Vinkmag ad

مادہ منویہ کا تجزیہ semen analysis

اگر مانع حمل مصنوعات یا ادویات کو استعمال کئے بغیر شادی کے ایک سال بعد بھی اولاد پیدا نہ ہو تو اسے بانجھ پن سے تعبیر کیا جاتا ہے ۔میاں اور بیوی‘ دونوں ہی اس صورت حال کے ذمہ دار ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق تقریباً 50 فی صد صورتوں میں مرد کی جنسی کمزوری یا صحت مند جرثوموں (sperms)کی عدم دستیابی اولاد نہ ہونے کا ایک بڑا سبب ہوتی ہے۔ حمل کے لئے مرد کا جنسی نظام درست ہونے کے ساتھ ساتھ جرثوموں کا متحرک اور معیاری ہونا بھی ضروری ہوتاہے۔یہ سب کچھ معلوم کرنے کے لئے لیبارٹری میں مرد کے مادہ منویہ کا تجزیہ (semen analysis)کیا جاتا ہے۔ اس ٹیسٹ کا ایک اور مقصد مردوں میں ایک چھوٹا ساآپریشن جسے ’’مستقل نس بندی‘‘ کہتے ہیں کا جائزہ لینابھی ہوتاہے کہ یہ کامیابی سے مکمل ہوا ہے یا نہیں

ٹیسٹ کی اہمیت
اس ٹیسٹ کے ذریعے مرد کے مادہ تولید میں درج ذیل امور کا پتا چلایاجاتا ہے:
٭ جرثوموں کی تعداد
٭ جرثوموں کا معیاری یا صحت مند ہونا
٭ جرثوموں کی عدم موجودگی
٭ جرثوموںکی شکل وصورت
٭ متحرک جرثومے

سیمپل جمع کرانے کا طریقہ
اس ٹیسٹ کے لئے متعلقہ فرد گردہ و مثانہ کے ماہر ڈاکٹر (یورالوجسٹ) کے پاس جاتا ہے جو اسے نمونہ(سیمپل )دینے کا طریقہ سمجھا دیتا ہے۔ نمونے کا ٹھیک حالت میں اوربروقت لیبارٹری تک پہنچانا‘ اس کا فوری طور پر ٹیسٹ کرنا اور تجزیہ کار کی مہارت وہ عوامل ہیں جو ٹیسٹ کے نتائج پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔اس کے علاوہ کچھ ادویات کا استعمال‘ اور پیشاب کے راستے میںہونے والے انفیکشن(Uretheral infection) بھی نتائج پر اثر ڈال سکتے ہیں‘ لہٰذا انہیں کنٹرول کرنا ضروری ہے۔ ان کے علاج کے بعد ہی سیمپل لیبارٹری میں دینا چاہیے۔
بہتر نتائج کے لئے نمونہ دینے والے کو چاہئے کہ کم از کم 48 گھنٹے اور زیادہ سے زیادہ سات دن کے لئے ازدواجی تعلق سے پرہیزکرے۔ نمونہ بالعموم لیبارٹری کی حدود میں ہی حاصل کیا جاتا ہے تاکہ اس کا جلد تجزیہ کیا جا سکے اور اس کے معیار پربرا اثر نہ پڑے۔

مادہ تولید کا تجزیہ
اس تجزئیے میں سپرم کی کل تعداد کا جائزہ لیا جاتا ہے اور یہ معلوم کیا جاتا ہے کہ کتنے فی صدسپرم متحرک‘خراب اور مردہ ہیں۔ واضح رہے کہ صرف نارمل سپرم ہی حمل ٹھہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نارمل سپرم کا سر لمبوترااوردُم ایک ہوتی ہے جبکہ ابنارمل سپرم دوسروں‘دودُموں یا چھوٹی دُم والے ہو سکتے ہیں۔

نارمل مادہ تولید کی رپورٹ
٭عام طور پر مرد کے دوملی لیٹر مادہ تولید میں 20 ملین سے زیادہ سپرم ہونے چاہئیں ۔اگر یہ تعداد کم ہوجائے تو حمل کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
٭ مادہ تولید میں بعض اوقات سپرم مردہ ہوتے ہیںاور بعض اوقات زندہ ہونے کے باوجود حرکت نہیں کرتے۔ نارمل مادہ تولید میں زندہ اور متحرک سپرم کی تعداد 50فی صد سے زیادہ ہونی چاہیے۔
٭مادہ تولید کا رنگ زردی مائل(Yellowish)ہونا چاہیے۔
٭مر د کے خون میں سفید خلیوں(WBC)کی کم یا زیادہ تعداد خاتون کے انڈے کی زرخیزی کومتاثر کرتی ہے ۔

کچھ اہم اصطلاحات
مادہ منویہ کے لیبارٹری ٹیسٹ میں کچھ طبی اصطلاحات بھی استعمال ہوتی ہیں جن کا جاننافائدہ مند سکتا ہے:
٭ازوسپرمیا(Azoo spermia) میں سپرم بنتے ہی نہیں۔
٭اولیگوسپرمیا(Oligo spermia)سے مراد یہ ہے کہ مرد کے مادہ تولید میں سپرم کی تعداد بہت کم ہے۔
٭اولیگوزوسپرمیا(Oligozoo Spermia)سے مراد متحرک سپرم کی تعدادکابہت کم ہوناہے۔
٭ٹیٹرازوسپرمیا(Tetratozoo spermia)اس کیفیت کو کہتے ہیں جس میں سپرم شکل وجسامت کے لحاظ سے نارمل نہ ہوں۔

Vinkmag ad

Read Previous

آپ کے سوالات ماہر غذایات کے جوابات

Read Next

لاہوری مچھلی Lahori Fish

Leave a Reply

Most Popular