ماہرین صحت کے مطابق سردیوں میں توانائی برقرار رکھنے کے لیے دن کا پہلا کھانا بہت اہم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متوازن ناشتا دن بھر کی سرگرمیوں کیلئے جسمانی اور ذہنی توانائی کو مستحکم رکھتا ہے۔
ڈاکٹر فیڈی ہنّا شمونی کینیڈا کے اینڈوکرائنولوجسٹ اور ایلی ہیلتھ کے میڈیکل ڈائریکٹر ہیں۔ ان کے مطابق ناشتہ اچھا اور متوازن ہو تو بلڈ شوگر بھی متوازن رہتی ہے۔ اس سے توجہ کے ارتکاز کے علاوہ غیر ضروری طور پر کھانے کی خواہش بھی کم ہوتی ہے۔ دوسری طرف غیر مستحکم بلڈ شوگر تھکن اور ذہنی دھند پیدا کر سکتی ہے۔ یہ چڑچڑاپن اور کھانے کی شدید خواہش بڑھا سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پیسٹری اور فروٹ جوس وغیرہ بلڈ شوگر میں اچانک اضافہ کرتے ہیں۔ اس لیے ان کے ساتھ انڈے، میوہ جات یا ایووکاڈو شامل کرنا مفید ہے۔ یہ غذائیں بلڈ شوگر متوازن رکھتی ہیں اور سردیوں میں توانائی دیتی ہین۔