بھارتی شہر بنگلور سے ایک حیران کن خبر سامنے آئی ہے۔ ڈاکٹروں نے سرجری کے ذریعے آٹھ سالہ بچی کے پیٹ سے بالوں کا گچھا نکال لیا ہے۔
بعض لوگوں کو بال کھانے کی عادت ہوتی ہے۔ اس سے وہ معدے میں جمع ہو جاتے ہیں۔ تاہم اتنی کم عمر میں ایسا ہونا انتہائی نایاب کیس ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچی کو بال کھانے کی عادت تھی۔ اس سے اس کے پیٹ میں بالوں کا گچھا بن گیا۔
میڈیا میں بچی کے لیے ادیتی کا فرضی نام استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے والدین دو سال سے بہت پریشان تھے۔ بچی کو بھوک بالکل نہیں لگتی تھی۔ اسے بار بار الٹیاں بھی آتی تھیں۔ مختلف ڈاکٹروں سے علاج کروایا گیا لیکن کوئی نتیجہ نہ نکلا۔
موجودہ صورت حال میں بھی ڈاکٹروں نے پہلے معدے میں سوزش تشخیص کی۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ اس کے پیٹ میں بال جمع ہیں۔ گچھا بڑا اور چپچپا تھا۔ اینڈوسکوپی کے لیے صورت حال خاصی پیچیدہ تھی۔ لہٰذا اسے نکالنے کے لیے سرجری بہت ضروری تھی۔ آپریشن میں اڑھائی گھنٹے لگے اور آٹھ سالہ بچی کے پیٹ سے بالوں کا گچھا کامیابی سے نکال لیا گیا۔