ادویات پرمضامین شائع کریں
صحت کے حوالے سے آگہی پھیلانے کے لیے شفا نیوزکی بہت اچھی کاوش ہے۔اخباروں میں مختلف ادویات پر تحقیقات کے بارے میں کچھ نہ کچھ چھپتا رہتا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ اس میگزین میں بھی ادویات کے بارے میں مواد شائع کیاکریں اور بتائیں کہ ان کے نقصانات یا فائدے کیا ہیں۔اس کے علاوہ یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ یہ رسالہ صحت پر مبنی ہے‘ اس لیے اس میں اشتہارات کی تعدادذرا کم رکھیں تو بہتر ہو گا ۔
(ڈاکٹر عبدالحمید پراچہ ،اسلام آباد)
*ادویات پر براہ راست گفتگو کرنا ہمارے مطابق مناسب نہیں‘ اس لئے کہ اس سے خود علاجی کے رجحان کو تقویت ملے گی۔ اس کی بجائے ہم پرہیز کے پہلو پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔
چھوٹی چھوٹی لیکن اہم باتیں
اس میگزین میں صحت سے متعلق دی جانے والی تمام معلومات بہت مفید ہوتی ہیں ۔اس کے ذریعے کئی بیماریوں مثلاً بلڈ پریشر اور ذیابیطس وغیرہ کے بارے میں بہت کچھ جاننے کو ملتا ہے۔ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ یہ بتائیں کہ بیماریوں سے بچاؤ کیسے ممکن ہے۔ اس کے علاوہ انہیں چھوٹی چھوٹی لیکن اہم باتوں کے بارے میں بھی بتائیں۔ مثال کے طور پرانہیں سرد موسم میں پانی نیم گرم پینا چاہیے یا ٹھنڈا ‘اور اس کے کیا فائدے یا نقصانات ہو سکتے ہیں۔
(نوید انجم ،راولپنڈی )
عمر کے مطابق صحت کا خیال
اس میگزین میں بیماریوں سے متعلق معلومات کو اتنے اچھے انداز میں بیان کیا جاتا ہے کہ اسے پڑھتے ہوئے انسان بالکل بھی بور نہیں ہوتا۔ میں اپنے تمام جاننے والوں کو یہ پڑھنے کے لیے دیتی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ اس میں مختلف عمروں کے لوگوں کو بتائیں کہ وہ اپنی صحت کی دیکھ بھال کیسے کر سکتے ہیں ۔اس کے علاوہ ذیابیطس پر زیادہ معلومات دیں۔
(ارم جہانزیب، لاہور)
بدلتے موسم اور دمہ
میگزین بہت اچھا اور معلوماتی ہے۔ میں تمام مضامین شوق سے پڑھتا ہوں اورمجھے اس میں ایسی کوئی کمی نظر نہیں آتی جس کے بارے میں بتایا جائے۔ میں یہ چاہتا ہوں کہ اس میں دمہ کے بارے میں لکھیں۔ یہ بھی بتائیں کہ بدلتے موسموں کے اثرات سے کیسے بچا جاسکتا ہے۔
(تیمور خالد ، راولپنڈی )
شفا سروسز ،کب اور کہاں؟
میرے مطابق شفا نیوزمیں کوئی کمی نہیں ہے اورصحت سے متعلق تقریباًتمام چیزوں کو اس میں شامل کیا جاتا ہے۔ ہمارے بعض علاقوں میں ہسپتال کی اچھی سہولت موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگوں کوبہت تکلیف سے گزرنا پڑتا ہے۔ براہ مہربانی بتائیں کہ شفا ہسپتال کب اور کن علاقوں میں اپنی سروسز دے رہا ہے تاکہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
(ناصر شاہ ، مانسہرہ)
*شفانیوز میں ’’شفا آپ کی دہلیز پر ‘‘کے عنوان سے ایک اشتہار دیا جاتا ہے جس میں شفا کی تمام فرنچائز اور لیبزکے بارے میں تفصیل موجود ہے۔
کار آمد معلومات
شفا نیوز کے تمام مضامین پڑھنے کے قابل ہوتے ہیں۔ موسم کے لحاظ سے جوچیزیں بتائی جاتی ہیں‘ وہ بہت کار آمد ثابت ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ ورزش پر دیا جانے والا مضمون میں بہت شوق سے پڑھتی ہوں۔یہ رسالہ صحت سے متعلق بہت سی معلومات فراہم کرتا ہے اور اس میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہوتی۔
(نازیہ علی ، اسلام آباد )
میری دلچسپی کا موضوع۔۔۔
شفا نیوزمیں دے جانے والے تمام مضامین شوق سے پڑھتا ہوں۔میں ڈائیٹ پلان کے بارے میں جاننے میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ ذیابیطس،دل کی بیماریوں اوربے خوابی کے بارے میں بھی تفصیل سے لکھیں۔
(وقار گل ، پشاور)
زبان کی ہکلاہٹ
مجھے میگزین میں کبھی کوئی کمی محسوس نہیں ہوئی۔ بچوں کی صحت پر مبنی مضامین اورکور سٹوریز بہت اچھی ہوتی ہیں۔ میں چاہتی ہوں کہ اس میں خواتین کے حقوق کے بارے میں بھی بتائیں۔اس کے ساتھ ساتھ لوگوں میں صفائی کے بارے میں شعور پیدا کریں کہ یہ کتنی اہم ہے۔ زبان کی ہکلاہٹ کے بارے میں بھی لکھیں ۔
( ہاجرہ ،سیالکوٹ )
سب سے بڑا مسئلہ ’ٹینشن‘
میں نے ہسپتال میں پہلی دفعہ یہ رسالہ دیکھا اورجب پڑ ھاتو بہت اچھا لگا۔ اب میں اس کا مستقل قاری ہوں۔آج کل سب سے بڑا مسئلہ’ ٹینشن ‘ہے۔ جسے دیکھو وہ کسی نہ کسی بات پرٹینشن کا شکار ہے اوراس سے کئی اور بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ اس پر بھی کچھ لکھیں۔
(قاضی مسعود،چنیوٹ)
* ٹینشن کے موضوع پر ایک ماہر نفسیات کاانٹرویو بھی چند ماہ قبل شائع کیا گیا ہے۔ آپ چاہیں تو وہ رسالہ منگوا سکتے ہیں۔
35سال بعد ، ضروری وٹامن
میں یہ میگزین ایک سال سے پڑھ رہی ہوں۔ میں اس کی وجہ سے صحت سے بھرپور طرز زندگی اپنانے کی کوشش کر رہی ہوں۔ اس کے ذریعے مجھے بچوں کی پرورش کے حوالے سے بہت سی معلومات ملتی رہتی ہیں۔ میں چاہتی ہوں کہ میگزین کے ذریعے بتائیں کہ 30سے 35سال کی عمر کے بعد لوگوں کو اور خاص طور پر خواتین کو کن وٹامنز کی ضرورت ہوتی ہے اور ان کی کمی سے بچنے کے لیے انہیں کیاکرنا چاہیے۔
(نبیلہ مدثر،مری)
ہئیر ٹرانسپلانٹ پر مکمل تفصیل
میں چاہتا ہوں کہ ہیئر ٹرانسپلانٹ کے بارے میں تفصیل سے بتائیں کہ یہ کب اور کن صورتوں میں یہ ضروری ہے‘ اس کے نقصانات کیا ہیں اور اس کے لیے کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔
(ناصر علی شاہ ،صوابی)