قمراقبال صوفی کی کتاب ’’روحانیت‘ دانش اور حقیقتیں‘‘ کا بڑا حصہ اگرچہ روحانیات پرمشتمل ہے جس میںانہوں نے ذاتی تجربات کی روشنی میں بہت سی گتھیاں سلجھائی ہیں‘ تاہم انہوں نے اس میں ایسے بہت سے مسائل کا ذکر بھی کیا جن سے ہمیں زندگی میں واسطہ پڑتا ہے اور پھر ان سے نکلنے کے عملی طریقے اور مشقیں بھی بتائی ہیں۔مثال کے طور پر انہوں نے تصورات کی مشق(visualization)پر بات کی ہے جس کے ذریعے ہم لاشعور سے اپنا تعلق جوڑ لیتے ہیں۔ان کے مطابق اس کا اہم اصول یہ ہے کہ لاشعور جب کسی چیز کو باربار دیکھتا ہے تو اسے مان لیتا ہے اور نہ صرف فرد کو اس کے پاس لے جاتا ہے بلکہ دیکھی جانے والی چیز خود ہی تخلیق بھی کر لیتا ہے۔ویژولائزیشن کے ذر یعے لاشعورمیں بیٹھے ڈروں کو نکالا جاتا ہے اور اچھی صلاحیتوں کی طاقت بڑھائی جاتی ہے ۔
انسانوں کی یہ نفسیات ہے کہ وہ جو کام کرتے ہیں‘ اسے ہی دہراتے چلے جانا انہیں سہل لگتا ہے ۔انسان کی اس عادت کوایک خاص خول(shell) میں رہنا کہا جا سکتاہے۔ پانی میں رہنے والے جانور‘ مثلاً گھونگے شیل میں رہتے ہیں اور عمربڑھنے کے ساتھ ساتھ اسے بڑا کرتے جاتے ہیں۔ہر شخص نے اپنے یقین کاایک شیل بنایا ہوتا ہے کہ وہ کسی خاص معاملے میں کس حد تک آگے جا سکتا ہے۔یہ یقین اسے اس شیل سے باہر نہیں نکلنے دیتا، اور اگر اتفاقاً نکل بھی جائے تو دوبارہ کوئی نہ کوئی غلطی کر کے واپس اپنے خول میں آ جاتاہے۔معاملہ پیسے کا ہو‘ پیار کا یا روحانیات میں ترقی کا‘ ہرشخص کا اپنا اپناخول ہے۔ اگرماضی کے تجربات خوشگوار اور کامیابیاں زیادہ ہوں تو یہ شیل سائز میں کافی بڑا ہوتا ہے ۔ اگر آپ کا یہ شیل چھوٹا ہے تو اپنے لاشعور کو بڑے شیل یعنی اگلے قدم اور کامیابی کی فلم دکھا کر پہلے شیل کو توڑیں اور نیا شیل تشکیل دیں۔اگرآپ اس کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کی آیات کا وردکریں یا دعائیں پڑھیں تو نتائج کئی گنا بہتر ہوں گے۔
لاشعورکو کامیابی کے لئے استعمال کرنے کا ایک اصول یہ بھی ہے کہ ہمارادماغ تصویروں میں سوچتا ہے ۔ جب ہم تصورات کی مدد سے خود کو منزل پر بیٹھا دیکھتے ہیں تو ہمارا ’’قدیم ‘‘ انسانی دماغ اسے دیکھ لیتا ہے اور پھر لاشعور کی مدد سے اسے پا لیتا ہے۔ آپ تصورات کی مشق کے ذریعے اپنے پیشے‘ کام یا کاروبار سے متعلق اپنے خوف ‘ ڈر اور جھجک دور کریں۔ اس مشق میں آپ نے خود کو منزل پر پہنچا ہوا تصور کرنا ہے۔اگر آپ خود کو آدھے راستے میں دیکھیں گے تو پھرآدھے راستے میں ہی رہیں گے۔یاد رکھیںکہ لاشعور اس شدید خواہش سے ہی متاثر ہوتا ہے جو کچھ عرصے تک لگاتار دکھائی جائے ۔ دوسری بات یہ ہے کہ اگر آپ کامیابی کو مستقبل میں دکھائیں گے تو وہ اسے آگے ہی آگے لے جائے گا۔اس لئے آپ اگر گاڑی یا مکان لینا چاہتے ہیں تو صبح شام 10سے 15منٹ تک آنکھیں بند کر کے اسے اپنے پاس اور خود کو اس میں بیٹھا دیکھیں۔لاشعور کی طاقت آپ کی توجہ مرتکز کر کے آپ کو اس راستے پر ڈال دے گی جس پر چل کر آپ اپنی منزل جلد حاصل کر لیں گے۔
تصورات کی مشق کے ذریعے آپ اپنے لاشعور کی صفائی بھی کر سکتے ہیں۔ میں (مصنف) نے اس کی مدد سے اپنے کئی خوف‘ پریشانیاں اور شخصیت پر منفی اثرات ختم کئے اور دیگر لوگوں نے بھی اس سے فائدہ اٹھایا۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ آپ پانچ ایسے واقعات، شخصیات یا پہلو چنیں جنہوں نے آپ کی زندگی اور شخصیت پر برے اثرات مرتب کئے اور انہیں مختصراً ایک کاغذ پر ترتیب وار لکھ لیں۔ اس کے بعد آپ اپنے یاکسی اورکے گھرکی سیڑھیوں کے پاس کھڑے ہوجائیں۔ اب پہلی سیڑھی پر قدم رکھیں اور پہلا واقعہ اپنی پوری تفصیل کے ساتھ یاد کریں اور اس کی پوری فلم اپنے ذہن میں چلائیں ۔اس دوران کسی اہم تفصیل کو مت چھوڑیں۔اس کے بعد دوسری ‘ تیسری‘ چوتھی اور پانچویں سیڑھی پرچڑھیں اور یہی عمل دہرائیں۔بہتر یہ ہے کہ اس عمل کے دوران اپنی آنکھیں بند یا نیم بند رکھیں۔اس کے بعد چھٹی سیڑھی پر چڑھیں اور وہاں تقریباًایک منٹ تک ٹھہرنے کے بعد واپس پانچویں سیڑھی پر آ جائیں اور اس سیڑھی پر یاد کیا گیا واقعہ دوبارہ اپنے ذہن میں تازہ کریں۔اس کے بعد اس کے منفی کردار کو ذہن میں لائیں اور اسے کہیں’’میںنے تمہیں معاف کیا‘ اب تمہارا مجھ پر کوئی اثر نہ ہو گا۔ ‘‘اس کے بعد ہاتھ ہلا کر اسے خداحافظ کہیں اور نچلی سیڑھی پر آ جائیں اور اسی عمل کو دہرائیں۔ پہلی سیڑھی پر آنے کے بعد اس کاغذ کو پھاڑ کر جلادیں ۔ اگر آپ کی غلطی ہو تو اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں اورعہد کریں کہ آئندہ ایسا نہیں کریں گے ۔آپ ان واقعات اور ان کے اثرات کو بھولنے کی دعا بھی کر سکتے ہیں ۔ عموماً ایک دفعہ کرنے سے بھی فائدہ ہوتا ہے لیکن ایسا نہ ہو تو مہینہ بھر بعد آپ دوبارہ اسے دہرا سکتے ہیں۔
جاسم پبلی کیشنز کی شائع کردہ 508صفحات پر مشتمل یہ کتاب مختلف موضوعات پر ذاتی تجربات اور مشاہدات سے مزین ہے جو اسے دیگر بہت سی کتب سے ممتاز کرتی ہے۔ یہ کتاب روحانیات سے دلچسپی رکھنے والوںکے لئے خاص طور پرفائدہ مند ہے۔