ماہرین کے مطابق مختصر لیکن تیز قدموں پر مشتمل "مائیکرو واک” روایتی طویل واک سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ یہ بات یونیورسٹی آف میلان میں جولائی 2025 میں مکمل ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ اس کے مطابق مائیکرو واک جسمانی توانائی میں اضافہ، وزن میں کمی اور مجموعی صحت میں بہتری لاتی ہے۔
تحقیق کے دوران شرکاء کو ٹریڈمل پر ورزشیں کروائی گئیں۔ اس دوران آکسیجن ماسک کے ذریعے توانائی کے استعمال کا جائزہ لیا گیا۔ معلوم ہوا کہ مائیکرو واک کرنے والے افراد، اتنی ہی دوری کی طویل واک کرنے والوں کے مقابلے میں تقریباً 60 فیصد زیادہ توانائی خرچ کرتے ہیں۔
مائیکرو واک کو بآسانی روزمرہ کے معمولات میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ دفتر میں چہل قدمی، کافی لینے جانا یا مختصر وقت کے لیے باہر نکلنا اس کی کچھ مثالیں ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ کار اُن افراد کے لیے نہایت مفید ہو سکتا ہے جو زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں، یا بیماری کے بعد صحت یابی کے مرحلے میں ہوتے ہیں۔
غذائی ماہر البرٹ میتھنی کا کہنا ہے کہ ہر شخص کو اپنی جسمانی صلاحیت کے مطابق آغاز کرنا چاہیے۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ اس کے وقت اور رفتار میں اضافہ کرنا چاہیے۔