Vinkmag ad

وٹامن ڈی کی کمی

وٹامن ڈی چربی میں حل پذیر (fat soluble) ہونے والا وٹامن ہے۔ اس کو حاصل کرنے کے دو طریقے ہیں جن میں سے ایک خوراک اور دوسرا سورج کی روشنی ہے ۔سرد جگہوں پر رہائش، نامناسب خوراک اور کچھ بیماریاں وٹامن ڈی کی کمی کا باعث بن سکتی ہیں۔ یہ وہ بیماریاں ہیں جن کی موجودگی میں خوارک ہضم نہیں ہوتی۔

سورج کی روشنی سے اس کی ایک بہت بڑی مقدار حاصل ہوتی ہے۔ جہاں تک خوراک کا تعلق ہے تو انڈے کی زردی، کلیجی اور دودھ اسے حاصل کرنے کے اہم ذرائع ہیں۔ 

کمی کی علامات

وٹامن ڈی کی کمی کی کوئی واضح علامات نہیں ہوتیں۔ تاہم اس کی کمی کے شکار افراد اکثر جسمانی کمزوری اور ہڈیوں، پٹھوں یا جوڑوں میں درد رہنے کی شکایت کرتے ہیں۔ خواتین، خصوصاً حاملہ خواتین میں اس کی زیادہ کمی پائی جاتی ہے۔ ایک لمبے عرصے تک اس کی کمی متعدد مسائل کو جنم دے سکتی ہے لہٰذا سکریننگ ضرور کروا لینی چاہیے۔

جو افراد ڈاکٹری مشورے کے بغیر خود ہی کیلشیم کی دوائیں لینے لگتے ہیں، انہیں اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کیلشیم کو جذب کرنے کے لیے جسم کو وٹامن ڈی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر وٹامن ڈی نہ ہو تو کیلشیم کی گولی کا اثر زائل ہو جاتا ہے۔ اس لیے بہتر یہ ہے کہ ہمیشہ ڈاکٹر سے مشورہ کر کے ہی کوئی سپلیمنٹ لیا جائے۔

کون سا ٹیسٹ کروائیں

وٹامن ڈی کے لیے متعدد ٹیسٹ موجود ہیں مگر ڈی 25 ہائیڈروکسی وٹامن ڈی ٹیسٹ کو ترجیح دی جاتی ہے۔ یہ خاص ٹیسٹ جسم میں موجود وٹامن ڈی کے ذخیرے کے بارے میں آگاہی دیتا ہے۔ یہ ایک سادہ سا بلڈ ٹیسٹ ہے جس کے لیے خالی پیٹ ہونے سمیت کسی احتیاط کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس کی رپورٹ چھ گھنٹے کے اندر مل جاتی ہے۔

رپورٹ پڑھنے کا طریقہ

وٹامن ڈی کی رپورٹ پڑھنا بالکل مشکل نہیں۔ اس وٹامن کی کچھ سطحیں (levels) ہیں۔

٭ وٹامن ڈی 20 نینو گرام فی ملی لیٹر(20ng/ml) سے کم پایا جائے تو وٹامن ڈی کی کمی (deficiency) کو ظاہر کرتا ہے۔

٭ یہ 21 نینو گرام فی ملی لیٹر(21ng/ml) سے 29 نینو گرام فی ملی لیٹر (29ng/ml) ہو تو یہ ناکافی وٹامن ڈی (insufficient)کہلائے گا۔ اس سے مرادیہ ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی تو نہیں، البتہ یہ ناکافی ہے۔

٭ اگر یہ 150 نینو گرام فی ملی لیٹر(150ng/ml) سے زیادہ ہو تو اسے مضرِ صحت (Intoxicant) کہا جاتا ہے۔

٭ ایک صحت مند انسان میں وٹامن ڈی کی مقدار 29 نینو گرام فی ملی لیٹرسے 150 ملی گرام فی ملی لیٹر ہونی چاہیے۔

Vinkmag ad

Read Previous

وٹامن ڈی کیوں ضروری ہے

Read Next

پاکستانی میڈیکل مشن دوران حج ہیلتھ ایمرجنسیز سے نپٹنے کے لیے تیار

Most Popular