معدے میں زیادہ گیس بھر جانے کو اپھارہ کہتے ہیں۔ یہ کیفیت معدے کے فعال انداز میں کام نہ کرنے اور خوراک کو مکمل ہضم نہ کرنے کے باعث پیدا ہوتی ہے۔ اس صورت میں کھائے پیے بغیر بھی معدہ بھرا بھرا محسوس ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ڈکار آتے ہیں، ریح خارج ہوتی ہے، پیٹ میں درد ہوتا ہے اور پیٹ پھول جاتا ہے۔ اپھارے سے نجات کے لیے کچھ غذائیں مفید ہیں۔
ادرک
ادرک پیٹ پھولنے کی تکلیف میں کمی کے لیے فائدہ مند ہے۔ اس میں موجود انزائمز پروٹین کو جذب کرنے میں مدد دیتے ہیں اور یوں اپھارے کی شکایت نہیں ہوتی۔
پودینہ
رات کو کھانے کے بعد پیٹ میں گرانی کا احساس ہو تو پودینے کی چائے کا ایک کپ اس میں مفید ہے۔
دار چینی
یہ مفید مصالحہ کھانے کا ذائقہ دوبالا کرنے اور غذا میں موجود چکنائی کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے استعمال سے پیٹ میں گیس نہیں بنتی۔ مزید برآں زیرہ بھون اور پیس کر ایک چمچ روزانہ شہد میں ملا کر کھانے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔
گڑ
بعض لوگ کھانے کے بعد دہی پر شکر یا پسا ہوا گڑ ڈال کر کھاتے ہیں۔ اس سے معدہ فعال اور ہاضمہ درست رہتا ہے۔ تاہم اس کے زیادہ استعمال سے پرہیز کرنا چاہیے۔
نارنگی اور امرود
قبض، بدہضمی یا گیس سے بچاؤ کے لیے نارنگی کھانا مفید ہے۔ اس کے علاوہ امرود سے گیس دور ہوتی ہے۔
دہی
دہی میں پروبائیوٹکس (معدے کے لیے فائدہ مند بیکٹریا) ہوتے ہیں۔ یہ ہاضمے اور غذائی نالی کی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔ روزانہ تھوڑا دہی کھانا پیٹ پھولنے کے مسئلے کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
سونف
کھانے کے بعد ایک سے دو چمچ سونف کا استعمال جسم سے اضافی گیس کے علاوہ منہ کی بدبو کا بھی خاتمہ کرتا ہے۔
کیلا
پوٹاشیم سے بھرپور غذائیں مثلاً کیلے جسم میں سوڈیم کی سطح کو بہتر کر کے پانی جمع ہونے سے روکتے ہیں۔ پیٹ پھولنے کی ایک وجہ قبض بھی ہے۔ اگر فضلہ جسم سے خارج نہ ہو تو پیٹ پھول جاتا ہے یا گیس پیدا ہوتی ہے۔ کیلوں میں فائبر بھی ہوتا ہے جو قبض سے تحفظ یا اس سے نجات دلانے میں مدد دیتا ہے۔
تربوز
تربوز میں پایا جانے والا 90 فیصد پانی جسم میں پانی کی مقدار پوری کرتا ہے۔ یہ پیشاب آور بھی ہوتا ہے جس کی وجہ سے فاضل پانی اور نمکیات کو بھی جسم سے خارج کرتا ہے۔
کھیرے
اس سبزی میں سوجن گھٹانے والے مادے وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ اس کو کاٹ کر کھائیں یا اس کا عرق نکال کر پی لیں۔
دھنیا
ابتدائی مرحلے میں سبز دھنیا بھی اپھارے کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ کبھی کبھار مسئلہ ہو تو ایک سے دو چمچ سبز دھنیے کا عرق لسی یا ایک چمچ شہد میں ملا کر پی لیں۔ اسے مستقل عادت نہ بنائیں اور مسئلہ برقرار رہے تو معالج سے رابطہ کریں۔