سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے ملک میں ادویات کی بڑھتی قیمتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر عامر ولید الدین چشتی کی زیر صدارت ہوا۔ اس میں فارماسیوٹیکل شعبے سے متعلق مسائل پر غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت نے اجلاس کو بتایا کہ ادویات پر عائد پابندیوں کا معاملہ زیر غور ہے۔ پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ تحقیقاتی سروے رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قیمتوں میں اضافے کے مسئلے سے بخوبی آگاہ ہے, تاہم اس میں کئی عملی مسائل ہیں۔ کئی فارماسوٹیکل کمپنیاں ملک چھوڑ چکی ہیں۔
سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ ادویات کی بڑھتی قیمتوں سے عوام براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ سینیٹر دنیش کمار نے طبی شعبے میں غیر اخلاقی رویوں پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ادویات اور لیبارٹری ٹیسٹوں پر کمیشن وصول کیا جاتا ہے۔ انہوں نے فارماسوٹیکل کمپنیوں کی طرف سے ڈاکٹروں کے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔