Vinkmag ad

نیوٹروپینیا: خون میں نیوٹروفِلز کی کمی

Lab technician analyzing a blood sample for neutropenia testing in a clinical laboratory to measure neutrophil count and assess infection risk using a complete blood count (CBC).

خون کے سفید خلیے جسم کو انفیکشن سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔ نیوٹروفِلز وہ سیلز ہیں جو خاص طور پر بیکٹیریا سے ہونے والے انفیکشن کے خلاف دفاع میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ نیوٹروپینیا (Neutropenia) ایسی کیفیت ہے جس میں ان خلیوں کی تعداد معمول سے کم ہو جاتی ہے۔

نیوٹروپینیا سے انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اگر نیوٹروفِلز کی تعداد بہت کم ہو جائے تو منہ اور نظامِ ہاضمہ میں موجود عام بیکٹیریا بھی سنگین بیماری کا سبب بن سکتے ہیں۔

نیوٹروپینیا کی وجوہات

مختلف بیماریاں، ادویات اور طبی علاج نیوٹروپینیا کا باعث بن سکتے ہیں۔ اس کیفیت میں نیوٹروفِلز وقت سے پہلے تباہ ہو جاتے ہیں، کم بنتے ہیں یا جسم میں غیر معمولی انداز سے جمع ہو جاتے ہیں۔

کینسر اور اس کا علاج

بعض اقسام کے کینسر نیوٹروپینیا کا سبب بن سکتے ہیں، مثلاً:

٭ لیوکیمیا (خون کا کینسر)

٭ لمفوما (لمفی غدود کا کینسر)

٭ ملٹی پل مائیلوما (بون میرو کے پلازما خلیوں کا کینسر)

کینسر کے بعض علاج بھی نیوٹروپینیا پیدا کر سکتے ہیں، کیونکہ یہ کینسر کے خلیوں کے ساتھ صحت مند خلیوں اور نیوٹروفِلز کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں، مثلاً:

٭ بون میرو ٹرانسپلانٹ

٭ کیموتھراپی

٭ ریڈی ایشن تھراپی

٭ ٹارگٹڈ تھراپی

ادویات

کچھ امراض میں استعمال ہونے والی بعض ادویات بھی نیوٹروپینیا کا سبب بن سکتی ہیں، مثلاً:

٭ ہائپر تھائرائیڈ ازم کی ادویات

٭ بعض اینٹی بائیوٹکس

٭ اینٹی وائرل ادویات

٭ السرٹیو کولائٹس (بڑی آنت کی سوزش) یا روماٹائیڈ آرتھرائٹس کے علاج کی اینٹی انفلیمیٹری ادویات

٭ اینٹی سائیکوٹک ادویات

٭ دل کی بے ترتیب دھڑکن کی دوائیں

٭ جلد کی بعض بیماریوں کی ادویات

انفیکشن

درج ذیل انفیکشن بھی نیوٹروپینیا کا باعث بن سکتے ہیں:

٭ چکن پاکس

٭ کووڈ-19

٭ سائٹومیگالو وائرس (سی ایم وی) انفیکشن

٭ ایپسٹین بار وائرس انفیکشن

٭ ہیپاٹائٹس اے

٭ ہیپاٹائٹس بی

٭ ہیپاٹائٹس سی

٭ ایچ آئی وی / ایڈز

٭ خسرہ

٭ روبیلا (جرمن خسرہ)

٭ سالمونیلا انفیکشن

٭ سیپسس (شدید خون کا انفیکشن)

آٹو امیون ڈیزیز

٭ پولی اینجائٹس کے ساتھ گرینولومیٹوسس (خون کی نالیوں کی نایاب سوزش)

٭ لوپس (جسم کے مختلف اعضا کو متاثر کرنے والی اۤٹو امیون ڈیزیز)

٭ روماٹائیڈ آرتھرائٹس

بون میرو کی بیماریاں

٭ اے پلاسٹک اینیمیا (بون میرو کا خون کے خلیے بنانا بند کر دینا)

٭ مائیلوڈسپلاسٹک سنڈرومز (بون میرو کی بیماریاں جن میں خون کے خلیے درست نہیں بنتے)

٭ مائیلوفائبروسس (بون میرو میں داغ دار بافت بن جانا)

دیگر وجوہات

٭ موروثی بیماریاں

٭ دائمی آئیڈیوپیتھک نیوٹروپینیا (جس کی وجہ معلوم نہیں ہوتی)

٭ غذائی اجزا، مثلاً وٹامن بی-12، کاپر یا فولیٹ کی کمی

٭ تلی کی بعض بیماریاں

بعض افراد میں نیوٹروپینیا ہونے کے باوجود انفیکشن کا خطرہ نہیں بڑھتا۔ اس کیفیت کو بینائن نیوٹروپینیا  کہا جاتا ہے۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

اگر آپ کو نیوٹروپینیا ہے یا آپ ایسی ادویات استعمال کر رہے ہیں جو اس کا سبب بن سکتی ہیں تو انفیکشن کی علامات ظاہر ہوتے ہی ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

انفیکشن کی علامات میں شامل ہیں:

٭ 38 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ بخار

٭ سردی لگنا اور پسینہ آنا

٭ نئی کھانسی یا پہلے سے موجود کھانسی کا شدت اختیار کر جانا

٭ سانس لینے میں دشواری

٭ ناک بند ہونا

٭ گلے میں درد یا منہ میں نیا زخم

انفیکشن کی دیگر ممکنہ علامات یہ ہیں:

٭ پیشاب کے دوران جلن یا درد

٭ گردن کا اکڑ جانا

٭ اسہال یا قے

٭ زخم یا کٹی ہوئی جلد کے اردگرد رنگت میں تبدیلی یا سوجن

٭ وجائنا سے غیر معمولی رطوبت کا اخراج

٭ نیا درد، خاص طور پر پیٹ یا مقعد کے علاقے میں

انفیکشن سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر

اگر آپ کو نیوٹروپینیا ہے تو انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے کے لیے درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں:

٭ فلو اور کووڈ-19 سمیت تمام تجویز کردہ ویکسین بروقت لگوائیں

٭ اپنے ہاتھ باقاعدگی سے اچھی طرح دھوئیں

٭ ہجوم یا بیمار افراد کے قریب جاتے وقت فیس ماسک پہنیں

٭ بیمار افراد سے قریبی رابطے سے گریز کریں

٭ گوشت اور انڈے اچھی طرح پکا کر کھائیں تاکہ جراثیم ختم ہو جائیں

٭ کچے پھل اور سبزیاں اچھی طرح دھو کر استعمال کریں

٭ کھانے، مشروبات، کپ، برتن یا ٹوتھ برش کسی دوسرے شخص کے ساتھ مشترک استعمال نہ کریں

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=rheumatologist

Vinkmag ad

Read Previous

اینکل بریکیل انڈیکس: ٹانگوں میں خون کی روانی کا ٹیسٹ

Read Next

الکوحل پوائزننگ

Leave a Reply

Most Popular