Vinkmag ad

وزن گھٹانے کے صحت مند طریقے

وزن گھٹانے کے صحت مند طریقے-شفانیوز

موٹاپا نہ صرف دیکھنے میں بھدے پن کا احساس دلاتا ہے بلکہ اس کی وجہ سے صحت کے بہت سے مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔ وزن کی زیادتی کے بعد اسے کم کرنا مشکل ہوتا ہے۔ جن لوگوں کا وزن قابو میں ہے، انہیں چاہیے کہ اسے بڑھنے نہ دیں۔ جب یہ بڑھ جائے تو بہت سے لوگ اسے گھٹانے کے لیے ایسے طریقے استعمال کرتے ہیں جو ان کی صحت کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں۔ وزن گھٹانے کے صحت مند طریقے کیا ہیں، آئیے جانتے ہیں۔

وزن کم کرنے کے لیے ہدایات

وزن گھٹانے کے سلسلے میں کچھ اہم اور قابل توجہ امور یہ ہیں:

بار بار وزن کی پیمائش 

موٹاپے کے شکار افراد وزن کم کرنے کے دوران اپنے وزن کی پیمائش کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ جب انہیں فوری نتائج نظر نہیں آتے تو وہ مایوس ہو جاتے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ اسے ایک شیڈول کے تحت ہی چیک کریں۔

جسمانی سرگرمی ضروری 

وزن کم کرنے کے لیے جسمانی سرگرمیاں بہت اہم ہیں۔ روزانہ ورزش اور واک سے اضافی کیلوریز کم ہوتی ہیں۔ جسم کے مخصوص حصوں مثلاً پیٹ اور رانوں کی چربی کم کرنے کے لیے مخصوص ورزشیں ہوتی ہیں جن سے استفادہ کرنا چاہیے۔

خوراک کی منصوبہ بندی

پانی پیٹ بھرا رکھنے اور بھوک کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اسی طرح فائبر والی غذا میں کم کیلوریز ہوتی ہیں اور ان سے پیٹ بھی بھرا رہتا ہے۔ صرف رات کو کھانا کھا کر سونے سے ہی وزن نہیں بڑھتا بلکہ کسی بھی وقت زائد کیلوریز لینے سے جسم میں چربی بن جاتی ہیں۔ اس لیے متوازن غذا کا متوازن مقدار میں استعمال لازمی ہے۔

کھانا پکانے کا انداز

کھانا بہت زیادہ پکانے یا تلنے سے بہت سے غذائی اجزاء ختم ہو جاتے ہیں۔ مزید برآں تلی ہوئی چیزیں موٹاپے کا باعث بنتی ہیں۔ کھانے میں تیل کا استعمال کم سے کم (صرف دو کھانے کے چمچ) کریں۔

وقت مقرر کریں

کھانے کے اوقات مقرر کریں۔ زیادہ وقفے کے بعد پیٹ بھر کر کھانے سے بہتر ہے کہ کم وقفے کے بعد تھوڑا کھائیں۔ آپ برابر وقفوں سے پانچ سے چھ بار کھا سکتے ہیں۔

صحت مند چکنائیاں لیں

اکثر وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد ایسی خوراک لینے لگتے ہیں جس میں چکنائی کم ہوتی ہے یا سرے سے ہوتی ہی نہیں۔ ایسا کرنے سے وزن وقتی طور پر کم تو ہو جائے گا مگر اسے برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ اسے مکمل طور پر چھوڑنے کی بجائے کم استعمال کریں اور صحت مند چکنائیوں کو سیر شدہ چکنائیوں پر ترجیح دیں۔

پروٹین ضرور لیں 

پروٹین نشوونما اور جسم کی دیگر ضروریات کے لیے بہت اہم ہے۔ اسے مکمل کھانے کے طور پر نہیں بلکہ اس کے ایک جزو کے طور پر استعمال کرنا چاہیے۔ گوشت اس کا بہترین ذریعہ ہے، تاہم یہ چربی کے بغیر اور کم مقدا ر میں لینا چاہیے۔ اگر اسے بالکل چھوڑ دیا جائے تو وزن کم ہو جاتا ہے لیکن جسم کمزوری کا شکار ہو جاتا ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

ڈینگی بخار کے کیسز میں 135 فیصد اضافہ

Read Next

کون سی محبت دماغ کے کس حصے کو متحرک کرتی ہے

Leave a Reply

Most Popular