ماہرین کے مطابق ذہنی دباؤ جسم اور دماغ کا وہ ردعمل ہے جو بے بسی یا چیلنج کے احساس سے جنم لیتا ہے۔ اس دوران دماغ کا ’ہائیپوتھالیمس‘ فعال ہو جاتا ہے۔ ایسے میں کورٹیسول اور ایڈرینالین جیسے ہارمونز خارج ہوتے ہیں۔ یہ ہارمونز دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر بڑھا کر جسم کو فوری ردعمل کے لیے تیار کرتے ہیں۔ ذہنی دباؤ میں بھوک اور کھانے کی عادات بھی متاثر ہوتی ہیں۔
سٹریس میں دماغ اور معدے کے درمیان رابطہ رکھنے والی ویگس نرو پر اثر پڑتا ہے۔ اس سے بعض افراد کو بھوک زیادہ، اور کچھ کو کم لگتی ہے۔ ایسے وقت میں زیادہ تر لوگ میٹھا یا مرغن کھانا پسند کرتے ہیں۔ ماہرین اسے فیڈ فارورڈ سائیکل کہتے ہیں۔ یہ بھوک اور شوگر کی طلب بڑھاتا ہے اور وزن میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
ذہنی دباؤ سے نپٹنے کے لیے ماہرین نیند پوری کرنے، ورزش کرنے اور متوازن خوراک کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پروٹین اور صحت بخش کاربوہائیڈریٹس کو ترجیح دیں تاکہ توانائی برقرار رہے اور ذہنی دباؤ میں بھوک بہتر طور پر کنٹرول ہو سکے۔