹھوں کی کمزوری کسی خطرناک بیماری کی علامت ہو سکتی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ بر وقت علاج کرایا جائے۔ اس کی تشخیص اور علاج مریض کی علامات کو مد نظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔
٭ غذائی کمی کے باعث کمزوری ہو تو سپلیمنٹ دیے جاتے ہیں۔
٭ کسی بیماری کے باعث کمزوری ہو تو اس کا علاج کیا جاتا ہے۔
علاج کے ساتھ پٹھوں کو تقویت دینے کے لیے مختلف ورزشیں بھی تجویز کی جاتی ہیں۔ جو ورزشیں بتائی جائیں ان کو کرنے میں سستی نہ کریں۔