عام تصور یہ ہے کہ بیٹھنا خطرناک ہے۔ یہ دل کے امراض اور فالج کا خطرہ بڑھاتا ہے۔ اس کے برعکس کھڑے ہو کر کام کرنا صحت کے لیے مفید ہے۔ تاہم ایک نئی تحقیق نے اس تصور کو رد کردیا ہے۔ برطانوی ماہرین کی اس تحقیق میں 83 ہزار افراد کا ڈیٹا استعمال کیا گیا۔ اس کا مقصد یہ جاننا تھا کہ کیا کھڑے ہو کر کام کرنا دل کی بیماریوں اور فالج سے بچاتا ہے یا نہیں۔ شرکاء کی اوسط عمر 61 سال تھی جن میں نصف تعداد خواتین کی تھی۔ ان کی صحت کا ابتدائی اور پھر سات سال بعد جائزہ لیا گیا۔ ان کے بیٹھنے اور کھڑے ہونے کے دورانیے کو بھی دیکھا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ کام کے دوران کھڑا رہنا فالج اور امراضِ قلب سے بچاؤ میں موثر نہیں ہے۔ اس کے برعکس طویل وقت تک کھڑے رہنے سے ٹانگوں اور ہاتھوں میں سنسناہٹ کی شکایات بڑھ سکتی ہیں۔
تحقیق نے یہ بھی واضح کیا کہ زیادہ دیر تک بیٹھنا یا کھڑے رہنا دونوں ہی نقصان دہ ہیں۔ ماہرین نے بتایا کہ 12 گھنٹے مسلسل بیٹھنے والے افراد اور 2 گھنٹے مسلسل کھڑے رہنے والے افراد میں یکساں طبی پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں۔ بہترین حکمت عملی یہ ہے کہ مسلسل بیٹھنے کے بعد تھوڑی دیر کے لیے کھڑا ہوا جائے۔ تحقیق انٹرنیشنل جرنل آف ایپیڈیمولوجی میں شامل ہوئی ہے۔