ماہرین کے مطابق 3000 سال قدیم چینی ورزش موٹاپے کے شکار نوجوانوں کی فٹنس بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ بات چین میں کی گئی ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ 12 ہفتوں پر مشتمل اس سٹڈی میں نوجوانوں کے وزن اور جسمانی ساخت پر تائی چی کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق میں 46 ایسے یونیورسٹی سٹوڈنٹس کو شامل کیا گیا جن کا باڈی ماس انڈیکس 28 یا اس سے زیادہ تھا۔ ان طلبہ کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ نے ہفتے میں تین مرتبہ تائی چی کی مشق کی۔ دوسرے گروپ نے اسی مدت میں سادہ اسٹریچنگ کی۔
نتائج کے مطابق، تائی چی کرنے والے گروپ نے اوسطاً 0.87 کلوگرام خالص عضلاتی وزن حاصل کیا۔ ان کی کمر کا سائز بھی 3.38 سینٹی میٹر کم ہوا۔ دوسری طرف سٹریچنگ گروپ کی کمر میں اوسطاً 4.68 سینٹی میٹر کی کمی آئی۔ تاہم ان کے پٹھوں میں کوئی خاص فرق نہیں دیکھا گیا۔ ماہرین کے مطابق قدیمی ورزش عضلات اور لیگامنٹس کو بھی مضبوط بناتی ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ تائی چی موٹاپے کے شکار نوجوانوں کے لیے محفوظ، آسان اور مؤثر جسمانی سرگرمی ہے۔ یہ نہ صرف جسمانی ساخت بہتر کرتی ہے بلکہ ذہنی سکون بھی فراہم کرتی ہے۔