بڑی عید کے موقع پر کوئی گوشت کھانے سے منع کرے تو یہ بظاہر رنگ میں بھنگ ڈالنے کے مترادف ہے۔ ہمارے ہاں گوشت خوری کا رجحان ویسے بھی زیادہ ہے اور عید قربان پر تو اکثر لوگ کچھ زیادہ ہی گوشت کھا لیتے ہیں۔ اگر زیادہ مقدار میں گوشت استعمال کیا جائے تو دل کے مسائل، ہائی بلڈپریشر اور کولیسٹرول کی زیادتی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ گوشت کے زیادہ اور ریشے دار غذاؤں کے کم استعمال سے پاخانہ سخت ہو جاتا ہے۔ نتیجتاً قبض، بواسیر، پاخانے میں خون اور پاخانے یا بڑی آنت کے دیگر مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ گوشت خوری کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے کچھ ہدایات پر عمل کیا جا سکتا ہے۔
مسائل سے بچاؤ کی تدابیر
عید پر گوشت خوری کے نقصانات کو محدود کرنے کے لیے یہ تدابیر مفید ثابت ہو سکتی ہیں:
لیموں کا استعمال
گوشت اور سالن پر لیموں نچوڑ کر کھائیں۔ یہ ہاضمے کو درست رکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔ قدیم زمانوں سے اسے نہاری، پائے اور حلیم وغیرہ کے ساتھ استعمال کیا جا رہا ہے۔ لیموں کے چند قطروں کے استعمال سے کھانا جلد ہضم ہوتا ہے۔ مزید برآں اس کا رس چکنائی کو جمنے نہیں دیتا۔ بریانی یا پلاؤ بنائیں تو دم دیتے وقت ایک یا دو لیموں چھلکے سمیت کاٹیں اور اس کے گول یا چوکور قتلے چاولوں کے اوپر ڈال دیں۔ اس سے چاولوں کا ذائقہ بھی اچھا ہوگا اور وہ زودہضم بھی ہوں گے۔
دیگر ہدایات
٭ عید کے موقع پر گوشت اعتدال میں کھائیں اور اس کے ساتھ دہی اور سلاد ضرور استعمال کریں۔
٭ کلیجی پکانے سے پہلے اس کی باریک سفید جھلی اتار کر دیکھیں۔ اس پر کوئی داغ یا سوراخ ہو تو اسے استعمال نہ کریں۔
٭ گوشت کو زیادہ دیر تک فریز نہ کریں۔ اسی طرح فریز کیا ہوا کھانا بھی ایک دفعہ نکالنے کے بعد دوبارہ فریز مت کریں۔
٭ ہر طرح کے گوشت کو ہلکی آنچ پر اور ڈھک کر پکائیں تاکہ اس کے غذائی اجزاء ضائع نہ ہوں۔
٭ گوشت کو مکمل طور پر پکائیں کیونکہ کچا گو شت مضرِ صحت ہے۔
٭ گوشت کو سکھاتے وقت اس کو ململ کے کپڑے سے لپیٹ دیں تاکہ وہ فضائی آلودگی اور مکھیوں سے محفوظ رہے۔
٭ گوشت ہمیشہ فریزر کے نچلے خانے میں رکھیں۔ ایسا کرنے سے باقی کھانے کی اشیاء اس کی بو اور پانی سے متاثر نہیں ہوں گی۔
٭ جب ران روسٹ کرنے لگیں تو کانٹے یا چاقو کی مدد سے اس پر کٹ لگائیں۔ مصالحہ لگی ران کو چھ سات گھنٹوں تک رکھ دیں۔ سرکہ ضرور لگائیں کیونکہ اس سے ران خستہ اور مزیدار ہوگی۔ ساتھ ہی گوشت مکمل پک جائے گا۔