یونیورسٹی آف فلوریڈا ہیلتھ کی ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ مقررہ وقت پر اور باقاعدگی سے جسمانی سرگرمی کرنا دل اور پھیپھڑوں کی صحت کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے۔ تحقیق نیشنل انسٹیٹیوٹ آن ایجنگ کے مالی تعاون سے کی گئی۔
سٹڈی میں تقریباً 800 بزرگ افراد شامل تھے۔ ان کی اوسط عمر 76 سال تھی۔ شرکاء نے ایک ہفتے تک کلائی پر آلہ پہنا۔ یہ آلہ ان کی سرگرمی مسلسل ریکارڈ کرتا رہا۔ بعد میں دل اور پھیپھڑوں کی فٹنس کا ٹیسٹ کیا گیا۔ تحقیق میں پایا گیا کہ جو لوگ دن کا آغاز جلد کرتے تھے، ان کی فٹنس بہتر تھی۔ ایسے افراد جن کی سرگرمی روز ایک ہی وقت پر عروج پر ہوتی تھی، ان کے نتائج بھی مثبت تھے۔ دن اور رات کی سرگرمی میں واضح فرق بھی فائدہ مند ثابت ہوا۔
ماہرین کے مطابق جسم میں ایک اندرونی گھڑی ہوتی ہے جو درجہ حرارت اور ہارمونز کو دن رات کے حساب سے منظم کرتی ہے۔ اگر اس نظام میں خلل آئے تو نیند اور جسمانی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔ اس لیے مقررہ وقت پر اور باقاعدگی سے جسمانی سرگرمی زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔