ریسکیو 1122 کے مطابق پنجاب میں موسلادھار بارشوں کے سبب 43 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات لاہور میں ہوئیں جہاں 16 افراد جان سے گئے۔ فیصل آباد میں 9، شیخوپورہ میں 5، اوکاڑہ اور پاکپتن میں 4، 4، چکوال میں 2 جبکہ ننکانہ، ساہیوال اور منڈی بہاؤالدین میں ایک، ایک شخص فوت ہوا۔ اب تک 310 سے زائد گھروں کی چھتیں گر چکی ہیں۔ 15 سے زیادہ ٹریفک حادثات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
پنجاب میں موسلادھار بارشوں سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں شہری سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح 16 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔ واسا اور ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ پاک فوج کے 111 بریگیڈ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سائرن بجائے گئے ہیں اور نشیبی علاقوں سے لوگوں کی منتقلی جاری ہے۔ چکوال میں کلاؤڈ برسٹ سے 423 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ایک روزہ تعطیل کا اعلان کیا ہے۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ شدید بارش میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ اس کے علاوہ دیگر احتیاطی تدابیر بھی اختیار کریں۔