Vinkmag ad

رنگ برنگے پھل اور سبزیاں ذہنی اور جسمانی صحت پر اثرات

    کائنات اگر حسین ہے تو اس کا یہ حسن بڑی حد تک رنگوں کا مرہون ِ منت ہے۔انہی سے ہی زندگی میں بہار اور خوبصورتی ہے۔ مزید برآں ان کا تعلق صرف خوبصورتی سے نہیں بلکہ ہماری صحت کے ساتھ بھی بہت گہراہے۔یہ بھوک،موڈ،حتیٰ کہ بلڈ پریشر تک بڑھانے یا گھٹانے کا باعث بن سکتے ہیں۔
اگررنگوں کے نفسیاتی اثرات کی بات کریں تو اگرچہ ہررنگ کا ایک بنیادی اثرہوتا ہے لیکن بعض اوقات حالات یاخطوںکی مناسبت سے یہ اثر یا اس رنگ کا پیغام مختلف بھی ہو سکتا ہے۔کچھ بنیادی رنگ اور ان کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

سرخ
سرخ رنگ کوبالعموم خوشی، جذبے، توانائی، خواہش اور محبت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔اسے لئے سرخ گلاب محبت کا استعارہ ہے اور دلہن کو روایتی طور پر سرخ لباس پہنایا جاتا ہے ۔مگرجب سے دنیا میں دہشت گردی اور قتل و غارت کا سلسلہ بڑھا ہے‘ تب سے اس کے شکار ممالک میں اس کے ساتھ خوف کا تاثر بھی قائم ہو گیا ہے۔اگر ہم صحت کے تناظر میں دیکھیں تو یہ ہمارے میٹا بولزم ،عملِ تنفس اور دل کی دھڑکن بڑھانے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
سرخ پھل‘ سبزیاں اور ان کے طبی فوائد
سرخ رنگ کے پھلوں اور سبزیوں میں ایک قدرتی جزو لائیکوپین(lycopene) پایا جاتا ہے جو انہیں یہ رنگ دیتا ہے۔ اس رنگ کے پھلوں اور سبزیوںمیںچقندر،سٹابری، فالسہ،انار،سرخ سیب،سرخ مرچ،سرخ پیاز اور ٹماٹروغیرہ شامل ہیں۔غذائیت کے اعتبار سے ان میں اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامن اے، سی،میگنیز اور فائبرکی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔ یہ برے کولیسٹرول کی سطح کم کرنے اور نظامِ انہضام درست رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

نیلااورجامنی
نیلا رنگ ذہنی سکون کا باعث سمجھاجاتا ہے۔اس لئے آسمان اور پانی کے مناظر دلوں کو بھاتے ہیں۔ اس رنگ کا دل کی دھڑکن اور سانس کو نارمل رکھنے میں اہم کردار ہے ۔نیلے رنگ کے استعمال کو توجہ مرکوز رکھنے اور سوچنے کے عمل کو بیدار کرنے میں بھی معاون سمجھا جاتا ہے۔
نیلے اور جامنی پھل ‘ سبزیاںاور ان کے فوائد
پھلوں اور سبزیوں میں پایا جانے والا نیلا یا جامنی رنگ ان میں پائے جانے والے ایک اینٹی آکسیڈنٹ اینتھوسیان (anthocyanin)کے باعث ہوتا ہے۔یہ ہمارے خلیوں کو خراب ہونے سے بچانے میں مدد دینے کے علاوہ دل اورکینسر کی بیماریوں کے خطرات سے حفاظت میں بھی موثر ثابت ہو سکتا ہے۔
ان رنگوں کے پھلوں اور سبزیوں میں بلیو بیریز،بینگن،نیلے انگور،نیلے آلو بخارے،نیلی گوبھی وغیرہ شامل ہیں۔ان رنگوں کے پھل و سبزیوں میں فائبر، لیوٹن (lutein)، فلیونائیڈز،وٹامن سی اور زیازنتھن (zeaxanthin) وغیرہ سے بھرپور ہوتے ہیں۔یہ پھل اور سبزیاں سوجن اوربرے کولیسٹرول سے تحفظ دیتی اور جسم میں کیلشیم اور دیگر اجزاءکو جذب ہونے میں بھی مدد دیتی ہیں۔

سبز
سبز رنگ توازن کی علامت سمجھا جاتاہے۔سبز رنگ قدرتی طور پر ذہنی و جسمانی بحالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔یہ رنگ تازگی،
نشو نما،صحت اورسکون فراہم کرنے کا ذریعہ بھی سمجھا جاتاہے۔
سبزپھل‘ سبزیاںاور ان کے فوائد
سبز رنگ کے پھلوں اور سبزیوں میں کچھ فائٹو کیمیکلز (phytochemicals) مثلاً صابونین (saponin)کیروٹین نائیڈز (carotenoids) اورانڈولز(indoles) پائے جاتے ہیں۔ یہ تمام اجزاءکینسر سے حفاظت میں مدد دیتے ہیں۔ ہرے پتوں والی تمام سبزیوں میں فولیٹ کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔
اس رنگ کے اہم پھلوں اورسبزیوں میں براکولی، پالک، مٹر،کھیرا، سبز سیب،سبز پھلیاں، ہرے پتوں والی سبزیاں، سبزپیاز،
سبز مرچ، انگور وغیرہ کے نام شامل ہیں۔غذائیت کے اعتبار سے اس رنگ کی حامل سبزیوں اور پھلوں میں آئرن،وٹامن اے اور سی، پوٹاشیم، اینٹی آکسیڈنٹس اور فائبر کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔اسے خوراک میں شامل رکھنے کے بہت سے فوائد ہیں۔ مثلاً اس سے کولیسٹرول، ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کے امکانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ مزیدبرآںان سے نہ صرف نظام ِانہضام ،قوتِ مدافعت اورنظر بہتر ہونے میں مدد ملتی ہے بلکہ ہڈیاں اور دانت بھی مضبوط رہتے ہیں۔

پیلااورمالٹائی
پیلا تمام رنگوں میں سب سے زیادہ روشن رنگ ہے۔یہ خوشی کو ظاہر کرتا ہے۔اس کے علاوہ یہ رنگ گرمی، جوش اور تحریک وترغیب کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے‘ تاہم بعض لوگوںکے نزدیک یہ نفرت کی علامت بھی ہے۔پیلے رنگ کا استعمال سوچنے کے عمل کو تیزکرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔نیز کھانوں میں اس رنگ کا استعمال بھوک بڑھاتا ہے۔
پیلے پھل‘ سبزیاں اور ان کے فوائد
پیلا یا مالٹائی رنگ کیرو ٹین نائیڈزکی بدولت ہوتا ہے۔اس کی بھی مزیدکچھ ذیلی اقسام مثلاًبیٹاکیروٹین (beta carotene)اورلیوٹن ہیں۔بیٹا کیروٹین گاجروں،شکرقندی اورمیٹھے کدو میںپایا جاتا ہے۔یہ وٹامن اے میں تبدیل ہو کرآنکھوں اور لعابی جھلی کی صحت کے لیے مفید ہے جبکہ لیوٹن نابیناپن اور آنکھوں کی دوسری بہت سی بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔
آم،خوبانی،پائن ایپل، لیموں، پپیتا، کدو، چھلی، شکرقندی وغیرہ پیلے رنگ کے چند اہم غذاﺅںمیں شامل ہیں۔یہ بیٹا کیروٹین ، وٹامن سی،پوٹاشیم اور فلیونائیڈ سے بھرپور ہوتی ہیں۔ان کا استعمال برے کولیسٹرول،بلڈ پریشراور کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔علاوہ ازیں یہ جسم میں الکلائین (alkaline)کا توازن قائم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

سفید
سفید سب سے ہلکا رنگ ہے جو پاکیزگی، امید، سکون اورامن کی علامت سمجھا جاتا ہے۔یہ ایک معتدل رنگ ہے جس کا استعمال تخلیقی صلاحیتوں کوبڑھانے میں بھی مدد دیتا ہے۔
سفید پھل‘ سبزیاںاور ان کے فوائد
سفید پھلوں اور سبزیوں میں فائٹو کیمیکلز کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔ مثلاً لہسن میںایلسن(allicin) پایا جاتا ہے۔اس میں وائرس اور بیکٹریا سے لڑنے کی خصوصیات پائی جاتی ہیں جبکہ کچھ سفید پھلوں جیسے کیلے اورآلوﺅں میں پوٹاشیم کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔
اندر سے سفیدپھلوںاور سبزیوں میں کیلا ، ناشپاتی، گوبھی، لہسن، کھمبی،پیاز،شلجم،خربوزہ ،چاول اورسردہ وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ غذائیت کے اعتبار سے ان میں فائبراوراینٹی آکسیڈنٹس وغیرہ پائے جاتے ہیں جو قوتِ مدافعت بڑھانے اورہارمونز کی سطح کو متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

سیاہ
سیاہ رنگ طاقت،خوش پوشی،اشتیاق اورتحفظ کی علامت تصور کیا جاتا ہے۔سیاہ تقدس کا رنگ بھی مانا جاتا ہے مگر کچھ کلچرز میں اسے منفی بھی سمجھا جاتا ہے۔دراصل سیاہ کسی بھی رنگ کے نہ ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔اس رنگ کو پسند کرنے والے افراد میں کام کو پوری طور پر مکمل کرنے کا رجحان پایا جاتا ہے ہے۔

پھل و سبزیاں اور ان کے فوائد
غذائیت کے اعتبار سے سیاہ رنگ کی خوراک میں دالیںاور لوبیا، خاص قسم کے چاول،انگور اور کھجوریں شامل ہیں۔نیز جن پھلوں اور سبزیوں میں کالی رنگت زیادہ ہو‘ ان میں اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار زیادہ پائی جاتی ہے۔کالے چاولوں میں دوسرے چاولوں کی نسبت پروٹین کی مقدار70 فی صد زیادہ ہوتی ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

حمل دوست غذائیں

Read Next

خواتین خانہ کے مددگار کچن گیجٹس

Most Popular