Vinkmag ad

حمل دوست غذائیں

    رحم مادر میں بچہ نشو و نما کے مختلف مراحل سے گزرتا ہوا مکمل انسانی شکل اختیار کرلیتا ہے ۔ اس عمل میں اسے مخصوص غذائی اجزاءکی ضرورت ہوتی ہے جو وہ ماں کے جسم سے حاصل کرتا ہے۔ لہٰذا صحت مند بچے کی پیدائش کے لئے ماں کا صحت مند ہونا بھی ضروری ہے جس کے لئے انہیں متوازن مقدار میں متوازن غذا کا استعمال یقینی بنانا چاہئے۔ حاملہ خواتین کے لئے ضروری اجزاءاور جن چیزوں میں وہ پائے جاتے ہیں‘ ان کی تفصیل درج ذیل ہے

لحمیات(Protien)
لحمیات نئی بننے والے ٹشوز کے لئے اہم عنصر ہے۔ یہ بچے کے عضلات‘ ہڈیوں اور اعضاءکی تشکیل کے لئے انتہائی ضروری ہیں۔ دوران حمل لحمیات کی کمی سے بچے میں ذہنی پسماندگی کا خطرہ رہتاہے۔ دودھ‘ دہی اور دالیں لحمیات حاصل کرنے کے ذرائع ہیں۔

فولاد (Iron)
حمل کے دوران اکثر خواتین فولا کی کمی کا شکار ہو جاتی ہیں۔ اس کا سبب یہ ہے کہ حمل کے دوران ماں کے خون میں پانی کی مقدار زیادہ ہو جاتی ہے۔ اس کا اضافہ خون کے اہم جزو ہیموگلوبن کی مقدار میں کمی کا باعث بنتا ہے۔
ہیموگلوبن چونکہ فولاد میں پایا جاتا ہے اس لئے حاملہ خواتین کو اس کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے جو گوشت (گائے‘ بکری‘ مرغی) میں بالعموم اور کلیجی میں بالخصوص وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ سبزیوں میں پالک‘ میتھی اور پھلوں میں انار‘ خوبانی‘ کھجوریں‘ کشمش‘ اخروٹ‘ بادام اور مونگ پھلی فولاد حاصل کرنے کے بہترین ذرائع ہیں۔

کیلشیم (Calcium)
ہڈیوں کی تشکیل میں کیلشیم کا کردار بہت اہم ہوتا ہے جسے رحم مادر میں نشوونما پاتا بچہ ماں کے جسم سے حاصل کرتاہے۔ اگر ماں کی غذا میں کیلشیم مناسب مقدار میں شامل ہو تو نہ صرف بچے کی نشو و نما اچھی ہو گی بلکہ ماں خود بھی تندرست رہے گی۔
کیلشیم دودھ اور دہی کے علاوہ خشک میوہ جات سے بھی حاصل کیا جاتا ہے۔مزید برآں یہ پالک‘ بند گوبھی‘ شلجم کے پتوں‘ مختلف دالوں اور کالے چنوں میں بھی موجود ہوتا ہے۔ اگر غذا سے کیلشیم کی مطلوبہ مقدار حاصل نہ ہو سکے تو معالج کے مشورے سے اس کی گولیاں بھی کھائی جا سکتی ہیں۔

پوٹاشیم (Potassium)
پوٹاشیم کی کمی سے حاملہ خواتین میں سر چکرانے کی شکایت پیدا ہو جاتی ہے۔ قبض‘ متلی بھی اسی کی کمی کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ پوٹاشیم پٹھوں اور جوڑوں کو لچک دار اور مضبوط بناتا ہے۔ یہ تازہ پھلوں‘ دودھ‘ لہسن‘ مولی‘ آلو اور گوشت میں کافی مقدار میں پایا جاتا ہے۔

فولک ایسڈ (Folic Acid)
فولک ایسڈ وٹامن بی کی ایک قسم ہے جو گولیوں اور کیپسول کی شکل میں بھی دستیاب ہے۔ فولک ایسڈ عموماً وٹامن ا ی کے ساتھ مل کر خون کی کمی کو دور کرتا ہے۔ اس کا استعمال حمل ٹھہرنے سے پہلے اور اس کے دوران‘ دونوں حالتوں میں بے حد اہم ہے۔ جن ماﺅں کی غذا میں فولک ایسڈ کی کمی ہو‘ ان کے بچے حرام مغز ، اعصابی اور دماغی مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔ایسے بچوں کی ریڑھ کی ہڈی میں بھی نقص پیدا ہو سکتا ہے۔
فولک ایسڈ مرغی کی کلیجی‘ بند گوبھی‘ دالوں‘ سالم آٹے کی روٹی‘ سلاد‘ دودھ‘ گوشت اور سیب میں پایا جاتا ہے۔

فاسفورس (Phosphorus)
دانتوں اور ہڈیوں کی مناسب نشو و نما اور انہیں ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رکھنے کے لئے فاسفورس بہت ضروری ہے۔ یہ گوشت‘ دودھ‘ پنیر‘ مولی‘ لہسن‘ پیاز‘ بندگوبھی اور پھول گوبھی میں بکثرت پایا جاتا ہے۔

آئیوڈین (Iodine)
آئیوڈین کی کمی کے ساتھ پیدا ہونے والے بچوں میں گلہڑ‘ تھائی رائیڈ اور ذہنی پس ماندگی کے مسائل سامنے آسکتے ہیں۔ حاملہ خواتین کو عام صحت مند عورت کے مقابلے میں اضافی آئیوڈین کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ کمی سمندری نمک‘ آئیوڈین ملے نمک‘ بینگن اور جامن کو غذا میں شامل کرنے سے دور ہو سکتی ہے۔

جست (Zinc)
جست کی کمی سے ماں کی بھوک مرجاتی ہے جس کی وجہ سے وہ مناسب مقدار میں خوراک نہیں کھا سکتی اورایسا کرنا ماں اور بچے‘ دونوںکے لئے نقصان دہ ہے۔
جست کے ذرائع میں گوشت‘ کلیجی‘ مرغی‘ مچھلی‘ سالم اناج‘ پھلیاں وغیرہ شامل ہیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

تاس کباب

Read Next

رنگ برنگے پھل اور سبزیاں ذہنی اور جسمانی صحت پر اثرات

Most Popular