Vinkmag ad

سیکرل ڈِمپل: ریڑھ کی ہڈی کا گڑھا

سیکرل ڈمپل- شفا نیوز

پیدائشی طور پر بعض بچوں کی کمر کے نچلے حصے میں ایک گڑھا یا گہرا نشان ہوتا ہے۔ اسے سیکرل ڈِمپل (sacral dimple) کہا جاتا ہے۔ یہ عام طور پر کولہوں کے درمیان لکیر کے قریب ہوتا ہے۔ زیادہ تر سیکرل ڈِمپل بے ضرر ہوتے ہیں، اور ان میں کسی علاج کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر وہ بڑا ہو، اس کے قریب بالوں کا گچھا، جلد کی اضافی تہہ، گلٹی یا رنگت میں فرق ہو تو یہ ریڑھ کی ہڈی کے کسی مسئلے کی علامت ہوسکتا ہے۔ ایسی صورت میں ڈاکٹر امیجنگ ٹیسٹ تجویز کر سکتا ہے۔ اگر کوئی مسئلہ پایا جائے تو علاج کی نوعیت کا دارومدار اس کی بنیادی وجہ پر ہوگا۔

علامات

٭ کولہوں کے درمیان لکیر کے قریب ایک گڑھا یا گہرا نشان

وجوہات

٭ سیکرل ڈِمپل ایک پیدائشی حالت ہے جس کی کوئی خاص اور حتمی وجہ معلوم نہیں

خطرے کے عوامل

٭ ریڑھ کی ہڈی کے مسائل مثلاً ٹییتھرڈ کورڈ سنڈروم (Tethered Cord Syndrome)

* یہ بغیر کسی خاص طبی مسئلے کے بھی پایا جا سکتا ہے

پیچیدگیاں

بہت ہی کم صورتوں میں سیکرل ڈِمپل کا تعلق ریڑھ کی ہڈی یا سپائنل کارڈ کے کسی غیر معمولی مسئلے کے ساتھ ہوتا ہے۔ مثلاً:

سپائنا بیفِڈا: اس کی ایک ہلکی شکل سپائنا بیفِڈا اوکَلٹا (spina bifida occulta) کہلاتی ہے۔ اس میں ریڑھ کی ہڈی، ریڑھ کی نالی کے ارد گرد صحیح طرح سے بند نہیں ہوتی. اس کے علاج کی ضرورت نہیں ہوتی

ٹییتھرڈ کورڈ سنڈروم: اس حالت میں ریڑھ کی ہڈی آزادانہ حرکت نہیں کر پاتی۔ اس کی علامات میں ٹانگوں میں کمزوری یا ان کا سن ہونا اور پیشاب یا پاخانے پر قابو نہ رہنا شامل ہیں

اگر سیکرل ڈِمپل کے ساتھ قریب بالوں کا گچھا، جلد کی اضافی تہہ، یا گلٹی موجود ہو تو ریڑھ کی ہڈی کی پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

تشخیص

سیکرل ڈِمپل کی تشخیص بالعموم نومولود کے پہلے طبی معائنے کے دوران ہو جاتی ہے۔ اگر ڈِمپل بڑا ہو یا اس کے ساتھ بالوں کا گچھا، جلد کی اضافی تہہ، گلٹی، یا جلد کی رنگت میں تبدیلی ہو تو ڈاکٹر ریڑھ کی ہڈی کے مسائل کا جائزہ لینے کے لیے کچھ امیجنگ ٹیسٹ تجویز کر سکتا ہے:

الٹراساؤنڈ: اس سے جسم کے اندرونی ڈھانچے کی تصاویر لی جاتی ہیں

ایم آر آئی: اگر مزید تفصیلات درکار ہوں تو ایم آر آئی تجویز کیا جاتا ہے۔ اس سکین کے دوران بچے کو حرکت سے روکنے کے لیے دوا (سیڈیشن) دی جا سکتی ہے۔

علاج

سادہ سیکرل ڈِمپل میں کسی علاج کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر کوئی مسئلہ پایا جائے تو علاج کی نوعیت کا دارومدار اس کی بنیادی وجہ پر ہوگا۔

ڈاکٹر سے ملاقات

سیکرل ڈِمپل کے لیے بالعموم بچے کو کسی خاص طبی معائنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر آپ کے ذہن میں کوئی سوالات ہوں تو انہیں بچے کے معمول کے طبی معائنے کے دوران پوچھ سکتے ہیں۔ کچھ سوالات یہ ہو سکتے ہیں:

٭ کیا میرے بچے کو کوئی اضافی ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہے؟

٭ کیا  ڈمپل کی صفائی یا دیکھ بھال کے لیے کوئی خاص ہدایت ہے؟

٭ کیا کسی قسم کے علاج کی ضرورت ہے؟

٭ کیا سیکرل ڈِمپل کا تعلق کسی سنگین بیماری سے ہو سکتا ہے؟

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں.

سیکرل ڈِمپل: ریڑھ کی ہڈی کا گڑھا- شفا نیوز

 

Vinkmag ad

Read Previous

پانی اور مرغی سے پھیلنے والا بیکٹیریا، فالج کا ممکنہ خطرہ

Read Next

پبلک ہیلتھ پالیسی میں نایاب امراض کے مریض نظرانداز

Leave a Reply

Most Popular