Vinkmag ad

برفباری اپنا خیال کیسے رکھیں

سردیوں میں جب پہاڑ برف کی چادر اوڑھ لیں تو بہت ہی دلفریب منظر پیش کرتے ہیں۔ایسے میںبرف میں سنو مین بنانا‘کافی پینا‘ایک دوسرے کو گولے مارنا اور سکیٹنگ سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنتے ہیں۔پاکستان میں زیادہ تر افراد سردیوں کا انتظار کرتے ہیں تاکہ مری‘گلگت‘مظفر آباد اورکوئٹہ جیسے برفیلے علاقوں میں جا کر برف باری کا لطف اٹھا سکیں۔ اگرکچھ احتیاطیں نہ کی جائےں توشدید موسم میں رہنے یا سیر کے لیے جانے والے افراد کو فلو‘گلے اورپھیپھڑے کے مسائل‘سر درد‘ فراسٹ بائٹس(frost bites)یعنی سردی کی وجہ سے جلد کے ٹشوز کا جم جانے یا بعض حصوں میں دوران خون رک جانے اور ہائپوتھرمیا (hypothemia) یعنی شدید ٹھنڈ لگ جانےجیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ان سے بچنے کے متعلق چند اہم ٹپس یہ ہیں۔

٭برفیلے یا شدید ٹھنڈے علاقوں میں جانے سے پہلے وہاں کم از کم ایک ہفتے کے موسم کا حال ضرور چیک کر کے جائیں۔اس سے آپ کو اپنا سفر کی منصوبہ بندی کرنے میں آسانی ہو گی۔

٭گرم کپڑوں کا استعمال کریں جن سے آپ کا جسم‘چہرہ‘ناک‘سر‘گلا‘ہاتھ اور پاﺅں اچھی طرح ڈھکے ہوں۔
٭برفباری میں گرنے یا پھسلنے سے بچنے کے لیے ایسے جوتے پہنیں جن کی گرِپ اچھی ہو۔ہیل یا فیشن شوز پہننے سے اجتناب کریں۔
٭برف میں تیز دوڑنے کی بجائے آرام سے قدم اٹھائیں ۔نیزبڑے بڑے تودوں کے نیچے سے گزرنے سے پرہیز کریں۔
٭برفباری یا شدید ٹھنڈ میں زیادہ دیر باہررہنا ٹھیک نہیں۔اس لیے برف میںمحض کچھ دیر کے لیے جائیں ۔
٭ٹھنڈی ہواسے بچنے کے لیے ماسک استعمال کریں۔سن گلاسزکا استعمال بھی ضرورکریںکیونکہ سورج کی شعاعیں برف پر پڑنے کے بعد آنکھوں کو چندھیا سکتی ہیں۔
٭برفیلے علاقوں میں رہنے والے افرادکو شدیدموسم کی وجہ سے اپنی معمول کی سرگرمیاں ختم کرنا پڑتی ہیں۔ تاہم انہیں چاہئے کہ گھروں کے اندر خود کوضرورسرگرم رکھیں۔

٭جن علاقوں میں شدید برفباری ہوتی ہے وہاں برف میں تیز چلتی گاڑی کے ڈرائیور کے لیے راہگیروں کو دیکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔اس لئے ایسی جگہوں پر جاتے ہوئے تیز رنگوں کے کپڑے پہنیں تاکہ برفباری میں آپ ڈرائیور کو دور سے نظر آ سکیں۔
٭ڈرائیور حضرات کے لیے برفیلے علاقوں میں گاڑی کو کنٹرول میں رکھنا مشکل ہوتا ہے۔ایسے علاقوں میں گاڑی احتیاط سے چلائیں۔سفر شروع کرنے سے پہلے گاڑی کے ٹائر‘بریک اور ایگزاسٹ پائپ لازماً چیک کروائیں۔

٭بازاری چیزیں خرید کر کھانے سے پرہیز کریں ورنہ پیٹ خراب ہو سکتا ہے ۔اگر ممکن ہو تو کھانا اپنے ساتھ لائیں۔
٭ایسے موسم میں چونکہ دن کی روشنی کم ہوجاتی ہے‘اس لیے گاڑی کی ہیڈ لائٹس جلا کر رکھیں تاکہ سڑک پر آپ کی گاڑی واضح نظر آ سکے۔
٭برفباری میں بظاہر گیلی نظر آنے والی جگہ اصل میں گردآلود برف ہو سکتی ہے۔اس پر چلنے سے پرہیز کریں۔
٭زخمی ہونے سے بچنے کے لیے برف میں زمین پر دیکھتے ہوئے قدم رکھیں اوراوپر بھی نظر رکھیں تاکہ انجانے میں کوئی برفانی آپ پر نہ آ گرے۔
٭اکثر مسافر برفیلے علاقوں میں پھنس جاتے ہیںجس کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس لئے سیاح پیکٹ بند کھانے ‘ڈرائی فروٹ اور ضروری سامان مثلاً چھوٹا کمبل‘موٹی چادر وغیرہ اپنے ساتھ رکھیں۔

٭کسی بھی ایمرجنسی کی صورت سے نپٹنے کے لیے اپنے پاس فرسٹ ایڈ کِٹ ضرور رکھیں۔
٭ کچھ سیاح برف باری کا مزہ دوبالا کرنے کے لیے وہاں باربی کیو یا بون فائر وغیرہ کرتے ہیں اور آتے ہوئے گندگی وہیں چھوڑ جاتے ہیں۔آپ کے بعد آنے والوں کا بھی حق ہے کہ انہیں صاف ستھرا ماحول ملے ۔اس لئے سیر وتفریح ضرور کریں مگر گندگی‘کوڑا کرکٹ اور کین وغیرہ اپنے بیٹھنے کی جگہ پر چھوڑ کر جانے سے پرہیز کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

مفروضے‘مسائل اور احتیاطیں دودھ چھڑائی

Read Next

بول میری مچھلی کتنا پانی

Most Popular