موٹاپا بہت سی بیماریوں کی جڑ ہے۔ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ وزن گھٹانے کے لیے کھانا کم کھانا چاہیے۔ ان کے نزدیک اس کے لیے کیلوریز کم کرنا اشد ضروری ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق کھانے کی مقدار نہیں معیار اہم ہے۔ اس کا انکشاف سٹینفورڈ یونیورسٹی میڈیکل اسکول کی ایک تحقیق میں ہوا ہے۔
ایک سال تک جاری رہنے والی تحقیق میں 18 سے 50 سال کے 609 افراد نے حصہ لیا۔ ان میں سے کوئی بھی شوگر کا مریض نہیں تھا۔ ان کا بی ایم آئی 28 سے 40 کے درمیان تھا۔ بی ایم آئی کی رینج 18.5 سے 24.9 ہو تو اسے صحت مند تصور کیا جاتا ہے۔
شرکاء کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ کو کم نشاستے والی اور دوسرے کو کم چکنائی والی ڈائٹ کھانے کو کہا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ صحت بخش غذائیں کھائیں اور کیلوریز کی زیادہ فکر نہ کریں۔ ایک سال بعد نوٹ کیا گیا کہ کم کاربوہائیڈریٹس استعمال کرنے والوں کا وزن 5 سے 6 کلو کم ہوا۔ دوسری طرف کم چکنائی استعمال کرنے والوں کا وزن 4 سے 5 کلو کم ہوا۔ دونوں گروہوں کے لوگوں کی کمر کا سائز بھی کم ہوا۔ انہوں نے بلڈپریشر، باڈی فیٹ اور بلڈ شوگر لیول بھی برقرار رکھا تھا۔ اس سے معلوم ہوا کہ وزن کم کرنے کے لیے پروسیسڈ فوڈ، میٹھی غذائیں، اور ریفائنڈ اشیاء کم کھانی چاہئیں۔ ان کے برعکس تازہ سبزیاں، پھل اور دالیں زیادہ کھانی چاہئیں۔ دوسرے لفظوں میں وزن کم کرنے کےلیے کھانے کی مقدار نہیں معیار اہم ہے۔