Vinkmag ad

میٹاسٹیٹک (سٹیج 4) پروسٹیٹ کینسر

A medical professional providing care to a metastatic (stage 4) prostate cancer patient

میٹاسٹیٹک پروسٹیٹ کینسر (Metastatic prostate cancer) وہ کینسر ہے جو پروسٹیٹ سے شروع ہو کر جسم کے دیگر حصوں تک پھیل جاتا ہے۔ اسے ‘ایڈوانسڈ پروسٹیٹ کینسر’ یا ‘سٹیج 4 پروسٹیٹ کینسر’ بھی کہا جاتا ہے۔

پروسٹیٹ مردانہ تولیدی نظام کا ایک چھوٹا سا غدود ہے۔ یہ مثانے کے عین نیچے واقع ہوتا ہے اور مادہ تولید کی تیاری میں مدد دیتا ہے۔ کینسر کی یہ قسم اس وقت جنم لیتی ہے جب پروسٹیٹ کے خلیے غیر معمولی طور پر بڑھنے لگتے ہیں۔

پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص بالعموم اسی وقت ہو جاتی ہے جب یہ صرف غدود تک محدود ہوتا ہے، تاہم پہلی بار تشخیص کے دوران ہی اس کا سٹیج 4 پر ہونا کم دیکھا گیا ہے۔ زیادہ تر کیسز میں میٹاسٹیٹک کینسر ان مریضوں میں ظاہر ہوتا ہے جن کا ماضی میں پروسٹیٹ کینسر کا علاج ہو چکا ہو۔ اگرچہ میٹاسٹیٹک مرحلے پر کینسر کا مکمل خاتمہ مشکل ہوتا ہے، تاہم مرض بڑھنے کی رفتار کو سست کر کے زندگی کا دورانیہ بڑھایا جا سکتا ہے۔

علامات

ابتدائی سطح پر میٹاسٹیٹک پروسٹیٹ کینسر کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ بیماری بڑھنے کے ساتھ درج ذیل علامات سامنے آ سکتی ہیں:

٭ شدید تھکاوٹ اور نقاہت کا احساس

٭ پیشاب زیادہ آنا یا اس کے اخراج کے وقت تکلیف ہونا

٭ وزن میں تیزی سے کمی

٭ متلی اور قے کی شکایت

٭ کمر، کولہوں، پیلوک ایریا یا ہڈیوں میں مسلسل رہنے والا درد جو وقت کے ساتھ شدت اختیار کر جائے

وجوہات

میٹاسٹیٹک کینسر کی قطعی وجہ تاحال واضح نہیں ہے۔ تاہم یہ اس وقت ہوتا ہے جب کینسرزدہ خلیے پروسٹیٹ سے ٹوٹ کر خون یا لمفیٹک سسٹم کے ذریعے جسم کے دیگر حصوں کا رخ کرتے ہیں۔ یہ کینسر عموماً درج ذیل مقامات پر پھیلتا ہے:

٭ ہڈیاں، لمف نوڈس، جگر اور پھیپھڑے

٭ بعض نایاب صورتوں میں یہ دماغ، لبلبے اور ایڈرینل غدود کو بھی متاثر کر سکتا ہے

خطرہ بڑھانے والے عوامل

ایڈوانسڈ پروسٹیٹ کینسر کے خطرات وہی ہیں جو عام پروسٹیٹ کینسر کے ہوتے ہیں، جن میں درج ذیل شامل ہیں:

بڑھتی عمر: 50 سال کی عمر کے بعد اس کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے

نسل اور قومیت: سیاہ فام افراد میں یہ مرض زیادہ پایا جاتا ہے

فیملی ہسٹری: اگر والدین، بہن بھائی یا دیگر قریبی رشتہ داروں کو یہ مرض رہا ہو، تو موروثی طور پر اس کے خطرات بڑھ جاتے ہیں

جینیاتی تبدیلیاں: ڈی این اے میں BRCA1 اور BRCA2 جیسی تبدیلیاں پروسٹیٹ کے ساتھ ساتھ چھاتی اور بیضہ دانی کے کینسر کا خطرہ بھی بڑھاتی ہیں

موٹاپا اور تمباکو نوشی: وزن کی زیادتی اور سگریٹ نوشی نہ صرف کینسر کے پھیلاؤ کا سبب بنتی ہے بلکہ علاج کے بعد اس کے دوبارہ لوٹ آنے کے امکانات کو بھی تقویت دیتی ہے

 پیچیدگیاں

کینسر کے بعض علاج ہڈیاں پتلی ہونے اور ان کے ٹوٹنے کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں۔ اس پیچیدگی سے بچنے کے لیے ماہرین درج ذیل احتیاطی تدابیر تجویز کرتے ہیں:

٭ الکحل اور سگریٹ نوشی سے مکمل پرہیز

٭ روزانہ 30 منٹ تک وزن اٹھانے والی ورزشیں کرنا

٭ کیلشیم کی حامل غذاؤں (دودھ، دہی، پنیر، بروکولی) کا استعمال

معالج کے مشورے سے وٹامن سپلیمنٹس کا استعمال

تشخیص

علاج کے آغاز پر بون ڈینسٹی جانچنے کے لیے باقاعدگی سے ٹیسٹ ضروری ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر ادویات کے ذریعے انہیں مضبوط بنایا جا سکے۔ تشخیص کیلئے خون کے ٹیسٹوں اور جدید امیجنگ کا سہارا لیا جاتا ہے:

پی ایس اے ٹیسٹ: خون میں ‘پروسٹیٹ سپیسیفک اینٹی جن’ کی بلند سطح کینسر کی موجودگی یا اس کی واپسی کی نشاندہی کرتی ہے

امیجنگ ٹیسٹ: بون سکین، سی ٹی سکین، ایم آر آئی اور پی ای ٹی سکین کے ذریعے جسم میں کینسر کے پھیلاؤ کی درست جگہ کا تعین کیا جاتا ہے

بائیوپسی اور جینیاتی ٹیسٹ: متاثرہ ٹشو کا نمونہ لے کر لیبارٹری میں اس کی جانچ کی جاتی ہے تاکہ کینسر کی قسم اور موزوں ترین علاج کا فیصلہ کیا جا سکے

علاج

علاج کا بنیادی مقصد کینسر کی افزائش روکنا اور مریض کی زندگی کا معیار بہتر بنانا ہے۔ اس کیلئے درج ذیل طریقے استعمال کیے جاتے ہیں:

ہارمون تھیراپی: اس کا مقصد ٹیسٹوسٹیرون ہارمون کی سپلائی روکنا ہے کیونکہ کینسر کے خلیے اسی پر پلتے ہیں۔ اس کے لیے ادویات یا سرجری کا سہارا لیا جاتا ہے

کیموتھیراپی اور ٹارگٹڈ تھیراپی: جب ہارمون تھیراپی اثر کرنا چھوڑ دے، تو طاقتور ادویات کے ذریعے کینسر کے خلیے پر حملہ کیا جاتا ہے

امیونو تھیراپی: یہ جسم کے مدافعتی نظام کو کینسر کے خلیے پہچاننے اور انہیں ختم کرنے کے قابل بناتی ہے

ریڈیو فارماسیوٹیکل علاج: اس میں تابکار مادوں پر مشتمل ادویات براہ راست کینسر زدہ خلیے تک پہنچائی جاتی ہیں

پیلئیٹیو کیئر: اس کا مقصد علاج کے ساتھ ساتھ مریض کے درد اور دیگر علامات کو کم کر کے ذہنی و جسمانی سکون فراہم کرنا ہے

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

Cancer: Understanding the Uncontrolled Cell Growth

Read Next

Metastatic (stage 4) prostate cancer

Leave a Reply

Most Popular