کبھی کبھار اچانک کئی گھنٹوں کے لیے لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے اور یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ بچلی کب تک واپس آئے گی۔ ایسے میں فریج یا فریزر میں پڑی کھانے پینے کی اشیاء خراب ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ سی ڈی سی کے مطابق لوڈ شیڈنگ کے دوران کھانے کی اشیاء کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم پہلے سے کچھ اقدامات کریں۔ پھر اس دوران اور بعد میں بھی کچھ ہدایات پر عمل کریں۔
بجلی جانے سے پہلے
٭ کچھ برتنوں میں برف جما کر رکھ لیں یا جیل کے پیکٹس کو فریز کرلیں۔
٭ اپنے پاس ایک کولر رکھیں تاکہ بوقت ضرورت کھانے کو فریج سے نکال کر اس میں رکھا جائے اور وہ ٹھنڈا رہے۔
٭ خشک برف خرید لیں۔
٭ فریزر یا کولر کا درجہ حرارت چیک کرنے کے لیے تھرما میٹر رکھیں۔ فریج کا درجہ حرارت 40 ڈگری یا اس سے کم جبکہ فریزر کا 0 ڈگری فارن ہائیٹ یا اس سے کم ہونا چاہیے۔
جب بجلی نہ ہو
٭ فریزر یا فریج کا دروازہ بند رکھیں۔
٭ اگر دروازہ بند رکھا جائے تو فریج میں کھانا چار گھنٹے اور بھرے ہوئے فریزر میں 48 گھنٹے ٹھیک رہتا ہے۔ فریزر میں آدھی جگہ خالی ہو تو کھانا 24 گھنٹے تک محفوظ رہتا ہے۔
٭ بجلی گئے ہوئے چار گھنٹے گزر گئے ہوں تو کھانے پینے کی وہ چیزیں جو جلدی خراب ہو سکتی ہوں انہیں کولر میں رکھیں۔ ان پر برف یا جیل پیکٹس رکھ دیں تاکہ ان کا درجہ حرارت 40 ڈگری فارن ہائیٹ یا اس سے کم رہے۔
بجلی آنے کے بعد
٭ یہ دیکھنے کے لیے کہ کھانا ٹھیک ہے یا نہیں اسے چکھیں نہیں۔ اگر ذرا سا بھی شک ہو کہ یہ خراب ہوگیا ہے تو اسے پھینک دیں۔
٭ چار گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بجلی نہ آئے اور کھانا ٹھنڈا رکھنے کے لیے کولر یا برف کا انتظام نہ ہو تو گوشت، چکن، کٹے ہوئے پھل سبزیاں، دودھ اور انڈے وغیرہ پھینک دیں۔
٭ کسی بھی کھانے کی بو، رنگ یا ساخت (texture) معمول سے مختلف ہو تو اسے پھینک دیں۔
٭ تھرمامیٹر کی مدد سے کولر میں رکھے ہوئے کھانے کا درجہ حرارت چیک کریں۔
٭ فریز کیے ہوئے کھانے کو چیک کریں۔ اس میں تھوڑی برف باقی ہو اور اس کا ٹمپریچر 40 ڈگری فارن ہائیٹ یا اس سے کم ہو تو اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کھانے کو دوبارہ فریز بھی کر سکتے ہیں۔