راولپنڈی میں ہیپاٹائٹس کے بڑھتے ہوئے کیسز نے تشویش ناک صورت حال پیدا کر دی ہے۔ انسداد ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت شہر میں بلڈ ٹیسٹوں کے دوران 1,086 افراد میں ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص ہوئی۔
سکریننگ کے لیے فوجی کالونی، پیر ودھائی اور دیگر ملحقہ گنجان آباد علاقوں کا انتخاب کیا گیا۔ خون کے 4,725 نمونوں میں سے 226 میں ہیپاٹائٹس بی جبکہ 1,086میں ہیپاٹائٹس سی کے جراثیم پائے گئے۔ مزید برآں 20 افراد دونوں طرح کے ہیپاٹائٹس میں مبتلا تھے۔ آٹھ حاملہ خواتین میں بھی ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص ہوئی۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں 15 ملین سے زائد افراد ہیپاٹائٹس بی یا سی کے شکار ہیں۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا ہدف ہے کہ 2030 تک ہیپاٹائٹس بی اور سی عوامی سطح پر ایک بڑا خطرہ نہ رہیں۔ اہداف میں نئے طویل المعیاد انفیکشنز میں 90 فیصد جبکہ اس کے سبب اموات میں 65 فیصد کمی لانا شامل ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر انصر اسحاق کے بقول انہوں نے ہیپاٹائٹس آگاہی مہم شروع کر دی ہے۔ اس کے علاوہ مفت علاج کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
راولپنڈی میں ہیپاٹائٹس کے اعدا د شمار باقی شہروں کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی ہیں۔ پرہیز سستا جبکہ علاج مہنگا ہے۔ لہٰذا اس مرض سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔