Vinkmag ad

کینو سردیوں کا ہر دلعزیز پھل

قدرت کی انسان کے لئے پیدا کردہ نعمتوں میں لذیذ اور صحت بخش پھل نمایاں ہیں۔ پھلوں کی ایک قسم ترشاوا ہے جس میں لیموں، نارنگی اور سنگترہ جیسے ترش پھل آتے ہیں۔ مالٹوں کی فیملی میں پہلے صرف سنگترہ ہی دستیاب تھا لیکن اس کی پیوندکاری کی مدد سے کینو کی شکل میں ایک نیا پھل بھی سامنے آ گیا۔ پاکستان میں اس کے باغات سرگودھا، شیخوپورہ،  گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ہیں۔ کینو سردیوں کا ہر دلعزیز پھل ہونے کے ساتھ ساتھ کئی فوائد رکھتا ہے۔

کینو کی غذائیت

امریکی ذیابیطس ایسوسی ایشن کے مطابق تمام ترش پھلوں کو ذیابیطس کے مریضوں کے لئے سپر فوڈز کا نام دیا گیا ہے۔ ان مریضوں کو انہیں اپنی روزمرہ کی خوراک میں شامل کرنا چاہئے۔

ایک درمیانے سائزکے کینو میں 50 کیلوریز، 11 گرام نشاستہ، صفر کولیسٹرول اور ایک گرام پروٹین پایا جاتا ہے۔ مزیدار کینو میں متعدد وٹامنز اور معدنیات پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامن بی اور سی، سوڈیم، پوٹاشیم، تانبا اور ریشہ بھی وافر مقدار میں موجود ہیں۔ نہ صرف یہ پھل بلکہ اس کے پھول، اس کا گودا، چھلکا اور بیج سبھی مفید ہوتے ہیں۔

کینو کا مارملیڈ

کینو کا مارملیڈ-کینو کے فوائد-شفانیوز

کینو سے بنے مارملیڈ کے ایک کھانے کے چمچ میں 40 کیلوریز اور 8 گرام کاربوہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں۔ اسے گھرپر بنانے کے لئے چھ سے سات کینوؤں کے چھلکے کاٹ کر اتنے پانی میں ابالیں کہ پانی چھلکوں سے اوپر رہے۔ جب یہ اچھی طرح سے گل جائیں تو انہیں چھلنی میں ڈال کررکھ دیں تاکہ سارا پانی نکل جائے۔

اب 10سے 12 تازہ کینوؤں کا رس نکالیں۔ اس میں تقریباً ایک پاؤ چینی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ اس میں چینی کے ہم وزن گلوکوز بھی ملا دیں۔ جب چینی گھل جائے تو کینو کے چھلکے ڈال کر پکائیں اور رس گاڑھا ہونے پر اتار لیں۔ اس میں اورنج ایسنس کے دو یا تین قطرے بھی ملا لیں۔

کینو کا مربہ

اسے بنانے کے لئے ایک ہی سائز کے درمیانے یا چھوٹے کینو لے کرانہیں دھوئیں اورپانی میں ابالیں۔ جب یہ اچھی طرح سے ابل جائیں تو انہیں پانی سے نکال لیں۔ ٹھنڈے ہونے پر کسی ٹرے میں رکھ کران پر چھری سے اچھی طرح نشان لگائیں کہ چینی اندر تک چلی جائے۔ اب جتنے کینو ہوں، اس سے دو گنی مقدار میں چینی شامل کریں۔ تقریباً 24 گھنٹوں بعد اسے دیکھیں۔

کینو کا مربہ-کینو کے فوائد-شفانیوز

اگر چینی گھل گئی ہو تواسے ہلکی آنچ پر رکھ کر پکائیں اوراتار کر رکھ لیں۔ اگلے دن پھر سے جائزہ لیں۔ چینی کا شیرہ پتلا لگے تو ایک دفعہ اور پکا کررکھ لیں، ورنہ ویسے ہی محفوظ کر لیں۔

کینو کا شربت

 ایک گلاس کینو کے جوس میں 110 کیلوریز پائی جاتی ہیں۔ اسے بنانے کے لئے ایک درجن کینوؤں کے رس میں ایک کلوگرام چینی ڈالیں اور اسے ہلکی آنچ پر پکاتے رہیں۔ جب یہ گاڑھا ہونے لگے تو آنچ سے اتار لیں اور اس میں اورنج ایسنس ملا کر رکھ لیں۔

زردے میں استعمال

چار یا پانچ کینوؤں کے چھلکے چھری سے باریک کاٹ کر اخبار یا ٹرے میں پھیلا کرخشک کر لیں۔ جب وہ اچھی طرح سے سوکھ جائیں تو انہیں کسی شیشے کی خالی بوتل میں رکھیں۔ زردے میں ان چھلکوں کا استعمال ذائقے کو دوبالا کر دیتا ہے۔ چاول دم دیتے وقت اگر آدھے کینو کا رس بھی ملا لیا جائے تو لذت میں اضافہ ہوتا ہے۔

کینو کا ماسک

کینو کے چھلکے اور پانچ یا چھ لیموؤں کے چھلکےسکھا کراچھی طرح کوٹ لیں۔ مصنوعی کیمیکلز سے پاک گھریلو ابٹن تیار ہے۔ اس میں تھوڑا سا عرق گلاب اورتین عدد بادام پیس کرشامل کریں۔ ایک بڑا چمچ بیسن یا جو کا آٹا اور چند قطرے زیتون کا تیل بھی ملا لیں اور پیسٹ کو خالی ڈبے میں محفوظ کر لیں۔ اس کے مساج سے چند ہی روز میں چہرہ نکھرجائے گا اور داغ دھبے بھی دور ہو جائیں گے۔ سردیوں میں جلد خشک اور بے جان سی لگتی ہے، اس کے لئے بھی اس پیسٹ کا مساج بہت فائدہ مند ہے۔

کینو کا ماسک-کینو کے فوائد-شفانیوز

 اس ابٹن میں کینو کا تازہ رس اور ایک چوتھائی چمچ گلیسرین شامل کر کے چہرے اور ہاتھوں پر مساج کیا جائے تو یہ چہرے پر فیشل کا تاثر دینے لگے گا۔ بازار میں دستیاب کریموں میں بھی عموماً کینو کا رس شامل کیا جاتا ہے۔ کینو کے چھلکے سے حاصل ہونے والا تیل پارلرز میں جلد کی رعنائی بڑھانے کے لئے کئی طرح کے ماسک میں ڈالا جاتا ہے۔

کینو اور احتیاطیں

٭زیادتی کسی بھی چیزکی ہو، نقصان دہ ہوتی ہے۔ زیادہ کینو کھانے سے بعض اوقات طبیعت بوجھل محسوس ہوتی ہے۔ اس لئے اس سے احتیاط کریں۔

٭فروٹ چاٹ میں کینو کا رس ملا لینا صحت کے ساتھ ساتھ ذائقے کو بھی بڑھاتا ہے۔

٭کینو کی پھانکوں پر سفید رنگ کا چھلکا ہوتا ہے جسے بالعموم اتار کر ضائع کر دیا جاتا ہے۔ اگر اسے پھانکوں کے ساتھ کھایا جائے تو اس میں موجود ریشے کی وجہ سے قبض نہیں ہوتا۔

تحریر: آمنہ عارف، ماہر غذائیات، لاہورe

مزید پڑھئے

کیا مالٹے سے گلا خراب ہوسکتا ہے؟

Vinkmag ad

Read Previous

کیا دانے چھیلنے سے جلد خراب ہوجاتی ہے؟

Read Next

Flu vaccination can save lives

Leave a Reply

Most Popular