انگھوٹھے کے ناخن کا گوشت میں دھنسنا (Ingrown toenail) ایک عام مسئلہ ہے جس میں ناخن کا کنارہ یا کنارے کا حصہ اردگرد کی جلد میں چلا جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے درد، سوجن، جلد کی سوزش اور بعض اوقات انفیکشن بھی ہو سکتا ہے۔ بروقت دیکھ بھال اور مناسب علاج سے اس کی پیچیدگیوں سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
علامات
ناخن کا گوشت میں دھنسنے کی علامات میں یہ شامل ہو سکتی ہیں:
٭ درد یا چھونے پر تکلیف
٭ ناخن کے گرد جلد میں سوزش
٭ سوجن
٭ انفیکشن
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں؟
اگر پیر کے ناخن میں شدید درد، پیپ یا پھیلتی ہوئی سوزش ہو، یا آپ کو ذیابیطس یا ایسی بیماری ہو جس سے پاؤں میں خون کی روانی کم ہو اور پاؤں میں زخم یا انفیکشن ہو، تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں
وجوہات
ناخن کے گوشت میں دھنسنے کی عام وجوہات یہ ہیں:
٭ تنگ جوتے پہننا
٭ ناخن بہت چھوٹے یا گول کناروں سے کاٹنا
٭ ناخن پر چوٹ لگنا
٭ ناخن کا قدرتی طور پر زیادہ مڑا ہوا ہونا
٭ ناخن کا انفیکشن
٭ بعض طبی بیماریاں
خطرے کے عوامل
یہ عوامل اس کے خطرے کو بڑھا سکتے ہیں:
٭ ناخن بہت چھوٹے یا کناروں سے گول کاٹنا
٭ ناخنوں کی مناسب دیکھ بھال نہ کر پانا
٭ تنگ جوتے پہننا
٭ دوڑنے یا گیند کو لات مارنے جیسی سرگرمیاں
٭ ذیابیطس یا ایسی بیماریاں جن سے پاؤں میں خون کی روانی کم ہو جائے
ممکنہ پیچیدگیاں
ذیابیطس میں پاؤں میں خون کی روانی اور اعصاب متاثر ہونے کی وجہ سے ناخن کا اندر دھنس جانا آسانی سے ٹھیک نہیں ہوتا اور انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
تشخیص
اس کی تشخیص علامات اور ناخن اور اس کے گرد کی جلد کے جسمانی معائنے سے کی جاتی ہے۔
علاج
اس کے علاج میں یہ اقدامات کیے جا سکتے ہیں:
٭ ناخن کو آہستہ سے اوپر اٹھانا یا اس کے نیچے روئی، ڈینٹل فلاس یا سپلنٹ رکھنا
٭ ٹیپ یا گٹر سپلنٹ کے ذریعے ناخن کو جلد سے الگ رکھنا
٭ شدید صورت میں ناخن کا متاثرہ حصہ یا ناخن کے ساتھ نیل بیڈ کا کچھ حصہ نکالنا
٭ درد کم کرنے کی ادویات، جیسے پیراسیٹامول یا آئبوپروفین وغیرہ
ہلکی علامات کی صورت میں گھر پر نیم گرم پانی میں پاؤں بھگونا، ناخن کے نیچے صاف روئی یا ڈینٹل فلاس رکھنا، پیٹرولیم جیلی لگانا، مناسب جوتے پہننا اور آرام کرنا بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے۔
بچاؤ کے تدابیر
اس سے بچنے کے لیے یہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں:
٭ ناخن ہمیشہ سیدھا کاٹیں، کناروں سے گول نہ کریں
٭ ناخن نہ بہت لمبے رکھیں اور نہ بہت چھوٹے کاٹیں
٭ مناسب سائز کے جوتے پہنیں
٭ انگلیوں کو چوٹ سے بچانے کے لیے حفاظتی جوتے استعمال کریں
٭ اگر آپ کو ذیابیطس ہے تو روزانہ اپنے پاؤں کا معائنہ کریں
Frequently Asked Questions (FAQs)
کیا ناخن کا گوشت میں دھنس جانا خود ٹھیک ہو سکتا ہے؟
ہلکے کیسز میں مناسب دیکھ بھال سے اکثر ٹھیک ہو جاتا ہے۔
کیا ہر مریض کو سرجری کی ضرورت ہوتی ہے؟
نہیں، صرف شدید یا بار بار ہونے والے کیسز میں سرجری کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
کیا ذیابیطس کے مریضوں کو فوراً ڈاکٹر سے ملنا چاہیے؟
جی ہاں، کیونکہ ان میں انفیکشن اور پیچیدگیوں کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔