گلوبل ہیلتھ انڈیکس 2024 کے مطابق جمہوریہ سنگاپور دنیا کے صحت مند ممالک میں سرفہرست ہے۔ دوسری طرف وسطی افریقی جمہوریہ سب سے غیر صحت مند ملک ہے۔ اس فہرست میں پاکستان 135 ویں جبکہ انڈیا 136 ویں نمبر پر ہے۔
ممالک کی صحت مندی جانچنے کے لیے 10 عوامل کو بنیاد بنایا گیا۔ ان میں اوسط عمر، ہائی بلڈ پریشر، خون میں گلوکوز کی مقدار جو ذیابیطس کے خطرے کی نشاندہی کرتی ہے، موٹاپا، ڈپریشن، خوشی، الکوحل کا استعمال، تمباکو نوشی، غیر متحرک طرز زندگی یا ورزش کی کمی اور نگہداشت صحت پر سرکاری اخراجات شامل ہیں۔ ہر کیٹگری کو ایک خاص سکور دیا گیا۔ پھر دیکھا گیا کہ مجموعی طور پر کون سا ملک بہترین سکور کے کتنا قریب ہے۔
جن ممالک کے پاس ایک سے زیادہ کیٹگریز کا ڈیٹا موجود نہ تھا، انہیں حتمی انڈیکس سے خارج کر دیا گیا۔ اس فہرست میں 183 ممالک شامل ہیں۔ حتمی درجہ بندی میں 197 ممالک شامل ہیں اور یہ تعداد دنیا کی آبادی کا 95 فیصد سے زیادہ ہے۔
بہترین سکور 95.09 ہے جو سنگاپور نے حاصل کیا۔ سب سے کم سکور 47.36 ہے جو وسطی افریقی جمہوریہ نے حاصل کیا۔ یوں وہ دنیا کے صحت مند ممالک کی فہرست میں آخری نمبر پر رہا۔ سب صحارا افریقہ کے کچھ جنگ زدہ ممالک کو کم ترین صحت مند ممالک میں شامل کیا گیا۔