حقیقت کیا فسانہ کیا

٭ روز ایک سیب کھانے سے ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔
٭٭ اگرچہ سیب میں مختلف وٹامنز اورآئرن کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو اچھی صحت کے لئے اشد ضروری ہیں اور ان کی کمی سے کئی طرح کی بیماریاں ہو سکتی ہیں لیکن بیماریوں کے کئی اور اسباب بھی ہیں۔ یوں اس بات کودرست تسلیم نہیںکیا جا سکتا کہ روزانہ ایک سیب کھانے سے انسان کبھی بیمار نہیں ہوتا یا اسے ڈاکٹر سے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اس کہاوت کا محاورتاً مطلب یہ ہے کہ اگرصحت بخش غذا کا استعمال معمول بنایا لیاجائے تو غذائی اجزاءکی قلت کے باعث ہونے والی بیماریوں کے امکانات نسبتاً کم ہو جاتے ہیں۔ مزید برآں یہ بات صرف سیب کے لیے نہیں‘ تمام پھلوں کے لیے درست ہے۔
(مدیحہ انور‘ ڈائی ٹیشن،نیوٹریشن ہیلتھ کنسلٹنٹ‘ لاہور)

٭ گیلے بالوں کے ساتھ باہر نکلنے سے سردی لگ جاتی ہے۔
٭٭ جن خواتین و حضرات کو الرجی کا مسئلہ درپیش ہو‘ انہیں گیلے بالوں کے ساتھ باہر نکلتے ہی چھینکیں آنے لگتی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے ناک کے بالائی سوراخ(upper airway) میں خارش بھی ہو سکتی ہے کیونکہ ناک میں موجولعابی جھلی اور اس کے بال‘ دونوں ہی گیلے ہوتے ہیں لہٰذا گرد و غبارکا چھوٹا سا ذرہ بھی انہیں متاثر کر سکتا ہے۔ ایسے میں بیرونی ماحول ہی الرجن کا کام کرنے لگتا ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے جسم میں اینٹی باڈیز وجود میں آتی ہیں جو جراثیم کے خلاف ردِعمل ظاہر کرنے والے مادے ہوتے ہیں۔ ان کے وجود میں آنے سے زکام ہو جاتا ہے۔ آسان لفظوں میں آپ یوں سمجھ لیں کہ گیلے بال الرجنز کو سرگرم ہونے میں مدد دیتے ہیں۔ اس لئے جن افراد کو دائمی الرجی یا دائمی زکام کی شکایت ہو‘ انہیں یہ مسئلہ بھی ہو سکتا ہے۔
(ڈاکٹر کامران طارق‘ میڈیکل سپیشلسٹ، فیصل آباد ہسپتال، فیصل آباد)

٭ لپ سٹک کا زیادہ استعمال ہونٹوں کو کالا کر دیتا ہے۔
٭٭ عام طور پرایسا نہیں ہوتا‘ البتہ اگر کسی خاتون کو لپ سٹک میں موجودکسی خاص کیمیکل سے الرجی ہو تویہ عین ممکن ہے کہ اسے لگانے کے کچھ عرصے بعداس کے ہونٹوں کی رنگت متاثر ہونے لگے۔ ایسے میں لپ سٹک یا اس کی کمپنی تبدیل کر لینی چاہئے۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ اسے لپ سٹک کے کسی خاص رنگ سے الرجی ہو۔ ایسی صورت میں برانڈ تبدیل کرنے سے فرق نہیں پڑے گا۔ بالعموم معیاری برانڈ کی لپ سٹک استعمال کرنے سے یہ مسئلہ نہیں ہوتا‘ اس لیے کہ وہ بہت ریسرچ کے بعد تیار کی جاتی ہیں۔
(ڈاکٹر اعجاز حسین‘ ماہر امراض جلد‘ جنرل ہسپتال،لاہور)

Vinkmag ad

Read Previous

چہراگلاب یا گلابیہ

Read Next

پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا پروسیجر: شریانِ کبیر کا پھیلاﺅ

Most Popular