امریکی دوا ساز کمپنی گلیڈ نے ایڈز سے بچاؤ کی ویکسین تیار کی ہے۔ نئی ویکسین خواتین میں ایچ آئی وی روکنے میں 100 فیصد کامیاب رہی ہے۔ اس کا انکشاف دی نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں کیا گیا ہے۔ سن لینکا (Sunleca) نامی ویکسین استعمال کرنے کے بعد ایک بھی خاتون ایچ آئی وی کا شکار نہیں ہوئی۔
افریقہ میں ہونے والی اس تحقیق میں 5000 نوجوان لڑکیوں کو شامل کیا گیا۔ ان کی عمریں 16 سے 25 سال تھیں۔ انہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا۔
پہلے گروپ کی 2866 لڑکیوں کو روزانہ ایچ آئی وی سے تحفظ کی گولیاں دی گئیں۔ دوسرے گروپ کی 2,134 لڑکیوں کو سال میں دو بار مذکورہ ویکسین کا انجکشن لگایا گیا۔ دونوں گروپوں کی خواتین کو اپنے متاثرہ پارٹنرز کے ساتھ تعلق قائم کرنے کی اجازت دی گئی۔ ایک مخصوص مدت کے بعد اس کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔
لیبارٹری رزلٹس سے معلوم ہوا کہ انجیکشن والی نئی ویکسین خواتین میں ایچ آئی وی روکنے میں مکمل کامیاب رہی۔ اسے استعمال کرنے والی کسی لڑکی میں ایچ آئی وی نہ پایا گیا۔ جن لڑکیوں کو روزانہ گولیاں دی گئیں، ان میں سے دو فیصد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔ محققین نے اس سے نتیجہ اخذ کیا کہ گولیوں کے مقابلے میں انجکشن ایچ آئی وی سے زیادہ تحفظ دیتا ہے۔
دوا ساز کمپنی گلیڈ کے مطابق اگلے مرحلے میں مردوں میں انجکشن کی آزمائش کی جائے گی۔
ویکسین کی دو خوراکوں کی قیمت 40 ہزار امریکی ڈالر ہے۔ ماہرین نے اس کی قیمت صرف 40 ڈالر رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔