بادام اپنی طبی خصوصیات کی وجہ سے کافی مقبول ہے۔ اسے اُگانے والے ممالک میں اٹلی، سپین، ریاست ہائے متحدہ امریکہ، فرانس، ایران، فلسطین، افغانستان اور پاکستان شامل ہیں۔ کیلیفورنیا بادام کی پیداوار میں سب سے زیادہ مشہور ہے جبکہ سپین دوسرے نمبرپر ہے۔ پاکستان میں کوئٹہ اور قلات ڈویژن میں بادام کے باغات پائے جاتے ہیں۔ بادام کے فوائد اور اس کی اقسام کیا ہیں، آئیے جانتے ہیں۔
بادام کی اقسام
بادام کی بہت سی اقسام ہیں لیکن بالعموم انہیں میٹھے اور کڑوے کے طور پر جانا اور پہچانا جاتا ہے۔ ایک کا چھلکا پتلا اور دوسرے کا موٹا ہوتا ہے۔ پتلے چھلکے والا بادام کاغذی اور موٹے چھلکے والا کاٹھا کہلاتا ہے۔ کاٹھے باداموں میں کڑوے بادام یا خوبانی کی گری کی ملاوٹ عام ہے۔
جب بازار سے بادام خرید کر گھر لائے جاتے ہیں تو اس میں خاصی تعداد میں بادام کڑوے نکلتے ہیں۔ بازار میں امریکی بادام بھی ملتے ہیں جن کا کوئی دانہ کڑوا نہیں ہوتا۔ اسی طرح نمکین بادام بھی ہوتے ہیں جو نمک کی وجہ سے جلد خراب نہیں ہوتے اور خشک میوہ جات کے ساتھ کھائے جاتے ہیں۔
ایرانی بادام اپنی خوبصورتی اور بڑی جسامت کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے۔ پاکستانی بادام شکل و صورت میں کم درجے کے لیکن ذائقے اور روغنی اجزاء کی بنا پر بہترین مانے جاتے ہیں۔
فوائد کیا ہیں
بادام کے کچھ فوائد یہ ہیں:
٭ مکھن، مصری اور بادام کی سات باریک پسی ہوئی گریاں ملا کر صبح شام استعمال کرنے سے دو تین دن میں کھانسی دور ہو جاتی ہے۔ مکھن اگر گائے کے دودھ کا ہو تو زیادہ اچھا ہے۔ بادام کا یہ ٹوٹکا بغیر مکھن کے بھی آزمایا جا سکتا ہے۔
٭ نزلے زکام کے بعد خشک کھانسی ہو اور بلغم نہ نکلے تو چھ ماشہ روغن بادام میں ایک چمچ شہد ملا کر رکھ دیں۔ تھوڑی دیر بعد اسے زبان پر رکھ کر چاٹیں۔ اس سے گلے کی خشکی دور ہو گی۔
٭ کڑوے باداموں کا تیل زیبائشی اشیاء میں استعمال ہوتا ہے۔ چہرے کی رنگت صاف کرنے والی کریموں میں بھی اسے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس سے چھائیاں اور داغ دھبے دور ہو جاتے ہیں۔
٭ جلد کی شادابی کے لیے بادام کھانے کے ساتھ ساتھ اپنی جلد پر بھی لگائیں۔ تازہ گلاب کی پتیاں اور پسے ہوئے بادام میں دودھ کی بالائی شامل کر کے پیسٹ بنالیں۔ اسے لگانے سے جلد صاف، نرم اور پر کشش ہو جاتی ہے۔
٭ چاق چوبند رہنے کے لیے پانچ بادام پانی میں بھگو کر ان کا چھلکا اتار لیں۔ پھر اچھی طرح پیس کر ابلے ہوئے دودھ میں شامل کریں۔ دو سے تین ابال آ جائیں تو چولہا بند کر دیں۔ ٹھنڈا ہونے پرشہد ملا کر پیئیں۔
٭ بادام کا تیل پینے سے قبض دور ہوتی ہے۔
٭ کمر درد سے نپٹنے کے لیے رات کو روغن بادام کی مالش باقاعدگی سے کروائیں۔ اس کے ساتھ بادام کو شہد میں ملا کر کھائیں۔
٭ گلے کی خراش ختم کرنے کے لیے سات عدد بادام تین عدد کالی مرچ کے ساتھ چبا کر کھائیں۔
٭بالوں میں بادام کا تیل لگائیں۔ اس سے بالوں کی خشکی ختم ہوتی ہے اور وہ مضبوط ہو جاتے ہیں۔
٭ سردیوں میں جسم پر بادام کے تیل کی مالش کریں۔ اس سے بدن نرم و ملائم رہتا ہے اور خشکی نہیں ہوتی۔