Vinkmag ad

سستی اور فوائد سے بھرپور میتھی

میتھی ایک سستی لیکن فوائد سے بھرپور سبزی ہے۔ اس کا پودا تین فٹ لمبا، سبز پتوں، سفید پھولوں اور پھلیوں پر مشتمل ہوتا ہے۔پھلی سنہرے بھورے بیجوں سے بھری ہوتی ہے۔ ہمارے ہاں یہ تازہ اور سوکھی (قصوری میتھی) دونوں انداز میں پکائی اور کھائی جاتی ہے۔

میتھی میں کون سے غذائی اجزاء ہوتے ہیں

100 گرام میتھی کے پتوں میں 50 کیلوریز،6 گرام نشاستہ، 4 گرام پروٹین اور 1 گرام فائبر پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کیلشیم، آئرن، فاسفورس، فولک ایسڈ، وٹامن کے، سی اور اے بھی موجود ہوتے ہیں۔

میتھی کے طبی فوائد

میتھی میں وٹامن اے اور سی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو قوت مدافعت بڑھاتے اور جلد کو ترو تازہ رکھتے ہیں۔

میتھی کیلشیم اور وٹامن کے سے بھرپور ہے۔ یہ دونوں غذائی اجزاء ہڈیوں کی مضبوطی اور نشوونما کے لیے ضروری ہیں۔ وٹامن کے زخم مندمل ہونے کے عمل کو بھی تیز کرتا ہے۔ خون پتلا کرنے والی ادویات استعمال کرنے والے مریض میتھی معالج کے مشورے سے کھائیں۔

میتھی دانہ اور اس سبزی کا استعمال خون میں شکر کی سطح کم رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

میتھی میں پائے جانے والے فائبر قبض کشا ہوتے ہیں ۔یہ آنتوں کی صفائی ،اپھارے اور بدہضمی میں بھی مفید ہے۔

اگر منہ میں چھالے بن گئے ہیں تو میتھی کے چند پتوں کو ایک کپ پانی میں ابال کر غرارے کرنے سے افاقہ ہوگا۔

بعض نئی مائیں اس وجہ سے پریشان ہوتی ہیں کہ ان کا دودھ کم آتا ہے۔ اگر ان کا کھانا میتھی دانہ ڈال کر پکایا جائے تو فائدہ ہوتا ہے۔

میتھی فولک ایسڈ کے حصول کا عمدہ ذریعہ ہے لہٰذا حاملہ خواتین کو اسے اپنی غذا میں ضرور شامل کرنا چاہئے۔ اس کے استعمال سے بچہ ںیورل ٹیوب میں نقص سے محفوظ رہتا ہے۔

میتھی نہ صرف برا کولیسٹرول کم کرتی ہے بلکہ اس میں موجود فولک ایسڈ اور وٹامن بی ایک مخصوص امینو ایسڈ (homocysteine) کی سطح کو کم کرتا ہے۔ خون میں اس کی زیادہ مقدار شریانوں کو نقصان پہنچاتی ہے جس سے خون میں لوتھڑے بننے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

بالوں اور چہرے کے لئے مفید

بالوں کی خشکی اورسکری دور کرنے کے لئے میتھی کے بیج اور ایلوویرا کا ماسک بنا کر لگایا جاسکتا ہے۔ ماسک بنانے کے لئے میتھی کے تین سے چار چمچ بیج کوٹ لیں اور رات کے وقت تھوڑے سے پانی میں بھگولیں۔ اس میں ذرا سا تیل اور دہی ملا کر بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح لگائیں اورایک گھنٹے بعد سر دھولیں۔

چہرے پر کیل مہاسے اور جھریوں سے نجات کے لئے میتھی  کے تازہ پتے پیس کر ماسک تیار کر لیں۔ 15سے 20منٹ بعد ماسک اتار کر نیم گرم پانی سے منہ دھولیں۔

methi k faiday, benefits of fenugreek

Vinkmag ad

Read Previous

دھوپ سے پائیے وٹامن ڈی بالکل مفت

Read Next

بری عادات چھوڑیں اور اچھی عادات اپنائیں

Leave a Reply

Most Popular