Vinkmag ad

کمر درد

کمر درد- شفا نیوز

ریڑھ کی ہڈی، ہڈیوں کا ایک ایسا سلسلہ ہے جو پٹھوں، ٹینڈنز اور لیگامنٹس کے ذریعے جُڑا ہوتا ہے۔ پٹھے جسم کو حرکت دینے والے نرم ٹشوز ہوتے ہیں۔ ٹینڈنز، پٹھوں کو ہڈیوں سے جوڑنے کا کام کرتے ہیں۔ لیگامنٹس ہڈیوں کو آپس میں جوڑ کر جوڑوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ ان ہڈیوں کے درمیان نرم ڈسکیں ہوتی ہیں جو حرکت یا دباؤ کے دوران جھٹکوں کا اثر کم کر کے ریڑھ کی ہڈی کی حفاظت کرتی ہیں۔ اگر ریڑھ کی ہڈی کے کسی حصے میں خرابی پیدا ہو جائے تو یہ کمر درد (back pain) کا سبب بن سکتی ہے۔

کچھ لوگوں کے لیے یہ درد معمولی تکلیف کا باعث بنتا ہے۔ تاہم بعض افراد کے لیے یہ روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے والی شدید تکلیف بن جاتا ہے۔

وجوہات

کمر درد کی وجوہات مختلف ہو سکتی ہیں۔ ان میں ریڑھ کی ساخت میں خرابی، سوزش والی بیماریاں یا دیگر طبی حالات شامل ہیں۔ سب سے عام وجہ پٹھوں یا لیگامینٹس میں کھچاؤ یا چوٹ ہوتی ہے۔ اس کا زیادہ تر سبب غلط طریقے سے وزن اٹھانا، اٹھنے بیٹھنے کے غلط انداز یا ورزش کی کمی ہوتی ہے۔ وزن زیادہ ہونے کی صورت میں اس کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

بعض اوقات کمر درد کسی سنگین چوٹ کے باعث بھی ہو سکتا ہے۔ ریڑھ کی ہڈی کا فریکچر یا ڈسک کا پھٹنا اس کی مثالیں ہیں۔ گنٹھیا اور بڑھتی عمر کے ساتھ ہونے والی تبدیلیاں بھی اس کا سبب بن سکتی ہیں۔ کچھ انفیکشنز بھی کمر میں شدید درد پیدا کر سکتے ہیں۔

علاج

٭ کمر درد بالعموم چھ ہفتوں میں خود بخود ٹھیک ہو جاتا ہے

٭ اس کے لیے عموماً سرجری کی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہ صرف اسی وقت کی جاتی ہے جب دیگر علاج ناکام ہو جائیں

٭ کمر درد کی صورت میں مسلسل بستر پر لیٹے رہنا نقصان دہ ہو سکتا ہے

٭ درد کم کرنے والی بغیر طبی نسخے کی عام دوائیں بھی فائدہ دیتی ہیں

٭ متاثرہ حصے پر ٹھنڈا یا گرم کمپریس لگانا بھی آرام دیتا ہے

ڈاکٹر سے رابطہ

فوری طبی امداد کی ضرورت ہو سکتی ہے اگر کمر درد:

٭ کسی حادثے، جیسے گاڑی کی ٹکر، بلندی سے گرنے یا کھیل کے دوران چوٹ کے بعد ہو

٭ آنتوں یا مثانے پر قابو نہ رہے

٭ بخار کے ساتھ ہو

اپنے معالج سے رابطہ کریں اگر کمر درد:

٭ ایک ہفتے کے علاج کے بعد بھی برقرار رہے

٭ رات کو یا لیٹنے پر زیادہ شدید ہو

٭ ایک یا دونوں ٹانگوں میں، خاص طور پر گھٹنے سے نیچے تک پھیلنے لگے

٭ ٹانگوں میں کمزوری، سن ہونا یا جھنجھناہٹ کے ساتھ ہو

٭ وزن اچانک کم ہونے لگے

٭ کمر پر سوجن یا جلد کا رنگ بدلنے لگے

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

پلاسٹک آلودگی صحت کے لیے سنگین اور بڑھتا ہوا خطرہ قرار

Read Next

پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کا خطرہ، وارننگ جاری

Leave a Reply

Most Popular